پیغام حضور انور

پیغام امیر المومنین حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز بر موقع جلسہ سالانہ سپین ۲۰۲۳ء

08-10-2023

پیارے احبابِ جماعت احمدیہ سپین

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

الحمد للہ کہ جماعت احمدیہ سپین کو ۱۳ تا ۱۴ اکتوبر ۲۰۲۳ اپنا جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے اس جلسہ کو خیر و برکت کا باعث بنائے اور اس کی برکات سے پوری طرح مستفیض ہونے کی توفیق بخشے۔

حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے جلسہ کے قیام کی غرض و غایت بیان کرتے ہوئے فرمایا ہے۔

’’اس جلسہ سے مدعا اور اصل مطلب یہ تھا کہ ہماری جماعت کے لوگ کسی طرح بار بار کی ملاقاتوں سے ایک ایسی تبدیلی اپنے اندر حاصل کر لیں کہ ان کے دل آخرت کی طرف بکلّی جھک جائیں اور ان کے اندر خداتعالیٰ کا خوف پیدا ہو اور وہ زُہد اور تقویٰ اور خدا تَرسی اور پرہیزگاری اور نرم دلی اور باہم محبت اور مواخات میں دوسروں کے لئے ایک نمونہ بن جائیں اور اِنکسار اور تواضع اور راستبازی ان میں پیدا ہو اور دینی مہمات کے لئے سرگرمی اختیار کریں۔‘‘(شہادۃ القرآن ، روحانی خزائن جلد ۶۔ صفحہ۳۹۴)

بس جو افراد جماعت اس جلسہ میں شامل ہو رہے ہیں وہ ان مقاصد کو یاد رکھیں اور اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں۔ سب کو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی اُس دلی خواہش کی طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے جو جلسہ میں شامل ہونے والوں کی حالت کے بارے میں آپ کے دل میں تھی، اُس مقصد کے حصول کی کوشش کرنے کی ضرورت ہے جو جلسہ سالانہ کے منعقد کرنے کا آپ کے دل میں تھا اور جس کا اظہار آپ نے ان الفاظ میں بھی کیا ہے کہ اس دنیا سے زیادہ آخرت کی طرف توجہ ہو۔اللہ تعالیٰ آپ سب کو اپنی روحانی حالتوں میں پاک تبدیلی پیدا کرنے اور زہد و تقویٰ میں ترقی کرنے کی توفیق دے۔

اللہ تعالیٰ کا آپ پر بڑا فضل اور احسان ہے کہ آپ کو خلافت کی نعمت سے نوازا ہے اور اس کے ذریعہ ایک لڑی میں پروئے گئے ہیں۔ اس نعمت کی قد ر کریں اور اس کی اطاعت کے اعلیٰ نمونے پیش کرنے کی کوشش کریں۔ اس قدرت کے ساتھ کامل اخلاص و محبت اور وفا اور عقیدت کا تعلق رکھیں ا ور خلافت کی اطاعت کے جذبہ کو دائمی بنائیں اور اس کے ساتھ محبت کے جذبہ کو اس قدر بڑھائیں کہ اس محبت کے بالمقابل دوسرے تمام رشتے کمتر نظر آئیں امام سے وابستگی میں ہی سب برکتیں ہیں اور وہی آپ کے لئے ہرقسم کے فتنوں اور ابتلائوں کے مقابلہ کے لئے ایک ڈھال ہے۔ پس اگر آپ نے ترقی کرنی ہے اور دنیا پر غالب آنا ہے تو میری آپ کو یہی نصیحت ہے اور میرا یہی پیغام ہے کہ آپ خلافت سے وابستہ ہو جائیں۔ اس حبل اللہ کو مضبوطی سے تھامے رکھیں۔ ہماری ساری ترقیات کا دارومدار خلافت سے وابستگی میں ہی پنہاں ہے۔

اللہ تعالیٰ آپ سب کا حامی و ناصر ہو اور اپنے بے شمار فضلوں کا وارث بنائے۔آمین۔

والسلام

خاکسار

(دستخط) خلیفۃ المسیح الخامس

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button