نیشنل سالانہ اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ سویڈن ۲۰۲۳ء
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے امسال مجلس خدام الاحمدیہ سویڈن کا نیشنل سالانہ اجتماع ۱۲-۱۳؍ اگست ۲۰۲۳ء کو مسجد محمود، مالمو میں منعقد ہوا۔
افتتاحی تقریب مسجد کے قریب ایک سپورٹس ہال میں منعقدہوئی جس کی صدارت صدر مجلس خدام الاحمدیہ مکرم کاشف ورک صاحب نے کی۔ پہلا دن ورزشی مقابلہ جات کے لیے مختص کیا گیا تھا جس میں خدام اور اطفال کے لیے الگ الگ کھیل کے میدانوں کا انتخاب کیا گیا۔ خدام نے کرکٹ ، فٹبال ، والی بال، رسہ کشی، ریس اور کلائی پکڑنا جیسی کھیلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ سبز گراؤنڈ میں نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں جس کے بعد دوپہر کا کھانا اور چائے کا اہتمام بھی اسی گراؤنڈ میں کیا گیا۔ مسجد میں واپسی پر مشاہدہ معائنہ کا مقابلہ کیا گیا ۔
دوسرا دن علمی مقابلہ جات کے لیے مختص تھا جس کی کارروائی کا آغاز صبح دس بجے ہوا۔ تقریب کاآغاز تلاوت ،نظم اور اذان کے مقابلے سے ہوا۔ جس کے بعد اردو اور سویڈش زبان میں فی البدیہہ تقریر، بیت بازی اور کوئز دینی معلومات کے مقابلے ہوئے ۔ کلائی پکڑنے کے مقابلہ کا فائنل ہونے کے بعد نماز ظہر اور عصر ادا کی گئیں۔
اختتامی اجلاس کاآغا یحییٰ خان صاحب مبلغ انچارج کی زیر صدارت ہوا۔ مقابلہ جات میں کامیابی حاصل کرنے والے خدام اور اطفال میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
اس موقع پر گذشتہ سال کی کارگزاری پر عَلَم انعامی بھی دیا گیا جو کہ مجلس خدام الاحمدیہ سٹاک ہولم اور مجلس اطفال الاحمدیہ سٹاک ہولم کو ملا۔ اختتامی اجلاس کو براہ راست یوٹیوب پر نشر کیا گیا تاکہ والدین بھی اس میں شرکت کر سکیں۔ اس کا لنک درج ذیل ہے:
اس اجلاس میں پچھلے سال افریقہ میں لگائے گئے دو واٹر پمپس کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ سویڈن کو ملک گنی کناکری میں دو واٹر پمپس ہیومینٹی فرسٹ کے تحت نصب کرنے کی توفیق ملی ہے۔
شعبہ اشاعت کے تحت اجتماع کے موقع پر ’ایک عزیز کے نام خط‘ مصنفہ حضرت چودھری سر ظفر اللہ خان صاحبؓ کا سویڈش ترجمہ جو مجلس نے تیار کیا تمام خدام کو پیش کیاگیا۔
اجتماع میں کل ۵۲؍ اطفال اور ۱۱۳؍ خدام شامل ہوئے اور اس کے علاوہ دیگر مہمان بھی تشریف لائے۔
(رپورٹ: حافظ محمد طلحہ۔ نائب معتمد مجلس خدام الاحمدیہ سویڈن)