سالانہ ریجنل اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ گراں لاؤو، آئیوری کوسٹ
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ ریجن گراں لاؤو (Grand-Lahou)، آئیوری کوسٹ کا سالانہ ریجنل اجتماع مورخہ ۲۲؍ و ۲۳؍ جولائی ۲۰۲۳ء بروز ہفتہ و اتوار مجلس بوئیو (Gboyo) میں منعقد ہوا۔
اجتماع کا باقاعدہ آغاز مورخہ ۲۲؍جولائی بروز ہفتہ سہ پہر چار بجے تلاوت قرآن پاک، ترجمہ اور عربی قصیدہ سے ہوا۔ کونے داؤد صاحب نمائندہ صدر مجلس خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ نے افتتاحی تقریر میں نظام جماعت کے ساتھ جڑے رہنے کی تلقین کی۔ اس کے بعد کیما عمر صاحب نیشنل جنرل سیکرٹری نے ایک خادم کی ذمہ داری کے موضوع پر تقریر کی۔ اس کے بعد علمی مقابلہ جات ہوئے۔ نماز مغرب و عشاء اور کھانے کے بعد مزید علمی مقابلہ جات ہوئے۔
اجتماع کے دوسرے دن نماز تہجد، نماز فجر، اورناشتہ کے بعد اطفال اور خدام کے ورزشی مقابلہ جات ہوئے جن میں دوڑ، ریلے ریس، بوری دوڑ، ثابت قدمی، فٹ بال اور رسہ کشی کے مقابلہ جات شامل تھے۔
اجتماع کی اختتامی تقریب کا آغاز بارہ بجے ہوا۔ تلاوت قرآن مجید اور نظم کے بعد کونے کریم صاحب معلم سلسلہ بوئیو (Gboyo) نے خلافت کی اہمیت پر تقریر کی۔ اس کے بعد مکرم کونے داؤد صاحب نے کچھ گزارشات پیش کیں۔ اور پوزیشنز لینے والے خدام اور اطفال میں انعامات تقسیم کے بعد آخر پر خاکسار(ریجنل مبلغ سلسلہ) نے خدام کو چند نصائح کیں اور دعا کروائی ۔بفضل اللہ تعالیٰ اجتماع کی کل حاضری ۱۹۵؍ خدام، اطفال اور انصار پر مشتمل تھی۔
(رپورٹ: لقمان فرید احمد۔ مبلغ سلسلہ ریجن گراں لاؤو)