نیشنل سالانہ اجتماع وقف نو ڈنمارک
مورخہ ۹؍ستمبر ۲۰۲۳ء بروز ہفتہ واقفین نو و واقفات نو جماعت احمدیہ ڈنمارک کا سالانہ اجتماع مسجد نصرت جہاں کوپن ہیگن میں منعقد ہوا۔ الحمد للہ علیٰ ذالک
اس اجتماع کی تاریخ سال کے آغاز میں بننے والے وقف نو کے کیلنڈر میں شامل کی گئی تھی اور گاہے بگاہے اس اجتماع کے انعقاد اور تیاری کے سلسلہ میں یاددہانی بھی کروائی جاتی رہی اور آن لائن کلاسز میں اس بات کا جائزہ بھی لیا جاتا رہا کہ واقفین بھر پور طریق سے اس اجتماع میں تیاری کے ساتھ شامل ہوں۔ امسال اس اجتماع کے لیے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مکرم لقمان احمد کشور صاحب انچارج شعبہ وقف نو مرکزیہ لندن کی آن لائن افتتاحی اجلا س میں شمولیت کی اجازت مرحمت فرمائی تھی۔
افتتاحی اجلاس
پروگرام کے مطابق گیارہ بجے اجتماع کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ افتتاحی اجلاس کی صدارت محترم لقمان احمد کشور صاحب انچارج شعبہ وقف نو مرکزیہ نے آن لائن لندن سے کی۔ اس افتتاحی اجلاس میں واقفین نو و واقفات نو اور ان کےوالدین نے بھی شرکت کی۔ محترم لقمان احمدکشور صاحب نے افتتاحی تقریر میں وقف نو سکیم کا پس منظر پیش کیا اورواقفین کو عہد وقف کی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے اس کو نبھانے کی طرف توجہ دلائی۔آپ نے حضرت خلیفۃ المسیح الربع رحمہ اللہ تعالیٰ اور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے مختلف ارشادات پیش کیے اور احباب کو ان پر عمل کرنے کی طرف توجہ دلائی اور آخر پر اجتماعی دعا کروائی۔
مختصر وقفہ کے بعد مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔ واقفات نو کے مقابلہ جات نصرت ہال میں منعقد ہوئے جبکہ واقفین نو کے مقابلہ جات ناصر ہال میں ہوئے۔
اجتماع میں درج ذیل مقابلہ جات کروائے گئے: تلاوت قرآن کریم، اذان اور تقریر فی البدیہہ۔ اسی طرح واقفین نو خدام اور اطفال سے نصاب کا جائزہ لیا گیا۔ خدام کے جائزہ کے لیے ایک آن لائن جائزہ فارم بنایا گیا تھا۔
نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد واقفین نو اطفال سے مسجد نصرت جہاں سے ملحقہ لائبریری میں واقفین نو اطفال کا انفرادی جائزہ لیا گیا۔ جبکہ اس دوران والدین اور خدام ناصرہال میں سیمینار میں شریک ہوئے۔
سیمینار
نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد والدین سیمینار میں شامل ہوئے جس کا موضوع تھا ’’واقفین نو کے والدین کی ذمہ داریاں‘‘۔
سیمینار کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد وقف نو سکیم کے حوالے سے مرکزی شعبہ وقف نو کی تیار کردہ ایک ڈاکومنٹری دکھائی گئی۔ اس سیمینار کی پہلی تقریر مکرم چودھری منیراحمد صاحب نیشنل سیکرٹری تربیت جماعت احمدیہ ڈنمارک کی تھی۔ آپ نے بچوں کی تربیت اور والدین کی ذمہ داریوں کے حوالے سے والدین کو تربیت کے طریق اور اپنی ذمہ داریوں کو صحیح رنگ میں سمجھ کر ادا کرنے کی طرف توجہ دلائی۔بعد ازاں اس سیمینار میں شاملین کو دو گروپس میں تقسیم کردیا گیا۔ ایک گروپ نے ’’نظام جماعت بچوں کی تربیت کے لیے کس طرح والدین کی مدد کرسکتا ہے؟ ‘‘ کے موضوع پر اپنی تجاویز دیں جبکہ دوسرے گروپ نے ’’مغربی معاشرہ میں رہتے ہوئے والدین کس طرح اپنے بچوں کی تربیت کر سکتے ہیں کہ وہ بڑے ہوکر جماعت کے لیے مفید وجود بن سکیں‘‘ کے موضوع پر تجاویز دیں۔ دونوں گروپس کی تجاویز آنے پر احباب کے سامنے ان کو پیش کیا گیا۔ اس سیمینار کے اختتام پر نیشنل سیکرٹری وقف نو جماعت احمدیہ ڈنمارک نے مرکز سے موصولہ ہدایات والدین کے سامنے پیش کیں۔ الحمد للہ یہ پہلا سیمینار بہت کامیاب رہا۔
اختتام
شام ساڑھے تین بجے واقفین نو کا اجتماع اختتام پذیر ہوا۔ جبکہ واقفات نو نےشام ساڑھے پانچ بجے صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ ڈنمارک کی صدارت میں یہ تقریب منعقد کی۔
الحمد للہ یہ اجتماع کامیا ب رہا۔ کُل حاضری ۸۰؍ رہی۔ اللہ تعالیٰ اس اجتماع میں شامل ہونے والوں کے ایمان و ایقان میں ترقی عطا فرمائے اور ہمیں ہر آن خلیفہ وقت کی باتوں کو سننے اور ان پر عمل کرنے کی توفیق دیتا چلا جائے۔ آمین
(رپورٹ: محمد اکرم محمود۔ سیکرٹری وقف نو ڈنمارک و نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)