سپورٹس بلیٹن
[اس کالم میں گذشتہ ہفتہ کھیل کی دنیا میں ہونے والے ایونٹس کی خبریں اور تازہ معلومات پیش کی جائیں گی]
رگبی ورلڈ کپ ۲۰۲۳ء
فرانس میں۸؍ستمبر۲۰۲۳ء سے دسویں رگبی ورلڈکپ کا آغاز ہوچکا ہے۔افتتاحی میچ پیرس کے Stade de France میں میزبان فرانس اورتین مرتبہ کے عالمی چیمپین نیوزی لینڈ کے مابین کھیلا گیا جس میں فرانس نے۱۳کے مقابلے میں ۲۷ پوائنٹس سے فتح حاصل کی۔
رگبی ورلڈ کپ کے پہلے ہفتہ میں کھیلے گئے میچز میں فرانس، آئرلینڈ، جنوبی افریقہ، ویلزاورانگلینڈ اپنے ابتدائی دو دو میچز میں کامیابی حاصل کرچکےہیں۔ ورلڈ کپ میں ابھی تک کی سب سے بڑی فتح جنوبی افریقہ نے رومانیہ کے خلاف ۷۶۔۰سے حاصل کی جبکہ آئرلینڈ نے رومانیہ کو ۸۲۔۸ اور نیوزی لینڈ نے نمیبیا کو ۷۱۔۳سے شکست دی۔۱۷؍ستمبرکو کھیلے گئے گروپ سی کے ایک میچ میں فجی نے آسٹریلیا کو ۱۵ کے مقابلہ میں ۲۲ پوائنٹس سے شکست دےکرٹورنامنٹ کا پہلا بڑا اَپ سیٹ کیا۔ ۶۹ سال میں فجی کی آسٹریلیا کے خلاف یہ پہلی فتح ہے۔
۲۰۲۳ء کے ورلڈ کپ میں ۲۰ممالک کی ٹیمیں شامل ہیں جنہیں چار گروپس میں تقسیم کیا گیا۔ ساؤتھ امریکہ سے چلی (Chile) کی ٹیم پہلی مرتبہ رگبی ورلڈکپ میں شامل ہورہی ہے۔ ہرگروپ سے دوبہترین ٹیمیں کوارٹر فائنلز کے لیے کوالیفائی کریں گی۔۲۸؍اکتوبر۲۰۲۳ء کو فائنل میچ کھیلا جائے گا۔اس وقت رگبی کی عالمی رینکنگ میں آئرلینڈ پہلی پوزیشن پر موجود ہے جبکہ دفاعی چیمپین جنوبی افریقہ دوسرے نمبر پر ہے۔
رگبی ورلڈ کپ کا آغاز ۱۹۸۷ء میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی سرزمین پرہوا جس میں نیوزی لینڈ نے فاتح ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔اب تک ہونےو الے نو عالمی مقابلوں میں نیوزی لینڈ (۱۹۸۷ء،۲۰۱۱ء،۲۰۱۵ء) اور جنوبی افریقہ(۱۹۹۵ء، ۲۰۰۷ء، ۲۰۱۹ء) کی ٹیمیں تین تین بارچیمپین بن چکی ہیں جبکہ آسٹریلیا (۱۹۹۱ء،۱۹۹۹ء)دو مرتبہ اور انگلینڈ(۲۰۰۳ء)ایک بارعالمی کپ کا فاتح بنا۔
یوایس اوپن ٹینس (US Open Tennis)
۲۲؍اگست تا۱۰؍ستمبر۲۰۲۳ء رواں برس کا چوتھا گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ US Open نیویارک میں منعقد ہوا۔خواتین کے سنگلز مقابلوں کا فائنل امریکہ کی Coco Gauff اورعالمی نمبردوبیلاروس کی Aryna Sabalenka کے مابین کھیلا گیا۔۱۹سالہ Coco Gauff نے ۶۔۲، ۳۔۶،اور ۳۔۶ کے سکور سے کیریئر کا پہلا گرینڈ سلیم ٹائٹل اپنے نام کیا۔مینز سنگلزکے فائنل میں سربیاکے Novak Djokovic نے بآسانی روس کے Daniil Medvedev کو ۳۔۶، ۶۔۷،اور ۳۔۶ سے ہرایا۔یوں ۳۶سالہ نوواک جوکووچ اپنے کیرئیر کا ۲۴واں گرینڈ سلیم جیت کرایک مرتبہ پھر ٹینس کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر براجمان ہو گئے۔
کرکٹ
انگلینڈ اور نیوزی لینڈکی کرکٹ ٹیموں کے مابین جاری چار ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سیریز انگلینڈ نے ۳۔ ۱سے اپنے نام کرلی۔قبل ازیں چار میچز کی ٹی ٹوینٹی سیریز۲۔۲سے برابر رہی تھی۔ ۲۰۱۹ء کے ورلڈ کپ فائنل میں مدمقابل آنے والی ان ٹیموں کے مابین ون ڈے سیریز کا پہلا میچ کارڈف میں کھیلا گیا جس میں نیوزی لینڈ نے ۲۹۲کا ہدف صرف دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔ جبکہ ساؤتھ ہیمپٹن میں بارش کے باعث ۳۴؍اوورز تک محدود ہونے والے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے ۷۹رنز سے کامیابی حاصل کی۔ سیریز کے آخری دو میچ لندن کے اوول اور لارڈز سٹیڈیم میں کھیلے گئے۔اوول کے میدان پر انگلینڈ کی طرف سے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں سب سے بڑی انفرادی اننگزبین سٹوکس نے۱۸۲رنز کی کھیلی جس کی بدولت انگلینڈ نے۱۸۱ رنز کے بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کی۔لارڈز کے تاریخی میدان پر کھیلے گئے آخری میچ میں ڈیوڈملان کی سینچری کی بدولت انگلینڈ نے ۱۰۰ رنز سے فتح حاصل کی۔ ڈیوڈ ملان مجموعی طورپر ۳؍اننگز میں ۲۷۷رنز بنا کر سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
