شٹٹگارٹ…ایک تعارف
(فرینکفرٹ ۔ نمائندہ الفضل ) شٹٹگارٹ جرمنی کے اہم صنعتی صوبہ Baden Würtenberg کا صوبائی الحکومت ہے ۔ اس شہر کی دنیا میں وجہ شہرت اس کے نواح میں تیار ہونے والی مرسڈیز کار اور کاروں کا میوزیم ہے ۔ اس کے گردو نواح میں کئی ایک چھوٹی بڑی جماعتیں قائم ہیں ۔ خود شٹٹگارٹ کی جماعت تین سو افراد پر مشتمل ہے ۔ چند کلو میٹر پر واقع قصبہ Weil der Stadt میں جماعت کو خدا تعالیٰ نے مسجد قمر تعمیر کرنے کی توفیق عطا فرمائی جس کا افتتاح ۲۱ اگست ۲۰۰۸ء کو حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ نے فرمایا تھا ۔ اس وقت کون جانتا تھا کہ ایک وقت آئے گا جب یہ شہر ہزار ہا احمدیوں کے لیے پر کشش مقام ٹھہرے گا ۔ کچھ عرصہ سے جلسہ سالانہ کی انتظامی ٹیم جلسہ کی تیاری کے سلسلہ میں روز ادھر کا رخ کر رہی ہے ۔ کیونکہ یکم تا تین ستمبر یہاں کے International Exhibition Center میں جماعت احمدیہ جرمنی کا سینتالیسواں جلسہ سالانہ جو جماعت جرمنی کے قیام کے سو سال پورے ہونے پر خصوصیت کا حامل ہے منعقد ہو رہا ہے ۔ اس سال یعنی ۲۰۲۳ء کو جماعت جرمنی اظہار تشکر کے طور پر منا رہی ہے ۔
انٹرنیشنل ایگزیبیشن سنٹر کا رقبہ ایک لاکھ بیس ہزار مربع میٹر ہے ۔ جس میں دس بڑے ہالز،۳۳ کانفرنس رومز اور ایک انٹرنیشنل کانگریس سنٹر ICS کے نام سے موجود ہے ۔ اس کے علاوہ ساڑھے نو ہزار کاروں کی پارکنگ کی گنجائش ہے جس کے لیے مختلف اطراف میں پارک ہاؤس موجود ہیں ۔ جہاں سے جلسہ گاہ تک بس سروس مہیا کی گئی ہے۔ جلسہ گاہ ایئرپورٹ سے پیدل دس منٹ کی مسافت پر ہے ۔ ریل سے سفر کرنے والے مرکزی اسٹیشن سے انڈر گراؤنڈ U۶ لے کر جلسہ گاہ پہنچ سکیں گے ۔ مردانہ جلسہ گاہ کا ہال ۲۲ ہزار سکوائر میٹر کا ہے ۔ جس کو ۹ بلاکس میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ ہر بلاک کے لیے نظم و ضبط کی ٹیم مقرر ہے جو لوگوں کو سہولت اور ترتیب سے بٹھائے گی ۔ جو احباب و خواتین ۶۵ سال کی عمر کو پہنچ چکے ہیں ان کے لیے کرسی پارک سےان کے گھروں تک پہنچانے کا بندوبست جلسہ سے پہلے کر دیا گیا ہے ۔ ایک ہال کھانے کے لیے مخصوص ہے ۔ جہاں سینیر سیٹیزنز کے لیے علیحدہ بیٹھ کر کھانے کا انتظام کیا گیا ہے ۔ ایک ہال میں تمام تر انتظامی دفاتر اور جماعتی تنظیموں جن میں النصرت، ہیومینیٹی فرسٹ،روزنامہ الفضل انٹرنیشنل و دیگر مرکزی رسائل وغیرہ کو جگہ دی گئی ہے ۔ جماعت جرمنی کا بک سٹال بھی اسی ہال میں موجود ہو گا ۔ مردوں کی رہائش ہال نمبر چار اور چھ کے کچھ حصہ میں ہو گی ۔ خواتین کی رہائش کا انتظام ہال نمبر دس میں کیا گیا ہے ۔ خواتین کو جلسہ گاہ کے لیے چار ہالز دیے گئے ہیں اور چاروں ایک ہی لیول پر ہیں ۔
ہفتہ کے روز حضور زیر تبلیغ مہمانوں سے خطاب فرمائیں گے ۔جس کے لیے اس بار علیحدہ ایک ہال تیار کیا گیا ہے ۔ جس میں دو ہزار سے زائد مہمانوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے ۔اس کے دعوت ناموں میں ان کو یہ سہولت فراہم کی گئی ہے کہ وہ بروقت اطلاع دے کر اپنے داخلہ کارڈ جاری کروا کر اجلاس کے روز انتظار کی زحمت سے بچ سکتے ہیں ۔
نمائشوں کا اہتمام ۔ اظہار تشکر کے سال ایک سے زائد نمائشوں کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ لندن سے مخزن تصاویر والے جو ہر سال جلسہ یو کے پر جماعتی تاریخ کے اہم مواقع کی تصاویری نمائش کا اہتمام کرتے ہیں وہ پہلی بار جرمنی جلسہ کے موقعہ پر بھی اس نمائش کا اہتمام کر رہے ہیں ۔ شعبہ تبلیغ کی نمائش ایک تو تبلیغ اسلام کے حوالے سے ہےجس کو مرکزی نمائش کا درجہ حاصل ہے ۔اس کے علاوہ شعبہ تبلیغ میں قائم مختلف قومیتوں اور زبانوں کے ڈیسک اپنے اپنے طور پر نمائش کا اہتمام کریں گے ۔ جن میں بلقان ممالک ۔ رشین اور پرشین زبان بولنے والے ممالک شامل ہیں ۔ ایک نمائش قرآن کریم کے تراجم اور قیمتی پرانے نسخہ جات اور اسلامی نوادرات کے حوالے سے بھی لگائی جا رہی ہے ۔ جماعت جرمنی شعبہ تاریخ بھی ایک صد سالہ تاریخی نمائش کا اہتمام کر رہا ہے ۔ جس کو دس حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ ہر دس سال کے دوران جو اہم تاریخی واقعات پیش آئے ان کو پوسٹرز، خطوط، نوادرات، آڈیو اور ویڈیو کی صورت میں نمائش کا حصہ بنایا گیا ہے ۔ اس میں وہ کتب بھی شامل ہیں جو ۱۹۰۰ء کے شروع میں بعض صحابہ کی طرف سے جرمن لائبریریوں کو بھجوائی گئیں اور ان میں اب تک محفوظ ہیں ۔
جلسہ سالانہ میں حضور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطابات کے علاوہ ۹ تقاریر ہوں گی ۔ پانچ جرمن زبان میں اور چار اردو میں ۔جن کا ۸ زبانوں میں رواں ترجمہ ساتھ نشر کیا جائے گا ۔ ترجمہ سننے کے آلہ جات داخلہ کے تینوں گیٹس پر حاصل کیے جا سکیں گے ۔