ربوہ کا موسم (۱۵تا ۲۱؍ ستمبر ۲۰۲۳ء)
۱۵؍ستمبر بروز جمعۃ المبارک ، مطلع صاف تھا ، دھوپ کی شدت کافی تھی تاہم بعد دوپہر ٹھنڈی ہوا چلنے سے موسم اچھا ہوگیا۔ہفتہ کو بھی گرمی کی شدت تھی زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۴۳؍ نوٹ کیا گیا لیکن ہوا نے اس گرمی کو قدرے کم کردیا۔ اتوار کو دوپہر کے وقت بارش اور ٹھنڈی ہوا چلنے کی وجہ سے گرمی میں خاصی کمی واقع ہوگئی ، سارا دن ٹھنڈی ہوا چلتی رہی اور درجہ حرارت کافی نیچے گر گیا۔ سوموار کو بھی دن میں کچھ وقت کے لیے ہلکی بارش ہوئی جس سے گرمی کا زور مزید ٹوٹ گیا۔ اس دن گھنے بادل آئے پھر منتشر بھی ہوگئے۔ منگل کو صبح کے وقت ہلکی بارش ہوئی اور سارا دن خوشگوار ہوا چلتی رہی، ہو ا میں مزید خنکی ہوگئی۔ایسے لگتا تھا کہ یہ ہوا سردیوں کی آمد کی اطلاع دے رہی ہو۔ دن کے وقت دھوپ میں گرمی اور چھاؤں میں یا کمروں میں گرمی کی پہلے والی کیفیت نہ رہی، حبس بھی کچھ کم ہوگیا۔ ٹمپریچر ۳۰؍ سے ۳۵؍ کے درمیان رہا۔ بدھ کا دن گزشتہ دن کی نسبت ۴ درجہ سینٹی گریڈ گرم تھا ،ہوا نے سماں باندھے رکھا۔ یاد رہے کہ منگل اور بدھ کو ربوہ کے مشرقی نواحی علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوتی رہی۔ جس کی وجہ سے موسم پر اچھے اثرات ربوہ میں بھی محسوس کیے گئے۔ جمعرات کا دن اس ہفتہ کا گرم ترین دن تھا۔ دھوپ کی وجہ سے گرمی جوبن پر تھی۔ حبس بھی تھا۔ درجہ حرارت ۳۸؍ تک جاپہنچا۔ (ابوسدید)