جلسہ سالانہ

جماعت احمدیہ یونان کا چوتھا جلسہ سالانہ ۲۰۲۳ء

(ارشد محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل یونان)

٭…حضور انور کا خصوصی پیغام برموقع جلسہ سالانہ یونان

٭…مختلف تربیتی و تعلیمی مضامین پر تقاریر

٭…کل حاضری ۵۹ رہی

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ یونان کو اپنا ایک روزہ چوتھا جلسہ سالانہ مورخہ ۳۰؍ اپریل ۲۰۲۳ء بروز اتوار ایتھنز میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ

انفرادی نماز تہجد، نماز فجر اور تلاوت قرآن کریم سے دن کا آغاز کیا گیا۔ پہلا اجلاس صبح ساڑھے دس بجے مکرم عطاء النصیر صاحب مربی سلسلہ و نیشنل صدر کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم مع اردو و انگریزی ترجمہ اور نظم کے ساتھ شروع ہوا۔ افتتاحی تقریر بزبان انگریزی مکرم مربی صاحب نے ’’حضرت عیسیٰؑ صلیب پر فوت نہیں ہوئے‘‘ کے عنوان پر کی۔ دعا سے اس افتتاحی اجلاس کا اختتام ہوا۔

ایک وقفہ کے بعد دوسرے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم مع اردو و انگریزی ترجمہ اور نظم کے ساتھ شروع ہوا۔ طارق عزیز احمد صاحب صدر جماعت شمالی یونان نے ’’نماز دین کا ستون ہے‘‘ کے موضوع پر اردو زبان میں تقریر کی۔ دوسری تقریر انگریزی زبان میں شمس الدین ادریس صاحب نے ’’حضرت مسیحؑ کی آمد ثانی‘‘کے موضوع پر کی۔ ایک نظم کے بعد اردو زبان میں ’’تلاوت قرآن کریم کی اہمیت و برکات‘‘ کے موضوع پر قیصر ایوب صاحب نے اور چوہدری مشتاق احمد صاحب نے ’’خلافت احمدیہ کی تائیدات الٰہیہ‘‘ کے عنوان پر تقاریر کیں۔

دوپہر دو بجے وقفہ ہوا جس میں نماز ظہر و عصرکی ادائیگی کے بعد شاملین جلسہ کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

تیسرے اور آخری اجلاس کا آغاز اڑھائی بجے تلاوت قرآن کریم مع اردو و انگریزی ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ اختتامی تقریر اردو زبان میں عطاء النصیر صاحب نے ’’تعلق باللہ‘‘ کے عنوان پر کی۔

آخر میں امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا جلسہ سالانہ یونان کے موقع پر موصولہ پیغام انگریزی میں عطاء النصیر صاحب نے پڑھ کر سنایا اور اردو ترجمہ کیا۔

پیغام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز

حضورِ انور نے اپنے پیغام میں فرمایا:مجھے اس بات کی بہت خوشی ہے کہ احمدیہ مسلم جماعت یونان اپنا چوتھا جلسہ سالانہ منعقد کر رہی ہے۔اللہ آپ کے جلسہ کو بہت کامیاب کرے اور وہ تمام لوگ جو اس واحد اور خاص مقصد کے لیے جمع ہوئے ہیں بے پایاں روحانی فیوض حاصل کریں ۔ اور اللہ کرے کہ آپ نیکی اور تقویٰ میں بڑھنے والے ہوں۔

یہ بات ذہن نشین رکھیں کہ یہ جلسہ کوئی عام موقع یا تہوار نہیں ہے۔ بلکہ نہایت ہی اہم اجتماع ہے جس کی بنیاد خود اللہ نے رکھی ہے۔یہ ایک نہایت ہی یکتا تقریب ہے جو ہمیں ایمان اور اسلام کے بارے میں علم حاصل کرنے، ہمارے نبی حضرت محمدﷺ کی سچی تعلیمات اور قرآن کو سمجھنے کے قابل بناتی ہے جن کا احیاء اس زمانے کے مسیح موعودؑ نے کیا۔

حضرت مسیح موعودؑ فرماتے ہیں:’’اس جلسہ کے اغراض میں سے سب سے بڑی غرض تو یہ ہےکہ تا ہر ایک مخلص کو بالمواجہ دینی فائدہ اٹھانے کا موقع ملے اور ان کے معلومات وسیع ہوں اور خدا تعالیٰ کے فضل اور توفیق سےان کی معرفت ترقی پذیر ہو۔ پھر اس کے ضمن میں یہ بھی فوائد ہیں کہ اس ملاقات سے تمام بھائیوں کا تعارف بڑھے گا۔ اور اس جماعت کے تعلقات اخوت استحکام پذیر ہوں گے‘‘۔ (اشتہار ۲۷؍ دسمبر۱۸۹۲ء مجموعہ اشتہارات،جلد ۱،صفحہ ۳۶۰،ایڈیشن ۲۰۱۹ء)

