زونل جلسہ سالانہ لیک زون، تنزانیہ
مکرم احتشام لطیف صاحب ریجنل مبلغ شیانگا تحریر کرتے ہیں کہ مورخہ ۵؍جولائی ۲۰۲۳ء کو شیانگا ریجن کا زونل جلسہ سالانہ KAGONGWA جماعت میں منعقد کیا گیا۔ ۵؍ جولائی کو عصر کےبعدجلسہ سالانہ کے پہلے سیشن کا آغاز مکرم طاہر محمود چودھری صاحب امیر جماعت تنزانیہ کی صدارت میں شروع ہوا۔ تلاو ت و نظم کے بعد امیر صاحب نے افتتاحی تقریر میں جلسہ کی غرض و غایت سے احباب جماعت کو آگاہ کیا۔
مورخہ ۶؍جولائی کو دن کا آغاز نمازِ تہجد باجماعت ، نماز فجر اور ناشتہ سے ہوا۔ پرچم کشائی کی تقریب میں مکرم امیر صاحب نے لوائے احمدیت لہرایا اور صدر مجلس انصاراللہ تنزانیہ نے تنزانیہ کا قومی پرچم لہرایا۔ دعا کے بعد جلسہ کے دوسرے روزکی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔ تلاوت و نظم کے بعد مکرم شیخ عبد الرحمٰن آمے صاحب نے نظام جماعت اور چندہ کی اہمیت پر، مکرم عابد محمود بھٹی صاحب پرنسپل جامعہ و نائب امیر تنزانیہ نے آمد مسیح اور اطاعت پر اور ریجنل صدر مکرم یوسف سعید صاحب نے جماعتِ احمدیہ کی شیانگا ریجن میں ہونے والی ترقیات سے شاملین جلسہ کو آگاہ کیا۔ CCM رولنگ پارٹی کے ضلعی صدر کے نمائندہ مکرم حسن صاحب اور سرکاری طور پر DC محترمہ MBONI MEHTA جو کہ ریجنل کمشنر کی نمائندہ بھی تھیں نے جماعت احمدیہ کی خدمات کو سراہا اور اس پُر امن جلسہ کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ اس کے بعد خاکسار (ریجنل مبلغ) نے محترم امیر صاحب کے دورہ کی رپورٹ تمام شاملین جلسہ کے سامنے پیش کی اور دوران سال ہونے والی تبلیغی او ر تربیتی سرگرمیوں کی رپورٹ بھی پیش کی۔ تبلیغی میدان اور کتابوں کی فروخت میں نمایاں خدمات پیش کرنے والے معلمین میں تحائف تقسیم کیے گئے۔ نیزمجلس خدام الاحمدیہ کے اجتماع میں علمی و ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے خدام و اطفال میں امیر صاحب نے انعامات تقسیم کیے۔ امیر صاحب نے ڈسٹرکٹ کمشنر کو بھی قرآ ن کریم اور ایک تصویری فریم بطور تحفہ دیا۔ اس کے علاوہ مہمانان میں جماعتی کتب بطور تحائف تقسیم کی گئیں۔
اس کے بعد ریجنل مبلغین شیانگا ، سیمیو اور گئیٹا نے مل کر محترم امیر صاحب کو LAKE ZONE میں پچاس مساجد کی تعمیر و تکمیل پر یادگاری شیلڈ پیش کی۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے شاملین کو جماعتی تعلیمات پر عمل اورخلافت سے وابستگی کی طرف توجہ دلائی اور نظام جماعت کو تمام جماعتوں میں قائم کرنے کی تلقین کی۔ جلسہ میں چار ریجنز گئیٹا، ٹبورا، سیمیو اور موانزا سے بھی احباب جماعت شامل ہوئے۔ جلسہ میں شاملین کی جملہ تعداد ۱۵۰۰ سے زائد تھی۔ دعا کے بعد تمام شاملین جلسہ کے کھانے کا انتظام کیا گیا۔
(رپورٹ: عبدالناصر باجوہ۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)