مجلس خدام الاحمدیہ بندوکو، آئیوری کوسٹ کا پہلا سالانہ ریجنل اجتماع و دوسری سالانہ تربیتی کلاس
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ بندوکو (Bondoukou)، آئیوری کوسٹ (Côte d‘Ivoire) کو اپنا پہلا سالانہ ریجنل اجتماع مورخہ ۲۳؍ جولائی ۲۰۲۳ء بروز اتوار کو احمدیہ مسجد بندوکو شہر میں منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ اجتماع کے انعقاد سے قبل دوسری سالانہ ریجنل سہ روزہ تربیتی کلاس مورخہ ۲۱-۲۳؍ جولائی بروز جمعہ تا ہفتہ کا بھی انعقاد کیا گیا۔
دوسری سہ روزہ تربیتی کلاس
مورخہ ۲۱؍ جولائی بعد از نماز جمعہ تربیتی کلاس کا باقاعدہ آغاز شاہد احمد مسعود صاحب ریجنل مبلغ سلسلہ کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ مبلغ صاحب نے ’احمدی خادم کی ذمہ داریاں‘ کے عنوان سے تقریر کی اور دعا کروائی۔ اس کے بعد فٹبال میچ ہوا۔ نماز مغرب کے بعد درس قرآن کریم اور عشاء کے بعد تربیتی کلاس کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد پہلے سے منتخب کردہ نصاب میں سے فقہ کے موضوع پر کلاس ہوئی ۔ سوال و جواب کے پروگرام کے بعد عشائیہ کا انتظام تھا جس کے بعد ایک ڈاکومنٹری دکھائی گئی اور پھر معلومات عامہ کلاس کا انعقاد ہوا۔
مورخہ ۲۲؍ جولائی کو باجماعت نماز تہجد، نماز فجر و درس اور ناشتہ کے بعد آٹھ بجے تیسرے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعد ازاں تجوید قرآن، عربی زبان، جنرل نالج کی کلاسز نماز ظہر تک جاری رہیں۔ نماز اور دو پہر کے کھانے کے بعد میوزیکل چیئرز اور تیر اندازی کا مقابلہ ہوا۔ نماز عصر کے بعد بوری ریس، منہ میں چمچ پکڑ کر دوڑاور فٹبال کا مقابلہ ہوا۔ نماز مغرب کے بعد درس قرآن اور عشاء کے بعد چوتھے اجلاس میں نماز باترجمہ سکھائی گئی۔ کھانے کے بعد ’نظام جماعت کا تعارف‘ پر مبنی ڈاکومنٹری دکھائی گئی۔
مورخہ ۲۳؍ جولائی تربیتی کلاس کا تیسرا اور آخری دن تھا جس کا آغاز حسب روایت نماز تہجد و فجر سے ہوا۔ درس اور ناشتہ کے بعد پانچویں اور آخری اجلاس میں مقابلہ تلاوت اور مقابلہ نماز سادہ و باترجمہ کا انعقاد ہوا۔ بعد ازاں تربیتی کلاس میں پڑھائے گئے مضامین کا تحریری امتحان ہوا اور ساتھ ہی تربیتی کلاس اختتام پذیر ہوئی۔
پہلا سالانہ اجتماع
مورخہ ۲۳؍ جولائی کو ریجن بندوکو کے پہلے سالانہ اجتماع کے آغاز سے قبل صبح دس بجے خدام الاحمدیہ بندوکو کی جانب سے شہر میں امن مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ اس دوران نعرہ جات کے ذریعہ امن کی اہمیت کو اجاگر کیا جاتا رہا ،اس میں سب شاملین نے شرکت کی۔ گیارہ بجے اجتماع کا باقاعدہ آغاز سلا اسمائیل صاحب(Sylla Islamil) معتمد خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ کی زیر صدات تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم سے ہوا۔ سوادوگو احمد صاحب (معلم سلسلہ) نے ’تعارف مجلس خدام الاحمدیہ ‘کے عنوان سے تقریر کی۔ اس کے بعد تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد ہوا اور مقابلہ جات میں اول و دوم آنے والے خدام و اطفال کو انعامات سے نوازا گیا۔ ریجنل مبلغ صاحب نے تمام شاملین کا شکریہ ادا کیا۔ دعا اور طعام کے ساتھ اجتماع کا باقاعدہ اختتام ہوا۔
امسال اللہ تعالیٰ کے فضل سے تربیتی کلاس و اجتماع میں کل ۵۲؍ خدام و اطفال نے شرکت کی جس میں ریجن کی چھ مجالس کی نمائندگی رہی۔
(رپورٹ: عبدالنور۔نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)