جماعت روڈس ہائم (جرمنی) میں پودا لگانے کی ایک یادگار تقریب
حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادِ مبارک شجرکاری تبلیغ کا بہترین ذریعہ ہے کی روشنی میں مجلس انصاراللہ جرمنی کو ۲۰۰۸ء سے جرمنی بھر میں پودے لگانے کی توفیق مل رہی ہے۔ ۲۰۲۲ء تک جرمنی بھر میں ۱۰۰۸؍تقریبات میں ہزاروں پودے لگائے جا چکے ہیں اور یہ سلسلہ جاری و ساری ہے۔سال رواں ۲۰۲۳ء میں اب تک یہ تعداد ۳۲؍رہی ہے جب کہ ۳۳ واں پودا (Redwood tree)مجلس روڈس ہائم میں مجلس انصاراللہ علاقہ رائن ٹاؤنس کی زیرِ نگرانی لگایا گیا۔ مجموعی لحاظ سے سال رواں میں یہ پانچواں پودا ہے جو علاقہ رائن ٹاؤنس کی ایک مجلس میں لگایا گیا ہے۔
پودا لگانے کی تقریب مورخہ ۲۱؍ جولائی بروز جمعہ صبح گیارہ بجے روڈس ہائم(Rüdesheim) کےHafenpark میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں روڈس ہائم کے میئرKlaus Zapp، خاتون نائب میئرMrs Manuela Bosch،ہیفن پارک کے ڈائریکٹرMr Dirk Stuckert کے علاوہ ممبر ز مجسٹریٹMr Thomas Schäfer اورMr Hans-Jürgen Stern نے شرکت کی۔ مزید برآں ماہرِ نباتات Dr Martin Leberecht بھی اس تقریب میں موجود تھے جب کہ ایڈیشنل قائد ایثار خواجہ رفیق احمد صاحب نے مرکز کی نمائندگی کی۔ اس موقع پر مقامی انصار کے علاوہ قائد مجلس خدام الاحمدیہ بھی موجود تھے۔
ایڈیشنل قائد صاحب ایثار نے افتتاحی کلمات میں میئر سمیت تمام جرمن مہمانوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور شجر کاری کے پروگرام کا تعارف کروایا۔
جرمن میئر نے جواب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھی آپ سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ آپ نے ہمیں یہ تحفہ دیا ہے۔میئر نے بتایا کہ جب مجھے اس پروگرام کی اطلاع موصول ہوئی تو میں نے فوراً رضامندی ظاہر کرتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت کردی تھی کہ فوراً مناسب جگہ تلاش کریں اور ایسی جگہ ہو کہ زیادہ سے زیاہ لوگوں کو اس تحفے کا علم ہو سکے۔میں اپنی اور تمام اداروں کی طرف سے آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
تلاوتِ قرآنِ کریم وترجمہ کے بعد میئر صاحب نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پودا لگایا جن کی معاونت جماعتی عہدیداروں نے کی۔ پودا لگانے کے بعد مکرم زعیم صاحب مجلس انصاراللہ روڈس ہائم کی طرف سے میئر کو یادگاری شیلڈ دی گئی۔اس کے بعد دیگر جرمن مہمانوں نے بھی اظہارِ خیال کیا۔
ریفریشمنٹ کے دوران بھی شہر کی انتظامیہ کے افسران کا احباب کے ساتھ گفتگو کا سلسلہ جاری رہا۔تقریب کی کوریج کے لیے یہاں کے پرانے جرمن اخبارRheingau-Echo کے رپورٹرMr Helmut Mertes بھی موجود تھے۔قریباً بارہ بجے کے قریب پودا لگانے کی تقریب اختتام کو پہنچی۔
(رپورٹ: منور علی شاہد۔ جرمنی)