خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…مراکش میں جمعہ اور ہفتہ کی رات ۶.۸ شدت کا زلزلہ آیا۔ شدید زلزلہ مراکش کے پہاڑی علاقے اٹلس میں آیا جس کا مرکز مراکش کے جنوب مغرب میں ۷۵؍کلومیٹر دور تھا اور اس کی گہرائی ۱۸.۵ کلومیٹر تھی۔ زلزلے سے اموات کی تعداد دو ہزار سے تجاوز کرگئی اور بارہ سو سے زائد افراد زخمی ہیںجبکہ متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے، حکومت نے انسانی جانوں کے ضیاع پر ملک میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔واضح رہے کہ مراکش میں زلزلے کو ۱۹۶۰ء کے بعد سے اب تک کا سب سے ہلاکت خیز زلزلہ کہا جارہا ہے۔۱۹۶۰ء میں زلزلے سے بارہ ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔
٭…شمالی کوریا نے جوہری صلاحیت کی حامل پہلی آبدوز متعارف کرا دی۔شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن نے کہا ہے کہ موجودہ آبدوزوں کو بھی جوہری صلاحیت کی حامل آبدوزوں میں بدلیں گے۔ کم جونگ اُن نے بحریہ کو جوہری ہتھیاروں سے لیس کرنے کو فوری کام قرار دیا ہے۔ آبدوز نمبر ۸۴۱ کو شمالی کوریا کی ایک تاریخی شخصیت کے نام پر ہیرو کِم کُن اوک کا نام دیا گیا ہے۔
٭…دورانِ ہفتہ برطانیہ میں سال کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا، ہیتھرو ایئرپورٹ کے علاقے میں درجہ حرارت ۳۲.۷ ڈگری پر جا پہنچا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس سے پہلے جمعرات کو درجہ حرارت ۳۲.۶ تک پہنچا تھا۔ملک میں جاری ہیٹ ویو کے زیر اثر برطانیہ میں مسلسل چھٹے روز درجہ حرارت ۳۰ ڈگری سے زیادہ رہا۔رواں سال کا ماہ جون اب تک کا گرم ترین جون رہا ہے جبکہ گذشتہ سال جولائی میں برطانیہ میں پہلی بار درجہ حرارت ۴۰ ڈگری تک پہنچا تھا۔