مجلس خدام الاحمدیہ فرانس کے ۳۵ویں سالانہ اجتماع ۲۰۲۳ء کا کامیاب انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ فرانس کو اپنا ۳۵واں سالانہ اجتماع مورخہ ۱۸ تا ۲۰؍ اگست ۲۰۲۳ء کو مسجد بیت العطاء میں منعقدکرنے کی توفیق ملی۔
اجتماع کا آغاز نماز جمعہ کے بعد چودھری جمیل الرحمٰن صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ فرانس کے اجتماع گاہ کے معائنہ سے شروع ہوا جس کے بعد پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔افتتاحی اجلاس کی صدارت نصیر احمد شاہد صاحب مشنری انچارج و نائب امیر فرانس نے کی۔ آپ نے خدام و اطفال کے ساتھ ساتھ انتظامیہ کو بھی بعض قیمتی نصائح کیں۔
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اجتماع کے دوران تمام نمازیں نیز نماز تہجد باجماعت ادا کی گئی۔ہفتہ اور اتوار کی نماز تہجد نو جوان بچوں نے پڑھائی۔
اس سال اللہ کے فضل سےاجتماع کے موقع پر بعض نئی چیزیں شامل کی گئیں جیسا کہ والی بال کے ابتدائی میچز پہلے دن رات کے وقت ہوئے، تمام اردوکے مقابلوں کا فرانسیسی میں مسلسل ترجمہ ہوتا رہا، دوران اجتما ع باربی کیو اسٹینڈ لگایا گیا، ایک گوگل survey فارم بنایا گیا جس میں خدام سے امسال اجتماع کے بارے میں پوچھا گیا اور یہ کہ آئندہ سال اجتما ع کے معیار کو بہتر کیسے بنایا جائے، ایک نیا مقابلہ ’حفظ قصیدہ‘ شامل کیا گیا۔
الحمدللہ مختلف مقابلوں خصوصاً علمی مقابلوں میں شرکت کے حوالے سے گذشتہ سالوں کے مقابلے میں تقریباً ۲۵؍ سے ۳۰؍ فیصد اضافہ ہوا ہے۔
اس اجتماع میں خدام کے ۱۵؍ علمی اور ۱۱؍ ورزشی مقابلے ہوئے جبکہ اطفال کے۹؍ علمی اور ۸؍ ورزشی مقابلے ہوئے ۔
اطفال کے حوالے سے سال کے شروع میں تمام مجالس میں اجتماع کا نصاب بھیجا گیا تھا،اس سلسلہ میں مہتمم صاحب اطفال نے دورے بھی کیے تھے ۔
اس سال کُل حاضری ۳۳۰؍ رہی جبکہ گذشتہ سال کُل حاضری ۲۴۳؍ تھی ۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں دین کی بہترین انداز میں خدمت کرنے کی مزید توفیق عطا فرمائے اور مجلس خدام الاحمدیہ فرانس کو ہر آن ترقیات پر گامزن رکھے۔آمین
(رپورٹ: منصور احمد مبشر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)