ویسڑن ریجن کینیا کی جماعت نمساسی میں مسجد اور مشن ہاؤس کا افتتاح
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کینیا کو جماعت کی وسعت کے پیش نظر ہر سال نئی مساجد کی تعمیر کی توفیق مل رہی ہے۔ اس سال جماعت کو ویسٹرن ریجن ’’بی‘‘ کی جماعت نمساسی میں نئی پختہ مسجد اور مشن ہاؤس بنانے کی توفیق ملی ہے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
نمساسی میں جماعت احمدیہ کا پیغام ۱۹۹۸ء میں مولانا محمد یٰسین ربانی صاحب سابق مبلغ کینیا کے ذریعہ پہنچا تھا اورا للہ تعالیٰ کے فضل سے جلد ہی وہاں ایک مخلص جماعت قائم ہو گئی۔ شروع میں مختلف گھروں میں نمازوں کی ادائیگی اور دیگر پروگراموں کے انعقاد کا انتظام کیا گیا تھا۔ سال ۲۰۱۴ء میں جماعت نے مسجد کی تعمیر کے لیے ایک پلاٹ خریدا جس پر مقامی احباب نے اپنی مدد آپ کے تحت ایک کچی مسجد تعمیر کی تھی۔ اس طرح مقامی جماعت کو ایک مرکز مل گیا۔ امسال ۲۷؍اپریل ۲۰۲۳ء کو اس جگہ پختہ مسجد و مشن ہاؤس کی تعمیر کے کام کا آغاز کیا گیا جس کی نگرانی ملک بشارت احمد صاحب مبلغ سلسلہ کو سونپی گئی۔ چنانچہ پلاٹ کی چاردیواری کر کے گیٹ لگایا گیا۔ اس کے بعد اس میں ۳۰x۳۰ فٹ کی خوبصورت مسجد تعمیر کی گئی ہے جس کے ساتھ وضو کرنے کے لیے جملہ انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ اسی احاطے میں دو بیڈ رومز، سٹنگ روم اور کچن و باتھ رومز پرمشتمل دیدہ زیب مشن ہاؤس بھی تعمیر کیا گیا ہے۔ ہیومینٹی فرسٹ کے تعاون سے یہاں ایک کنواں کھودا گیا اور پھراس پر ہینڈ پمپ لگا کر پانی کا مستقل بندوبست بھی کیا گیا ہے جس سے نمازیوں اور اردگرد کی آبادی کو ہمہ وقت صاف ستھرا پانی دستیاب ہے۔ یہ سارا کام اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۲۷؍اگست ۲۰۲۳ء کو مکمل ہوا۔
۳۰؍ستمبر۲۰۲۳ء بروز ہفتہ مولانا طارق محمود ظفر صاحب امیر و مشنری انچارج کینیا نے مربیان سلسلہ اور احباب جماعت کی معیّت میں اس مسجد کا افتتاح کیا۔ تلاوت و نظم کے بعد نمساسی جماعت کے صدر صاحب نے مکرم امیر صاحب اور دیگر مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کے بعد نمساسی جماعت کا مختصر تعارف پیش کیا۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے اسلام میں مسجد کی اہمیت، اس کے آداب نیز اس کی آباد کاری کے سلسلہ میں احباب جماعت کی ذمہ داریوں سے متعلق مختصر تقریر کی اور فیتہ کاٹ کر دعا کے ساتھ مسجد کا باقاعدہ افتتاح کیا۔بعد ازاں مکرم امیر صاحب اور کچھ دیگر احباب نے مسجد کے احاطے میں پودے لگائے۔نماز ظہر اور عصر کی ادائیگی کے بعد حاضرین مجلس کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ اس بابرکت تقریب میں لوکل چیف، علاقہ ڈی او اور پولیس انچارج کے علاوہ مقامی عیسائی پادری صاحب ودیگر معززین اور متعدد غیر از جماعت مہمان بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر احباب جماعت سمیت حاضرین کی تعداد ڈیڑھ صد سے زائد تھی۔الحمد للہ
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس مسجد کو مخلص نمازیوں سے بھر دے اور اسے علاقہ ہذا میں رشد و ہدایت کا منبع بنائے۔آمین
(رپورٹ: محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)