کرکٹ ورلڈ کپ۲۰۲۳ء: نیوزی لینڈ کی دوسری فتح اور پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن مستحکم
میچ نمبر6: پیر 9؍اکتوبر 2023ء
نیوزی لینڈ بمقابلہ نیدرلینڈز
بمقام: حیدرآباد
نیوزی لینڈ نے نیدرلینڈز کو 99رنز سے شکست دے کرورلڈ کپ میں اپنی دوسری فتح حاصل کرتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن کو مستحکم کیا۔کیوی آل راؤنڈر مچل سینٹنر(Mitchell Santner) کو ناٹ آؤٹ36رنز اور 5وکٹیں لینے پرپلیئرآف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔نیدرلینڈ زکی اس ورلڈ کپ میں یہ دوسری ناکامی ہے۔
حیدرآباد کے راجیو گاندھی سٹیڈیم میں نیدرلینڈز کے کپتان سکاٹ ایڈورڈز (Scott Edwards)نے لگاتار دوسرے میچ میں ٹاس جیتا اور نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔بلےبازی کے لئے نہایت سازگار کنڈیشنز میں نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے اچھا آغاز فراہم کیا حالانکہ اننگز کے پہلے تین اوورز میں ایک بھی سکور نہ بن سکا تھا۔ پہلی وکٹ 13 ویں اوور میں گری جب بائیں ہاتھ کے اسپنر van der Merwe نے 32 رنز بنانے والے Devon Conway کو آؤٹ کیا۔دوسری وکٹ کی شراکت میںWill Young اور Rachin Ravindra نے 77 رنز جوڑے۔32اوورز کے اختتام پر2وکٹوں کے نقصان پر182 رنز بننے کےبعد امید کی جارہی تھی کہ کیوی ٹیم بہت بڑامجموعہ بنانے میں کامیاب ہو گی۔ لیکن ڈچ باؤلرز نےاچھی باؤلنگ کرتے ہوئے 254 کے سکور پر مخالف ٹیم کے 6 کھلاڑی آؤٹ کردئیے۔ کیوی آل راؤنڈر Mitchell Santner کے 17 گیندوں پر 36 رنز کی بدولت آخری 3 اوورز میں50 رنز کا اضافہ ہوااورنیوزی لینڈ مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 322 کے بہترین سکورپہنچ گیا۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے Will Young نے 70، وکٹ کیپر بلے بازTom Latham نے 53 اور افتتاحی میچ میں سینچری بنانے والے Rachin Ravindra نے 51 رنز کی اننگز کھیلی۔ چھ کیوی بلے بازوں نے 30 سے زیادہ رنز بنائے۔نیدرلینڈز کی جانب سے van der Merwe, van Meekeren اور Aryan Dutt نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
323رنز کے بڑے ہدف کے جواب میں ڈچ ٹیم اپنی باری میں کسی وقت بھی مخالف باؤلرزپرحاوی نہ ہوسکی اور46.3اوورز میں 223کے سکورپر all out ہوگئی۔ نیدرلینڈز کی طرف سے کولن ایکرمن 69 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کیپٹن سکاٹ ایڈورڈز نے 27گیندوں پر 30رنز بنائے۔
Santnerکی بہترین اسپن باؤلنگ کے سامنے ڈچ بلے باز بے بس نظر آئے، انہوں نے اپنے 10اوورز میں 59رنز کے عوض 5وکٹیں حاصل کیں۔Matt Henry نے تین اور Rachin Ravindra نے ایک کھلاڑی کا شکار کیا۔
کیوی ٹیم اپنا اگلا میچ 13اکتوبرکو چینئی میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی جبکہ نیدرلینڈز کا تیسرامیچ 17اکتوبرکو دھرم شالا میں جنوبی افریقہ کے ساتھ ہوگا۔
مختصر سکورز
نیوزی لینڈ322/7 :(50اوورز)۔وِل ینگ 70، ٹام لیتھم 53، راچن راوندرا51۔[فان ڈرمروا2/56، پال فان میکرن 2/59، آریان دت2/62]
نیدرلینڈز:223/10 (46.3اوورز) کولن ایکرمن 69،سکاٹ ایڈورڈز30۔مچل سینٹنر5/59، میٹ ہنری 3/40،راچن راوندرا1/46
آج کے میچ میں بننے والے اہم ریکارڈز
٭…مچل سینٹنر ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں نیوزی لینڈکی جانب سے اننگز میں پانچ وکٹیں لینے والے پہلے اسپن باؤلر بن گئے۔
٭…نیدرلینڈز کے Sybrand Abraham Engelbrecht نے آج اپنا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلا۔اس ورلڈ کپ کی تمام ٹیموں کے 150کھلاڑیوں میں سے یہ واحد کھلاڑی تھے جنہوں نے کوئی بین الاقوامی ایک روزہ میچ نہیں کھیلا تھا۔قبل ازیں 2008ء کے انڈر19ورلڈکپ میں Engelbrecht جنوبی افریقہ کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
٭…ورلڈ کپ کی تاریخ میں چھٹی بار ایسا ہوا ہے کہ ایک ٹیم کے چھ بلے بازوں نے 30سے زائد رنز بنائے۔
کل کےمیچز
منگل کے روز،10اکتوبرکودومیچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا مقابلہ دھرم شالا کے میدان پر بنگلہ دیش اور دفاعی چیمپئن انگلینڈکے مابین مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے دس بجے شروع ہوگا۔جبکہ حیدر آباد میں ہونے والے ڈےاینڈ نائٹ میچ میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
بنگلہ دیش اور انگلینڈورلڈ کپ کرکٹ میں 4 مرتبہ آمنے سامنے آچکی ہیں ۔2011ء اور 2015ء میں بنگلہ دیش جبکہ 2007ء اور 2019ء میں انگلینڈ فتح یاب ہوا۔ اس ورلڈ کپ میں فیورٹ انگلش ٹیم اپنے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف بری طرح ناکام ہونے کے بعد دباؤکا شکارہوگی۔ بنگلہ دیشی ٹیم اسی میدان میں دوروز قبل افغانستان کو بآسانی شکست دے چکی ہےاوراب انگلینڈ کو بھی مشکلات سے دوچارکرنے کے لئے پرعزم ہوگی۔
دوسری طرف سری لنکا کے خلاف پاکستان کا پلڑا بھاری رہنے کی توقع ہے تاہم جیت کے لئے پاکستانی ٹیم کو بیٹنگ اور بولنگ کے ساتھ ساتھ بہتر فیلڈنگ کا بھی مظاہرہ کرنا پڑےگا۔ورلڈ کپ میں باہمی آٹھ مقابلوں میں سری لنکن ٹیم ابھی تک پاکستان کے خلاف ایک بھی کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔ سات میچز پاکستان نے جیتے جبکہ 2019ورلڈ کپ کا میچ بارش کی نذر ہواتھا۔
(رپورٹ: ن م طاہر)