احمدیہ ہسپتال واگادوگو، برکینا فاسو میں گائنی وارڈ کا افتتاح
برکینا فاسو کے دارالحکومت واگادوگو میں احمدیہ ہسپتال کاباقاعدہ افتتاح امیرالمومنین حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ۲۰۰۴ء میں فرمایاتھا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل اورحضور انور کی دعاوٴں اور راہنمائی کے طفیل آج یہ ہسپتال ایک بڑے ادارے کی صورت میں ترقیات کی منازل طے کر رہا ہے۔ مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر جدید سہولیات سے لیس ایک جدیداور علیحدہ گائنی وارڈ کی ضرورت شدّت سے محسوس کی جارہی تھی۔ چنانچہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت نئے گائنی وارڈ کی تعمیر کی اجازت مرحمت فرمائی۔اس نئے بلاک کا سنگ بنیاد مورخہ ۲۳؍اکتوبر ۲۰۲۲ءکو ڈاکٹر چودھری اعجاز الرحمٰن صاحب صدر مجلس انصار اللہ برطانیہ نے رکھا تھا۔تعمیر کا کام بہت تیزی سے مکمل کیا گیا اور صرف نو ماہ میں عمارت تیارہوگئی۔
تعمیر مکمل ہونے پرمورخہ۲۲؍جولائی ۲۰۲۳ء کو گائنی وارڈ کا افتتاح مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب امیر جماعت برکینا فاسو نے کیا۔ اس موقع پر ایک تقریب کا انعقاد ہوا۔ تلاوت کے بعد ڈاکٹر کابورے ادریس صاحب نگران احمدیہ ہسپتال نے رپورٹ پیش کی۔رپورٹ کے مطابق احمدیہ ہسپتال واگادوگو میں گذشتہ ایک سا ل میں شعبہ گائنی میں کل ۳۳۷۲۲؍مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولت فراہم کی گئی۔ ڈیلیوری کے ۲۰۵۷؍کیسز ہوئے۔۱۴۴؍کیسز میں بڑا آپریشن کیا گیا۔ ۳۱۱۲؍حاملہ خواتین کو ویکسین لگائی گئی۔۶۳۰۳؍نومولود بچوں کو ویکسین لگائی گئی۔۹۸۲؍مریضوں کو ہسپتال میں داخل کرنا پڑا۔ جبکہ دیگر شعبوں جیسا کہ آنکھوں کی بیماریوں کے ۹۳۸۸؍مریضوں کا علاج کیا گیا جن میں سے دوران سال ۳۱۶؍کے آنکھوں کے آپریشن کیے گئے۔ امراض قلب کے ۱۲۴۸؍مریضوں کا علاج کیا گیا۔۱۱۲۳۱؍مریضوں کی سکیننگ کی گئی۔دوران سال ہسپتال میں کل ایک لاکھ تیرہ ہزار سات صد بائیس (۱۱۳۷۲۲) مریضوں کا علاج کیا گیا۔
نئے تعمیر ہونے والے اس گائنی وارڈ میں بچے کی پیدائش سے قبل کے مراحل، چیک اپ والے چار کنسلٹیشنرومز ہیں، دو گائنی کنسلٹیشنرومز ہیں۔ ایک ایکوگرافی روم ہے، ایک کمرہ فیملی پلاننگ کے معاملات کے لیے مختص ہے۔ تین پرائیویٹ رومز ہیں اور پیدائش کے بعد زچہ بچہ کو رکھنے کے لیے ایک ہال نما کمرہ ہے۔یہاں مجموعی طور پر خواتین کے علاج کے ساتھ ساتھ سکیننگ کی سہولت بھی دی گئی ہے ۔اس عمارت میں دو آپریشن تھیٹرز ہیں جو امراض نسواں اور زچگی کی ایمرجنسی اور علاج کے لیے ضروری آلات سے لیس ہیں۔عمارت کا مسقف حصہ آٹھ صد مربع میٹرز(۲۶۲۵ مربع فٹ) ہے۔ تعمیر پر ۱یک سو پچاس ملین فرانک سیفا (دو لاکھ چالیس ہزار امریکن ڈالرز)کے اخراجات آئے ہیں۔
تقریب کے بعدمکرم امیر صاحب نے فیتہ کاٹا اور دعا کروائی۔ اس کے بعد مہمانوں کو گائنی وارڈ کا دورہ کروایا گیا۔ خوبصورت استقبالیہ سے گزرتے ہوئے وسیع گیلری میں جائیں تو دائیں بائیں ڈاکٹرز روم اور علاج کی دیگر سہولیات کے لیے کمرے ہیں جن کا اوپر ذکر ہوچکا ہے۔ افتتاح کے ساتھ ہی اس وارڈ میں باقاعدہ کام شروع ہوگیا اور اسی روز دوپہر کو ایک بچے کی پیدائش بھی ہوئی۔
افتتاحی تقریب میں کئی معزز مہمانوں نے شرکت کی جن میں ڈاکٹرز ، علاقے کے چیف ، حکومتی افسران ، احمدیہ ہسپتال کے ساتھ کام کرنے والی سوسائٹیز کے نمائندگان،ممبران نیشنل مجلس عاملہ ، مبلغین اور دیگر کئی معززین شامل تھے۔ اللہ تعالیٰ اس ہسپتال کو ترقیات سے نوازتا چلا جائے ۔آمین
(رپورٹ: چودھری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)