خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… پاکستان کی اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیر اعظم و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سزا معطلی کی درخواست منظور کرلی۔عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم بھی جاری کردیا ہے۔ عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے داخل کرانے کا حکم دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی عمران خان نے کسی بھی کیس میں گرفتاری سے روکنے کی درخواست بھی دائر کردی ہے۔ واضح رہے کہ ۵؍اگست کو اسلام آباد کی سیشن عدالت کے جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو تین سال قید اور ایک لاکھ جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ جس کے بعد انہیں لاہور سے گرفتار کر کے اٹک جیل منتقل کیا گیا تھا۔
٭…افغانستان میں زیر حراست ایرانی صحافی کو کابل میں ایرانی سفارتخانے کے حوالے کر دیا گیا۔ صحافی کو پچھلے ہفتے افغانستان سے باہر نکلتے ہوئے تحویل میں لیا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق محمد حسین ولایتی دو ہفتے کےلیے قانونی طور پر افغانستان میں قیام پذیر تھا۔یہ واضح نہیں ہوسکا کہ طالبان نے صحافی کو حراست میں کیوں لیا تھا۔
٭…ٹوری رکن پارلیمنٹ نیڈین ڈورس نے پارلیمنٹ سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم کے نام تنقید بھرے خط میں لکھا کہ رشی سونک نے کنزرویٹو ازم کے بنیادی اصولوں کو ترک کردیا ہے۔رکن پارلیمنٹ نے لکھا کہ ملک کو اب ایک ’زومبی پارلیمنٹ‘ چلا رہی ہے۔نیڈین ڈورس کا خط میں مزید کہنا تھا کہ تاریخ آپ کو اچھے الفاظ میں یاد نہیں رکھے گی۔ اٹھارہ برس تک مڈ بیڈ فورڈ شائر کی نمائندگی کرنا اعزاز ہے۔
٭…ایران نے امریکی اخبار کی یورینیم افزودگی کم کرنے کی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورینیم افزودگی ملکی قوانین کے مطابق ساٹھ فیصد تک جاری ہے۔ ایرانی جوہری توانائی سربراہ محمد اسلامی کا کہنا تھا کہ ہماری یورینیم افزودگی سٹریٹیجک قوانین کے مطابق معمول پر چل رہی ہے۔دوسری جانب امریکی اخبار نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران نے امریکہ سے کشیدگی کم کرنے کے لیے یورینیم افزودگی کو کم کر دیا ہے۔
٭…امریکی ریاست منی سوٹا میں مقیم پاکستانی ڈاکٹر محمد مسعود کو دہشتگردی کے الزام میں اٹھارہ سال قید کی سزا سنادی گئی۔ ۳۱؍سالہ پاکستانی ڈاکٹر نے دہشتگرد تنظیم داعش کے لیے کام کرنے کے ارادے کا اعتراف کرلیا ہے۔جنوری سے مارچ ۲۰۲۰ء میں دہشتگرد تنظیم داعش میں شمولیت اور اس کے لیے اردن جانے کے ارادے کا اظہار کیا تھا۔محمد مسعود کو مارچ ۲۰۲۰ء میں منی ایپلس ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔گذشتہ سال اگست میں پاکستانی ڈاکٹر نے اعتراف کیا تھا کہ وہ دہشت گرد تنظیم کو سپورٹ کرنے کا ارادہ رکھتا تھا۔
٭…فرانس کے سکولوں میں عبایا پہننے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ فرانس کے وزیرِ تعلیم گیبریل اٹل نے عبایا کو سیکولر قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ وہ ۴؍ستمبر سے ملک بھر میں کلاسوں میں واپسی سے قبل سکول کے سربراہوں کو قومی سطح پر واضح اصول دیں گے۔فرانس میں عبایا پر پابندی سے مذہبی اور شہری آزادی پر بحث چھڑ گئی ہے۔
٭…فرانسیسی صدر ایمانوئل میکروں کا کہنا ہے کہ نائیجر میں تعینات سفیر فوجی جنتا کے الٹی میٹم کے باوجود وہیں رہیں گے۔ یاد رہے کہ جمعہ کے روز فرانس کے سفیر سلوین اِٹے کو نائیجر کی فوجی جنتا نے ۴۸؍گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔ فرانسیسی سفیر نے صدر محمد بازوم کی حکومت کا تختہ الٹنے والے فوجی افسران سے ملاقات سے انکار کردیا تھا جس پر انہیں ملک چھوڑنے کا حکم دیا گیا۔ نائیجر کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ فرانسیسی حکومت کے اقدامات ہمارے مفادات کے منافی ہیں۔مقامی حکام نے نیامی شہر میں قائم فرانس کے سفارتخانے کو پانی اور بجلی کی فراہمی معطل کر دی تھی۔فرانس نے حکومت کے دھڑن تختے کی مذمت کی ہے اور فوجی حکومت کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ نائیجر بیسویں صدی کی کچھ دہائیوں تک فرانس کی کالونی تھا۔
٭…برطانیہ میں ایئر ٹریفک کنٹرول سسٹم میں خرابی کے نتیجے میں یورپ بھر میں آنے جانے والی پانچ سو پروازیں منسوخ ہوگئیں۔ ۲۳۲؍پروازوں کو برطانیہ سے دیگر ممالک روانہ ہونا تھا جبکہ۲۷۱؍کو برطانیہ آنا تھا۔ تکنیکی خرابی کے باعث اسّی فیصد پروازوں کی روانگی میں تاخیر ہوئی، ایئر ٹریفک سروس کا کہنا ہے کہ آئی ٹی سسٹم میں خرابی کی وجہ سے فضائی ٹریفک کو محدود کیا گیا۔ آئی ٹی سسٹم میں خرابی کا پتا لگا کر مسئلے کو ٹھیک کر دیا گیا ہے، خرابی کی وجہ سے پروازوں میں آنے والے تعطل پر کام کیا جا رہا ہے۔
٭…پورے لندن میں الٹرا لو ایمیشن زون ULEZ نافذ ہوگیا ہے، جس کے تحت زیادہ آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز کو گاڑی چلانے کی صورت میں روزانہ ساڑھے بارہ پونڈ ادا کرنا ہوں گے۔ لندن کے اطراف واقع کونسلوں کی جانب سے اس توسیع کی مخالفت کی گئی ہے، سات میں سے چھ کونسلوں نے زون میں توسیع سے متعلق سائن لگانے کے حوالے سے ٹرانسپورٹ فار لندن سے معاہدہ کرنے سے انکار کردیا۔ میئر لندن صادق خان کا کہنا ہے کہ لندن کی فضا کو بہتر بنانے کےلیے الٹرا لو ایمیشن زون میں توسیع ضروری ہے۔ فضائی آلودگی کے سبب لندن میں چار ہزار افراد قبل از وقت موت کے منہ میں جارہے ہیں، انہوں نے نئی گاڑی خریدنے کےلیے گرانٹ کا اعلان بھی کیا۔ واضح رہے کہ الٹرا لو ایمیشن زون (ULEZ) کی توسیع برطانیہ اور یورپ میں ہوا کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے لائی گئی سکیموں میں سے ایک ہے۔
٭…امریکہ کی ریاست فلوریڈا میں ریسکیو ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد اپارٹمنٹ پر گر گیا جس سے دو افراد ہلاک اورچار زخمی ہوگئے۔ ہیلی کاپٹر میں تین افراد سوار تھے جن میں سے ایک شخص ہلاک ہوگیا جبکہ اپارٹمنٹ میں موجود ایک خاتون بھی ہلاک ہوئی۔