خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…ترک وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ وزارت داخلہ کی عمارت کے باہر حملہ کرنے والے دہشت گرد شام سے آئے تھے۔ انقرہ میں گفتگو کرتے ہوئے ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عراق اور شام میں کرد عسکریت پسندوں کے ٹھکانے ترک فورسز کا ہدف ہیں۔ عراق اور شام میں تیسرے فریق کرد عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں سے دور رہیں۔ ترکی میں حملہ کرنے والے دونوں دہشت گرد کرد عسکریت پسند تھے۔ اتوار کو وزارت داخلہ کی عمارت کے سامنے حملے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے جبکہ حملے کے دونوں دہشت گرد بھی مارے گئے۔
٭…امریکہ اور روس نے اپنے اپنے ملکوں میں ایمرجنسی وارننگ سسٹم کی ٹیسٹنگ کی ہے۔امریکہ نے موبائل فونز، ریڈیو اور ٹی وی پر ایمرجنسی وارننگ سسٹم کی ٹیسٹنگ کی۔ فیڈرل ایمرجنسی مینیجمنٹ ایجنسی اور فیڈرل کمیونیکیشن کمیشن نے وارننگ سسٹم کا ٹیسٹ کیا۔ ایمرجنسی الرٹ سسٹم کے ٹیسٹنگ میسجز لاکھوں امریکیوں کو بھیجے گئے۔ ایمرجنسی الرٹ سسٹم کے ٹیسٹنگ میسجز ریڈیو اور ٹی وی پر بھی چلائے گئے۔ ٹیسٹنگ میسجز کا مقصد ایمرجنسی الرٹ سسٹم کی فعالیت کوچیک کرنا تھا۔
٭…شمالی عراق کے علاقے نینویٰ کے شہر الحمدانیہ کے شادی ہال میں آگ لگنے سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد ۱۱۹؍ہو گئی ہے۔۲۸؍ستمبر کو شادی ہال میں آتشزدگی کے وقت ایک ہزار سے زائد افراد تقریب میں شریک تھے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق آتش بازی کو آگ لگنے کا سبب قرار دیا گیا۔ زخمیوں کی اکثریت جھلسنے اور دم گھٹنے سے متاثر ہوئی ہے، جائے وقوعہ پر بھیڑ کو کچلنے کے واقعات بھی رونما ہوئے ہیں۔ ۱۸؍سالہ دلہن نے آتشزدگی میں اپنے والد، والدہ اور بھائی کو بھی کھو دیا۔
٭… بھارتی ریاست سِکم میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد بارش اور سیلاب کے بعد مختلف حادثات میں دس افراد ہلاک اوربائیس زخمی ہوگئے۔ سیلابی ریلے میں بہ کر تئیس بھارتی فوجیوں سمیت ۸۲؍افراد لاپتا ہوگئے۔ چین کی سرحد کے ساتھ کے علاقے میں شدید بارش ہوئی، جس کے باعث بھارتی فوج کی کچھ تنصیبات بھی متاثر ہوئیں۔ ڈیم سے پانی کے اخراج کے باعث ۴۱؍گاڑیاں بہ گئیں۔ سیلابی پانی کے ریلے میں ڈوبنے والوں کی سات لاشیں ملی ہیں۔ مسلسل بارش اور گرج چمک کے باعث علاقے میں ریسکیو کی کوششوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
٭…سمندری طوفان کوئینو کے باعث تائیوان کے جنوبی حصے میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش جاری ہے۔ طوفانی ہواؤں اور بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں ۱۹۰؍افراد زخمی ہو گئے۔ تائیوان کی دو مقامی ایئر لائنز نے اپنی زیادہ تر پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ طوفان چار کیٹگری کی شدت سے جزیرہ نما ہینگ چن سے ٹکرایا تھا۔ طوفان نے آبنائے تائیوان سے گزر کر اب چین کا رخ کر لیا ہے۔
٭…امریکہ نے گذشتہ سال ضبط کیے گئے ایرانی گولہ بارود کے ایک ملین راؤنڈز یوکرین بھیجنے کا فیصلہ کر لیا۔امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کا کہنا ہے کہ ایران کے ضبط شدہ گولہ بارود میں سے ۷.۲۲ ایم ایم کے ۱.۱ ملین راؤنڈز یوکرین بھیجے جائیں گے۔سینٹ کام کے مطابق یہ راؤنڈز دسمبر ۲۰۲۲ءمیں امریکی نیوی نے پکڑے تھے جو ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے یمن میں حوثی ملیشیا کو بھیجے جا رہے تھے۔ یہ اسلحہ اور گولہ بارود یوکرین میں مسلسل مغربی اسلحے کی ترسیل سے متعلق تحفظات دور کرنے کے لیے بھیجا جا رہا ہے۔
٭…ہالینڈ کے ارضیاتی تحقیق کے ادارے سولر سسٹم جیومیٹری سروس (ایس ایس جی ایس) نے پاکستانی صوبے بلوچستان میں چمن فالٹ لائن پر ایک طاقت ور زلزلے کی پیش گوئی کی ہے۔ ایس ایس جی ایس نے سطح سمندر کے قریب ماحولیاتی برقی چارج میں اتار چڑھاؤ کی بنیاد پر یہ نتیجہ اخذ کیا ہے۔ یہ اتارچڑھاؤ زمین کے محور کی گردش سے منسلک ہے۔ ایس ایس جی ایس اپنی تحقیقات کے مطابق ان خطوں کی نشاندہی کرتا ہے جہاں ایک سے نو دن کے دوران زلزلہ محسوس کیا جاسکتا ہے۔ گو سائنس برادری کا کہنا ہے کہ زلزلوں کی پیش گوئی کرنا ممکن نہیں ہے لیکن پاکستان میں طاقت ور زلزلہ آنے کے متعلق ڈچ محقق فرینک ہوگربیٹس کی پیش گوئی کو حکام بھی سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔ ان کی کئی مطالعاتی پیش گوئیاں درست ثابت ہو چکی ہیں۔ انہوں نے فروری میں ترکی اور شام میں بڑے زلزلے کی پیش گوئی کی تھی۔ ان کی مطالعاتی پیش گوئی کے بعد وہاں ۷.۸شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کے نتیجے میں پچاس ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ انہوں نے ۳۰؍جنوری ۲۰۲۳ء کو پاکستان، افغانستان، بنگلہ دیش اور چین میں ارضیاتی سرگرمیوں میں اضافے کی پیش گوئی کی تھی، جس کے بعد سات فروری کو پاکستان میں ۶.۸ شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس کے نتیجے میں نو افراد ہلا ک ہو گئے تھے۔