سپورٹس بلیٹن
ایشیائی کھیلیں (Asian Games)
انیسویں ایشیائی کھیلیں ۲۳؍ ستمبرسے ۸؍ اکتوبر۲۰۲۳ء تک چین کےشہر ہانگژو میں منعقد ہورہی ہیں۔ آٹھویں دن کےاختتام پرچین مجموعی طورپر۲۴۴تمغوں کے ساتھ سرفہرست ہے جس میں ۱۳۳ طلائی، ۷۲چاندی اور۳۹کانسی کے تمغے شامل ہیں۔خواتین کے کرکٹ ایونٹ میں بھارت نے فائنل میں سری لنکا کو شکست دے کرگولڈمیڈل حاصل کیا جبکہ بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف کامیابی حاصل کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔مینز کرکٹ ایونٹ کے ایک میچ میں نیپال نے منگولیا کے خلاف ۲۰اوورز میں ۳۱۴ رنز بنائے جوکہ عالمی ٹی ٹوینٹی کرکٹ کی تاریخ میں سب سے بڑا سکورہے۔اس میچ میں نیپال کےKaushal Mallaنے ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل کی تیز ترین سینچری ۳۴گیندوں پربنائی جبکہ تیز ترین نصف سینچری کا ریکارڈ Dipendra Singhنے اپنے نام کیا جنہوں نے صرف ۹گیندوں پر۸چھکوں کی مدد سے ۵۰رنز بنائے۔
ایشین گیمز کے مینزسکواش ٹیم ایونٹ میں بھارت نے پاکستان کو۲۔۱سے ہرایا۔خواتین کے ٹیبل ٹینس ڈبلز مقابلوں کے کوارٹرفائنل میچ میں بھارتی جوڑی نے عالمی نمبردو چین کی کھلاڑیوں کو شکست دے کر سب کو حیران کردیا۔اسی طرح مردوں کے بیڈمنٹن ٹیم ایونٹ میں پہلی مرتبہ بھارت نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا، چین طلائی تمغہ جیتنے میں کامیاب رہا۔ہاکی ایونٹ کے ایک اہم میچ میں عالمی نمبر تین بھارت نے آٹھ مرتبہ کی ایشین گیمز چیمپئن پاکستان ٹیم کو دو کے مقابلہ میں دس گول سے شکست کا مزہ چکھایا۔اب تک ان کھیلوں میں بھارتی ایتھلیٹس غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۵۰ سے زائدمیڈلز جیت چکے ہیں۔
رگبی ورلڈ کپ:فرانس میں جاری رگبی ورلڈ کپ میں گذشتہ ہفتہ کے دوران ہونے والے میچز میں یوروگوئے نےنمیبیا کو ۳۶۔۲۶، جاپان نے ساموآ کو ۲۸۔۲۲، نیوزی لینڈ نے اٹلی کو۹۶۔۱۷،ارجنٹینانےچلی کو۵۹۔۵، فجی نے جارجیا کو۱۷۔۱۲، سکاٹ لینڈ نے رومینیا کو۸۴۔صفر، آسٹریلیانے پرتگال کو ۳۴۔۱۴، اورجنوبی افریقہ نے ٹونگا کو۴۹۔۱۸سے شکست دی۔اب تک فرانس، آئرلینڈ، ویلز اور انگلینڈکی ٹیمیں اپنے ابتدائی تینوں میچزجیت چکی ہیں۔گروپ میچز۸؍ اکتوبرتک جاری رہیں گے۔جبکہ فائنل مقابلہ ۲۸اکتوبر۲۰۲۳ء کوکھیلاجائے گا۔