دوسری جانب جنوبی افریقہ میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے مابین پانچ ون ڈے میچز کی سیریز جنوبی افریقہ نے ۳۔۲سے اپنے نام کی۔ پہلے دونوں مقابلے آسٹریلیا نے بآسانی جیتے تاہم اگلے تین میچز میں میزبان جنوبی افریقہ نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح سمیٹی۔پہلے میچ میں آسٹریلوی بلے باز مارنس لابوشین نے متبادل کھلاڑی کے طورپر آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست ۸۰رنز بنا کر فتح میں اہم کردارادا کیا، دوسرے میچ میں بھی اسی بلےباز نے ۱۲۴ رنز کی اننگز کھیلی اور جنوبی افریقہ کی ٹیم ۳۹۲ رنز کے تعاقب میں محض ۲۶۹ کے سکور پرآؤٹ ہوگئی۔تیسرے میچ میں ایڈن مارکرم کی جارحانہ سینچری کی بدولت جنوبی افریقہ نے ۱۱۱ رنز سے کامیابی حاصل کی۔سینچورین میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے میچ میں جنوبی افریقہ نے ۵۰؍اوورز میں ۴۱۶رنز کا پہاڑ کھڑا کیا جس میں ہینرک کلاسن کے ۱۳ چوکوں اور۱۳ چھکوں کی مددسےصرف ۸۳گیندوں پر ۱۷۴ رنز شامل تھے۔ یوں جنوبی افریقہ نے چوتھا میچ ۱۶۴ رنز سے جیت لیا۔ فیصلہ کن میچ جنوبی افریقہ نے مارکرم کے ۹۳ رنز اور مارکوجینسن کی پانچ وکٹوں کی بدولت ۱۲۲ رنز کی برتری سے جیت کر سیریز میں کامیابی حاصل کی۔سیریز کے بہترین کھلاڑی ایڈن مارکرم قرارپائے۔
فٹ بال
پوروپین چیمپین شپ ۲۰۲۴ء کے لیے جاری کوالیفائنگ راؤنڈ کے گذشتہ ہفتے کھیلے گئے مقابلوں میں انگلینڈ اور یوکرائن کا میچ ۱-۱ گول سے برابر رہا جبکہ بیلجیم نے آذربائیجان کو ایک صفر اور سویڈن نے ایسٹونیا کو پانچ صفر سے شکست دی۔ دیگر اہم مقابلوں میں نیدرلینڈز نے آئرلینڈ کے خلاف ۲-۱ سے کامیابی حاصل کی اور البانیہ نے پولینڈ کو دوصفر سے شکست دی۔ آسٹریا نے سویڈن کو ایک کے مقابلہ میں تین گول سے ہرایا۔بیلجیم، سپین اور پرتگال نے اپنے میچز بالترتیب ایسٹونیا، سائپرس اورلکسمبرگ کے خلاف ۵،۶ اور۹گول سے بآسانی جیت لیے۔ یادرہے کہ پوروپین فٹ بال چیمپین شپ ۲۰۲۴ء میں جرمنی میں منعقد ہوگی جس میں ۲۴ ممالک کی ٹیمیں شامل ہوں گی۔ کوالیفائنگ مقابلہ جات میں یورپ کی ۵۳ٹیمیں نبردآزما ہیں جنہیں ۱۰گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اب تک ہونے والے میچز میں سکاٹ لینڈ اور فرانس اپنے پانچ میں سے پانچ میچز جیت چکے ہیں جبکہ پرتگال کی ٹیم چھ میں چھ سے میچز اپنے نام کرچکی ہے۔
جنوبی امریکہ میں ورلڈ کپ کوالیفائر کے ایک میچ میں برازیل نے بولویا کی ٹیم کو ایک کے مقابلہ میں پانچ گول سے شکست دی جس میں مشہور کھلاڑی نیمارجونیئر نے دو گول کیے اور برازیل کی طرف سے انٹرنیشنل مقابلوں میں سب سے زیادہ ۷۹گولز کے ساتھ عظیم کھلاڑی پیلے کا ریکارڈ توڑ دیا۔ ارجنٹائن نے لیونل میسی کے گول کی بدولت ایکواڈور کے خلاف اپنا میچ ایک صفر جبکہ بولویا کے خلاف تین صفرسے جیت لیا۔ اب تک کھیلے گئے میچز میں برازیل اور ارجنٹائن کی ٹیمیں دو دو کامیابیوں کےساتھ سرفہرست ہیں۔
(رپورٹ: ن۔م۔طاہر)