خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… مشرقی لیبیا میں تباہ کن سیلاب سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ساحلی شہر درنہ کے میئر کا کہنا ہے کہ ہلاک شدگان کی تعداد ۲۰ ہزار تک پہنچ سکتی ہے۔
عبدالمنعم الغیثی نے کہا کہ یہ اندازے شہر میں سیلاب سے مکمل طور پر تباہ ہونے والے علاقے کی آبادی کے تناسب سے لگائے گئے ہیں۔
طوفان ڈینیئل کے نتیجے میں ہونے والی شدید بارشوں کے بعد دو بند ٹوٹنے کے نتیجے میں آنے والے سیلاب سے اب تک پانچ ہزار سے زیادہ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی جا چکی ہے جبکہ دس ہزار سے زیادہ افراد لاپتا ہیں۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین کا کہنا ہے کہ درنہ میں کم از کم ۳۰ ہزار افراد بےگھر ہوئے ہیں۔اس طوفان کی وجہ سے لیبیا کے بحیرۂ روم کے ساحل پر واقع کچھ علاقوں میں ۲۴ گھنٹے سے کم وقت میں ۴۰۰ ملی میٹر (۱۶ انچ) بارش ریکارڈ کی گئی۔ ان علاقوں میں عموماً ستمبر کے پورے مہینے میں ڈیڑھ ملی میٹر بارش ہی ہوتی ہے۔
٭… مراکش میں زلزلے سے اموات کی تعداد دو ہزار ۹۴۶؍ ہوگئی جبکہ زخمیوں کی تعداد پانچ ہزار ۶۷۴؍ ہے۔ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ اسپتالوں میں بھی زخمیوں کا علاج کیا جارہا ہے۔ انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس نے مراکش کے لیے ۱۱۲؍ ملین ڈالرز کی ہنگامی امداد کی اپیل بھی کی ہے۔ مراکش نے اب تک چین، اسپین، برطانیہ، متحدہ عرب امارات اور قطر کی امدادی پیشکش قبول کی ہیں۔واضح رہے کہ مراکش میں گزشتہ جمعے کی شب ۶.۸ شدت کا زلزلہ آیا تھا۔
٭… شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن نے روس میں ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کی ہے جس میں اسلحے کے معاہدے کی توقع کی جا رہی ہے۔
ووسٹوچنی خلائی مرکز میں بات چیت ختم ہونے کے بعد شمالی کوریا کے رہنما کم جانگ اُن نے اپنی نجی بکتر بند ٹرین میں سفر کیا۔ صدر پیوٹن نے کہا کہ دونوں سربراہوں نے فوجی تعاون کے ’امکانات‘ پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
فریقین نے امریکہ کے اس دعوے کی تردید کی کہ بات چیت کا مقصد یوکرین کے خلاف روس کی جنگ کی حمایت کے لیے ہتھیار خریدنا ہے۔
ماسکو نے عندیہ دیا ہے کہ وہ بدلے میں پیانگ یانگ کو سیٹلائٹ تیار کرنے میں مدد کرے گا۔جدید خلائی ٹیکنالوجی کے علاوہ، کم جونگ اُن نے بدلے میں خوراک کی مد میں امداد کی بھی خواہش ظاہر کی ہے۔
٭… ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں دفاعی چیمپئن سری لنکا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ شکست سے پاکستان کا ٹورنامنٹ میں سفر ختم ہوگیا۔ سری لنکا نے DLS کے ذریعے مقرر کیا جانے والا۲۵۲ رنز کا ہدف میچ کی آخری گیند پر ۸ وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا،کوشل مینڈس ۹۱ رنز بناکر نمایاں رہے۔ سری لنکا کو جیت کے لیے آخری گیند پر ۲ رنز درکار تھے۔ اس جیت کے ساتھ سری لنکا ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گیا جہاں اس کا مقابلہ اتوار کو بھارت سے ہوگا۔