از مرکزدورہ جرمنی اگست؍ ستمبر ۲۰۲۳ءیورپ (رپورٹس)

حضور انور کا دورۂ جرمنی اگست، ستمبر ۲۰۲۳ء (چوتھا روز)

(عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل جرمنی)

چوتھا روز، ۳۰؍اگست ۲۰۲۳ء بروز بدھ

آج صبح نماز تہجد کے وقت سے لوگوں کی بیت السبوح آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا جنہوں نے انفرادی طور پر نوافل ادا کیے۔ سوا پانچ بجے عزیزم تنزیل شاہد خان نے فجر کی اذان دی۔ پانچ بجکر چالیس منٹ پر حضور ایدہ اللہ تعالیٰ نے نماز فجر پڑھائی جس کے بعد حضور واپس قیام گاہ تشریف لے گئے۔ آج بھی گذشتہ دو روز کی طرح فرینکفرٹ کے گردونواح کے احباب جماعت و خواتین کی بڑی تعداد میں حضور کی اقتداء میں نماز فجر ادا کی۔

آج دن میں حضور نے ڈاک ملاحظہ فرمائی۔ چار بجکر پچاس منٹ پر مسجد صادق کے افتتاح کے لیے حضور کاربن شہر جانے کے لیے قافلہ کی گاڑیوں کی جانب تشریف لائے تو دیدار کے منتظر احباب و خواتین نے بآواز بلند حضور کو السلام علیکم کہا جس کے جواب میں حضورِ انور نے وعلیکم السلام فرمانے کے ساتھ ساتھ احباب کی طرف ہاتھ بھی ہلایا۔ بعد ازاں قافلہ کاربن شہر کی جانب روانہ ہوا۔ بیس منٹ کی مسافت کے بعد حضور انور پانچ بجکر دس منٹ پر مسجد صادق پہنچے تو مقامی صدر عاطف شہزاد ورک، ریجنل امیر مظفر احمد بھٹی اور ریجنل مبلغ تحسین راشد نے آگے بڑھ کر حضورانور کا استقبال کیا۔ احباب جماعت مسجد میں نماز ظہروعصر کے لیے صفوں میں بیٹھے اپنے امام کا انتظار کر رہے تھے۔ خواتین کے لیے آج علیحدہ خیمہ لگایا گیا تھا۔

حضورِانور نے سب سے پہلے نقاب کشائی کی اور دعا کروائی۔ اس کے بعد حضور نے مسجد میں تشریف لا کر نماز ظہر و عصر جمع کر کے پڑھائیں۔ نماز کے بعد حضور نے متعدد مقامی احباب سے باری باری گفتگو فرمائی اور ان کے کام کاج اور رہائش کے بارے میں معلومات لیں۔ اس کے بعد حضور نے مسجد کی عمارت کا معائنہ فرمایا اور پلاٹ کے مختلف حصوں میں تشریف لے گئے۔ حضور خواتین اور بچوں والے خیمہ میں بھی تشریف لے گئے جہاں حضور نے بچوں میں چاکلیٹس تقسیم فرمائیں۔ روانگی سے قبل حضورانور نے صحن میں پودا لگایا۔ اس موقع پر مجلس عاملہ کے اراکین اور وقارعمل میں نمایاں حصہ لینے والوں کو حضور انور کے ساتھ علیحدہ علیحدہ تصویر کھنچوانے کی سعادت حاصل ہوئی۔ اس دوران مسجد صادق کی فضا اسلامی نعروں سے گونجتی رہی۔ ساڑھے پانچ بجے حضورانور استقبالیہ تقریب میں شرکت کے لیے ٹاؤن ہال سے ملحقہ ہال میں تشریف لے جانے کے لیے روانہ ہوئے۔ استقبالیہ تقریب کی تفصیلی رپورٹ الگ سے شائع کی جا چکی ہے۔

ساڑھے سات بجے حضور واپس بیت السبوح کے لیے روانہ ہوئے۔ آٹھ بجے کے قریب حضوربیت السبوح پہنچے توسینکڑوں لوگ اطراف میں جمع تھے جنہوں نے پُر جوش نعروں سے حضورانور کو خوش آمدید کہا۔
حضور قیامگاہ پر تشریف لے گئے اور نو بجکر دس منٹ پرمسجد میں تشریف لا کر مغرب و عشاء کی نمازوں کی امامت فرمائی جس کے بعد ساڑھے نو بجے شب واپس قیام گاہ پر تشریف لے گئے۔ آج عشاء کی نماز سے قبل اذان دینے کی سعادت محمد طلحہ کاہلوں مربی سلسلہ کے حصہ میں آئی۔

(دورے کی مزید تفصیلات کے لیے پڑھتے رہیے روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button