اطفال و ناصرات الاحمدیہ گنی بساؤ کی ۱۵ روزہ تربیتی کلاسز
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گنی بساؤ نے ملک کے تعلیمی اداروں میں تعطیلات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ملک بھر کی ۵۹؍ مختلف جماعتوں میں تربیتی کلاسز منعقد کرنے کی توفیق پائی جن میں سولہ ہزار۶۴۴؍ اطفال و ناصرات شامل ہوئے۔ الحمدللہ۔ ان تربیتی کلاسز میں نصاب وقف نو کے ذریعہ سے بچوں کو دینی تعلیم دی گئی۔
نصاب وقف نو سے اطفال و ناصرات کو دینی معلومات، نماز سادہ، ادائیگی نماز کا صحیح طریق، مختلف قرآنی سورتیں، بعض احادیث نبویﷺ، دعائیں اور قصیدہ حضرت مسیح موعودؑ سے بعض اشعار حفظ کروائے گئے۔ اس کے علاوہ معاشرے میں ایک اچھا فرد جماعت بننے کی طرف بھی توجہ دلائی گئی۔ جسمانی صفائی کے ساتھ ساتھ ماحول کو بھی صاف ستھرا رکھنے کی طرف توجہ دلائی گئی ۔
صبح کے وقت سب سے پہلی کلاس میں قرآن پاک اور قاعدہ یسرناالقرآن پڑھنے اور سیکھنے نیز ترتیل القرآن پر خاص توجہ دی گئی۔ بعد از نماز عصر سوال و جواب کا سیشن ہوتا جس میں بچوں کے ذہن میں پیدا ہونے والے سوالات کے جواب دیے جاتے جس سے بڑے بھی فائدہ اٹھاتےرہے۔ بعد از نماز مغرب حضرت محمد مصطفیٰﷺ کی حیات طیبہ اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی پاکیزہ زندگی کے مختلف واقعات کو آسان فہم اور کہانی کی صورت میں بیان کیا جاتا رہا۔
خلفائے راشدین اور خلفائے احمدیت کا بھی تعارف کرایا گیا۔ اسلام اور احمدیت پر آنے والے ادوار کا اجمالی ذکر بھی کیا گیا۔ تربیتی کلاسز کے دوران پنج وقتہ نمازوں کے علاوہ باقاعدہ نماز تہجد اور درس قرآن وحدیث کا بھی اہتمام کیا گیا۔ ان تربیتی کلاسز میں تعلیم کے ساتھ ساتھ صحت جسمانی کے لیے کھیلوں کا بھی اہتمام روزانہ بعداز نماز عصر کیا گیا۔ ان کلاسز سے جہاں افراد جماعت اور نومبائعین بچے اور بڑے مستفید ہوئے وہاں اکثریت غیر از جماعت بچوں کی بھی تھی جن کے والدین کو جماعتی تعلیم و تربیت پر بھرپور اعتماد ہے۔پندرہ روزہ کلاسز کے اختتام پر تمام اطفال میں حوصلہ افزائی کے لیے انعامات تقسیم کیے گئے۔
(رپورٹ: زاہد احمد بھٹی۔ مبلغ سلسلہ گنی بساؤ)