ہیومینٹی فرسٹ کینیا کے تحت ’’مٹاوا‘‘ پرائمری سکول کے طلبہ میں سکول کے بستے اور سٹیشنری کی تقسیم
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۱۶؍ ستمبر ۲۰۲۳ء بروز اتوار ہیومینٹی فرسٹ کینیا کو اپنے پروگرام ’’نالج فار لائف‘‘ کے تحت ویسٹرن کینیا کے ایک دیہات ’’ مٹاوا ‘‘کے پرائمری سکول میں زیر تعلیم ’پری پرائمری سے آٹھویں جماعت‘ کے طلبہ و طالبات سے ملاقات کرنے اورانہیں فری سکول بیگز اور سٹیشنری مہیا کرنے کا موقع ملا۔ الحمد للہ علیٰ ذالک
یہ سکول جماعتی لحاظ سے ویسٹرن ریجن ’’ بی‘‘ میں واقع ہے اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہاں ایک پرانی اور مضبوط جماعت قائم ہے اور احباب جماعت اور سکول کی انتظامیہ کے درمیان دیرینہ اور خوشگوار تعلق قائم ہے جس کی بنا پر سکول کی انتظامیہ کی درخواست پر یا بعض دفعہ ان کی درخواست کے بغیر ہی جماعت وقتاً فوقتاً حسب ضرورت سکول ہٰذا کی مدد کرتی رہتی ہے۔مذکورہ بالا پروگرام ہیومینٹی فرسٹ کا پراجیکٹ تھا جس کے مطابق مندرجہ بالا تاریخ کو ہیومینٹی فرسٹ کینیا کی دس رکنی ٹیم اپنے چیئرمین کی قیادت میں مٹاوا پرائمری سکول پہنچی۔ باوجود اتوار کی رخصت کے سکول کے ہیڈ ماسٹر صاحب اپنے سٹاف ممبرز اور سکول انتظامیہ کے متعدد اراکین کے ساتھ ان کے استقبال کے لیے موجود تھے اور تمام طلبہ بھی نہایت نظم و ضبط کے ساتھ اپنے اساتذہ کی نگرانی میں اس ٹیم کے منتظر تھے۔ استقبال اور تعارف کے بعد ہیومینٹی فرسٹ کی ٹیم نے ۶۰۰؍ طلبہ و طالبات میں مندرجہ ذیل اشیاء تقسیم کیں۔
۲۰۰؍ ہیومینٹی فرسٹ برانڈڈ سکول کے بستے،۲۰۰؍پانی کی بوتلیں، ۲۰۰؍ لنچ باکسز، ۲۰۰؍ ہیومینٹی فرسٹ برانڈڈ پنسل پاوٴچز، ۶۰۰؍ بیروپین، ۶۰۰؍ پنسلیں،۶۰۰؍ ایکسرسائز بکس، ایک سو کاپیاں، ایک سو پلان بکس، ایک سو میوزک بکس، سو درجن کلر پنسلز۔
اس موقع پر موجود سکول انتظامیہ کے ممبران،سکول سٹاف اور زیر تعلیم بچوں کے والدین نے ہیومینٹی فرسٹ کی اس خدمت کو سراہتے ہوئے ہیومینٹی فرسٹ کا شکریہ ادا کیا۔ اللہ تعالیٰ ہیومینٹی فرسٹ کینیا کو علم کی ترقی و ترویج کے لیے زیادہ سے زیادہ خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:شبیر ابانگو صاحب۔ ہیومینٹی فرسٹ کینیا۔
مرتبہ و مرسلہ: محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل یو کے )