کرکٹ:ایک روزہ کرکٹ ورلڈ کپ۵؍ اکتوبر تا ۱۹؍نومبر۲۰۲۳ءبھارت میں کھیلا جارہا ہے۔۱۹۷۹ء کے بعد پہلا موقع ہے کہ کرکٹ ورلڈکپ کے تمام میچز ایک ہی ملک میں منعقد ہوں گے۔ابتدائی مقابلہ دفاعی چیمپئن انگلینڈاورنیوزی لینڈ کے مابین احمدآبادمیں کھیلا جائے گا۔روایتی حریف پاکستان اوربھارت کی ٹیمیں ۱۴؍اکتوبر کواسی میدان میں مدّمقابل ہوں گی۔ایک روزہ عالمی کپ میں اب تک ان دونوں ٹیموں کا سات بارآمنا سامنا ہوچکاہے جن میں پاکستان ایک مرتبہ بھی کامیابی حاصل نہیں کرسکا۔اس بار بھی یہ کہنا مشکل ہےکہ پاکستان بابراعظم کی قیادت میں مضبوط بھارتی ٹیم کو ان کے ہوم گراؤنڈ میں شکست دے پائے گا۔تاہم شائقین کرکٹ اس مقابلہ کا بے تابی سے انتظارکررہے ہیں۔
ورلڈکپ کےباقاعدہ آغاز سےقبل وارم اَپ میچزمیں بنگلہ دیش نے سری لنکا کے خلاف گوہاٹی کے میدان میں ۲۶۴ کا ہدف بآسانی پورا کرلیا جبکہ حیدرآبادمیں ہونے والے میچ میں پاکستان نیوزی لینڈ کے خلاف ۳۴۶کے بڑے ہدف کا دفاع کرنے میں ناکام رہا۔اس میچ میں پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمدرضوان نے ۱۰۳، بابراعظم نے ۸۰اورسعودشکیل نے ۷۵رنزکی بہترین اننگز کھیلیں۔نیوزی لینڈکی جانب سے راچن راوِندراکے ۹۷ کے علاوہ کین ولیمسن،ڈیرل مچل اورمارک چیپمین نے بھی نصف سینچریاں بنائیں۔
جنوبی افریقہ بمقابلہ افغانستان اور بھارت بمقابلہ انگلینڈ وارم اپ میچز مکمل طورپربارش کی نذر ہوئے۔اسی طرح آسٹریلیا کا نیدرلینڈزکے خلاف پریکٹس میچ بھی بارش کے باعث بلا نتیجہ ختم ہوا تاہم اس مقابلہ میں آسٹریلوی فاسٹ باؤلرمچل سٹارک نے تین گیندوں پر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے hat-trickکی۔
گولف:اٹلی کے شہرروم میں ۲۹ستمبرتایکم اکتوبر۲۰۲۳ء چوالیسواں رائیڈرکپ گولف ٹورنامنٹ کھیلا گیا جس میں ٹیم یورپ نے ٹیم یوایس اے کو شکست دے کرایک مرتبہ پھرٹائٹل اپنے نام کیا۔۱۹۹۳ء سے اب تک یوایس اے ٹیم یورپی سرزمین پررائیڈرکپ جیتنے میں ناکام چلی آرہی ہے۔
فٹ بال:انگلش پریمیئر لیگ کے ایک میچ میں کرسٹل پیلس نے مانچسٹریونائیٹڈ کو ایک۔صفر سے شکست دی جبکہ ٹوٹن ہیم کی ٹیم لیورپول کو ۲۔ا سے ہراکر لیگ میں دوسری پوزیشن پرپہنچ گئی۔سات میچز میں سے چھ میں کامیابی کے ساتھ مانچسٹرسٹی ابھی تک سرفہرست ہے۔ اٹالین Serie A کے ایک میچ میں انٹرمیلان کو Sassuoloکے ہاتھوں اس سیزن کی پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
امریکہ میں یوایس اوپن کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میں ہیوسٹن ڈائنامو نے انٹرمیامی کے خلاف ۲۔۱سے کامیابی حاصل کی۔اس میچ میں لیونل میسی انٹرمیامی کی طرف سے انجری کے باعث شامل نہیں ہوسکے تھے۔ (ن۔م۔طاہر)