اس لیے آپ کو جلسہ کی تمام کارروائی سے مستفید ہونا چاہیے تا کہ آپ سیکھ سکیں کہ کیسےنیکی کے کاموں میں آگے بڑھتے ہوئے اللہ کا قرب کیسے حاصل کرنا ہے۔ درحقیقت آپ کا واحد مقصد اللہ کی خوشنودی کا حصول ہونا چاہیے جو ہمارا خالق ہے۔

اللہ کے فضل سے آپ حضرت مسیح موعودؑ کی جماعت کے ممبر ہونے کے لحاظ سے خوش قسمت ہیں۔اس لیے آپ کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے کہ آپ نے بیعت کی ہے۔اس لیے آپ کو بیعت کی تمام شرائط پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔بطور احمدی مسلمان آ پ سے توقع کی جاتی ہے کہ آپ کے تمام کاموں میں ممتاز روّیہ نظر آئے۔خاص طور پر اللہ کی مخلوق کے لیے رحم،مروت اور خبر گیری۔آپ کو اچھائی،دیانتداری،سچائی،نیکی اور خاص طور پر تقویٰ کی اعلیٰ مثال قائم کرنی چاہیے۔کیونکہ اس جماعت کو اسلام کے احیاء اور انسانیت کی خدمت کے مقصد کے لیے اللہ نے خود بنایا ہے۔

میں آپ کو یہ بھی نصیحت کرتا ہوں خلافت احمدیہ کے ساتھ ہمیشہ وفادار رہیں۔ایم ٹی اے دیکھیں اور باقاعدگی سے میرے خطبات سنیں۔ان کو سمجھنے کی کوشش کریں اور جن باتوں کی طرف میں راہنمائی کرتا ہوں ان کی پیروی کریں۔

آج اسلام کی اشاعت اور دنیا میں امن صرف خلافت کے نظام پر عمل پیرا ہو کر ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔میں آپ کو نصیحت کرتا ہوں کہ نظام خلافت کو سب سے زیادہ اہمیت دیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کی آنے والی نسلیں خلافت احمدیہ کی مبارک پناہ،راہنمائی اور حفاظت کے اندر رہیں۔

میں آپ کو یاد دلاتا چلوں کہ تبلیغ ہر احمدی مسلمان کا فرض ہے۔یونان کے لوگوں تک اسلام احمدیت کا پرامن پیغام پہنچانے کےلیے دانشمندانہ منصوبے اور مؤثر انداز میں تبلیغی پروگرام ترتیب دیں۔

آخر میں جلسہ میں شامل ہونےوالوں کے حق میں حضرت مسیح موعودؑ کی ایک دعا کا ذکر کروں گا۔ آپؑ نے یوں دعا فرمائی ہے:’’میں دعا پر ختم کرتا ہوں کہ ہر یک صاحب جو اس للّٰہی جلسہ کے لئے سفر اختیار کریں۔ خدا تعالےٰ ان کے ساتھ ہو اور ان کو اجر عظیم بخشے اور ان پر رحم کرے…اے خدا اے ذوالمجد والعطاء اور رحیم اور مشکل کشا! یہ تمام دعائیں قبول کر اور ہمیں ہمارے مخالفوں پر روشن نشانوں کے ساتھ غلبہ عطا فرما کہ ہر یک قوت اور طاقت تجھ ہی کو ہے۔ آمین ثم آمین‘‘(اشتہار ۷؍ دسمبر ۱۸۹۲ء)

اللہ کرے کہ حضرت مسیح موعودؑ کی دل سے نکلی ہوئی دعائیں ہمیشہ آپ کےساتھ ہوں ۔اللہ کرے آپ کا جلسہ بڑی کامیابی سے ہمکنار ہو۔اور آپ سب میں ایمان اور تقویٰ کا نفوذ ہوجو آپ کو بہترین احمدی مسلمان بنائے تا کہ آپ بہترین روحانی قوت اور طاقت کے ساتھ اسلام احمدیت اور انسانیت کی خدمت کر سکیں۔اللہ آپ سب پر رحم کرے ۔

والسلام

ساڑھے پانچ بجے اختتامی اجتماعی دعا سے جلسہ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ الحمدللہ ثم الحمدللہ

حاضری: ۳۴؍ خواتین و حضرات مسجد میں تشریف لاکر شامل ہوئے جبکہ آن لائن بذریعہ زوم اور واٹس ایپ جرمنی، ہالینڈ اور یونان کے مختلف جزائر سے ۲۰؍ سے ۲۵؍ احباب نے جلسہ میں شرکت کی۔

(رپورٹ: ارشد محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button