کرکٹ ورلڈ کپ ۲۳ء

کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء میں سری لنکا کی انگلینڈ کے خلاف بڑی فتح

کرکٹ ورلڈ کپ
میچ نمبر25: جمعرات 26 اکتوبر2023ء
انگلینڈ بمقابلہ سری لنکا
بمقام: بنگلورو(Bengaluru)

بھارت کی جنوبی ریاست کرناٹکا کے صدرمقام بنگلوروکے چناسوامی اسٹیڈیم میں کرکٹ ورلڈ کپ۲۰۲۳ء کے پچیسوَیں مقابلہ میں سری لنکا نے دفاعی چیمپئن انگلستان کو آٹھ وکٹو ں سے زَیرکردیا۔اس ٹورنامنٹ میں انگلش ٹیم کی پانچ میچوں میں چوتھی ہار کے ساتھ سیمی فائنل تک رسائی اور اپنے ٹائٹل کے کامیاب دفاع کی امیدیں ٹوٹنے لگی ہیں۔

اس میچ میں انگلش ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئیں۔معین علی،لیام لیوِنگسٹن(Liam Livingstone) اور کرس ووکس (Chris Woakes)کوٹیم میں شامل کیا گیا۔جبکہ گزشتہ میچ میں زخمی ہونے والے رِیس ٹاپلی (Reece Topley)ٹورنامنٹ سے باہر ہوچکے ہیں۔سری لنکن سکواڈ میں Pathiranaکی جگہ شامل ہونے والے تجربہ کار کھلاڑی اورسابق کپتان اینجلومیتھیوز(Angelo Mathews)نےاس میچ میں شرکت کی۔اسی طرح فاسٹ باؤلر Lahiru Kumaraبھی سری لنکا کی پلیئنگ الیون میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے۔

انگلش کیپٹن Jos Butlerنے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جسے اوپنرز نے پہلے چھ اوورز میں ۴۴رنز بناکر درست ثابت کیا ۔کنڈیشنزکو مدنظررکھتے ہوئے توقع کی جارہی تھی کہ اس میچ میں انگلینڈ ٹیم بڑا سکوربنانے میں کامیاب ہوگی ۔ لیکن جیسے ہی سری لنکا نے اینجلو میتھیوزکو باؤلنگ کے لئے گیندتھمائی جو میچ کا پانسہ پلٹنے لگا۔Mathewsنے تین سال بعد ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں گیندبازی کرتے ہوئے اپنی تیسری ہی بال پر Dawid Malanکی اہم وکٹ حاصل کرلی۔پھر چند اوورز بعد Mathewsکے ہاتھوں Joe Rootرن آؤٹ ہوگئے۔اس کےبعدانگلینڈ کےبلے بازیکے بعددیگرے اپنی وکٹیں گنوانے لگے اور کوئی بھی بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکا۔سری لنکا کے آف اسپنرMaheesh Theekshananaنے اپنی نپی تلی گیندبازی سے بلے بازوں کو دباؤمیں ڈالا اوردوسری طرف سے فاسٹ باؤلرLahiru Kumaraنے تین اہم کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے انگلش بیٹنگ لائن کی کمرتوڑدی۔ Ben Stokesنے سب سے زیادہ 43رنزبنائے ۔ پوری انگلش ٹیم 33.2اوورزمیں156رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی۔

سری لنکا کی طرف سے Lahiru Kumara نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔Kasun Rajithaاور Angelo Mathewsکے حصہ میں دو،دووکٹیں آئیں۔

ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کا آغاز اچھا نہ تھا،23کے سکور پر Kusal PareraاورKusal Mendisآؤٹ ہوکر واپس لوٹ گئے۔ان دونوں بلے بازوں کو David Willeyنے شکارکیا۔لیکن اس کے بعداِن فارم بلےباز Pathum Nissanka اور Sadeera Samarawickrama کے درمیان 137رنز کی ناقابل شکست ساجھے داری قائم ہوئی ۔ Nissanka نے اس ٹورنامنٹ میں اپنی لگاتارچوتھی نصف سینچری بنائی ۔انہوں نے دوچھکوں اورسات چوکوں کی مددسے ناٹ آؤٹ 77رنز کی بہترین باری کھیلی۔جبکہ Samarawickrama نے 65رنزصرف 54گیندیں کھیل کر بنائے جن میں ایک چھکا اور سات چوکے شامل تھے۔ یوں سر ی لنکن ٹیم نے مطلوبہ ٹارگٹ دو وکٹوں کے نقصان پر25.4اوورز میں پورا کرلیا۔

اس جیت کے بعد سری لنکا پانچ میچز میں چار پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر آگیا۔ان کا اگلا مقابلہ 30اکتوبرکو افغانستان کے خلاف پونے (Pune)میں ہوگا۔جبکہ انگلینڈ کواپنے چھٹے میچ میں لکھنؤ کے میدان پرمیزبان بھارت کے کڑے امتحان کا سامنا ہو گا۔
سر ی لنکاسے مایوس کن شکست کھانے کے بعد انگلینڈ کے کپتان جوس بٹلر(Jos Butler)نے کہا کہ ہم بحیثیت ٹیم اپنے بہترین کھیل سے بہت دور ہیں اور یہ ہمارے لئے بہت کٹھن وقت ہے۔انہوں نے اعتراف کیا کہ گیند اوربَلے دونوں کے ساتھ ان کی کارکردگی معیار سے بہت نیچے رہے۔تاہم بٹلر نے اس عزم کااظہار کیا کہ آئندہ مقابلوں میں انگلینڈٹیم بہتر کھیل پیش کرے گی۔

خلاصہ:

انگلینڈ33.2اوورز میں 156رنز پر آل آؤٹ
بین اسٹوکس43،بیئرسٹو30
لاہیروکمارا3/35،میتھیوز2/14
سری لنکا 25.4اوورز میں 2وکٹوں کے نقصان پر160رنز
نسانکا77،سمراوکراما65
سری لنکا کے لاہیروکمارا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اہم اعداد و شمار و ریکارڈز

• ورلڈ کپ 1996ء کے بعد پہلی بار انگلینڈکو عالمی ٹورنامنٹ مسلسل تین میچز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

• ورلڈ کپ 2007ءسے اب تک لگاتار پانچویں بار سری لنکا نے انگلینڈ کو شکست سے دوچار کیا ہے۔

• سری لنکا کے پاتھم نسانکا نے رواں برس گیارھویں بار ون ڈے میچز میں 50سے زائد رنز بنائے ہیں۔ بھارت کے شبمن گل بھی اس سال گیارہ مرتبہ 50کاہندسہ پارکرچکے ہیں۔

• پاتھم نسانکا سری لنکا کی طرف سے ورلڈ کپ مقابلوں میں لگاتار چار نصف سینچریا ں بنانے والے دوسرے بلے باز بن گئے۔قبل ازیں 2015ء میں کمارسنگاکارا نے مسلسل چاراننگز میں50سے زائد رنز بنائے تھے۔

• ورلڈ کپ 2023ء کے 25میچز مکمل ہوچکے ہیں ۔ ہرٹیم پانچ پانچ میچ کھیل چکی ہے۔ اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر دس پوائنٹس کے ساتھ بھارت پہلے ،آٹھ پوائنٹس اور بہتر نیٹ رن ریٹ کی بدولت جنوبی افریقہ دوسرے جبکہ نیوزی لینڈ تیسر ے اور آسٹریلیا چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

• جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بلے باز کوئنٹن ڈی کوک پانچ میچزمیں تین سینچریوں کی مدد سے مجموعی طورپر 407رنز سکور چکے ہیں۔باؤلنگ میں آسٹریلیا کے ایڈم زمپا13وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔

• اب تک اس ٹورنامنٹ میں 18سینچریاں بن چکی ہیں۔ سب سے بڑا انفرادی سکورکوئنٹن ڈی کوک کا ہے جنہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف 174رنز بنائے ۔جبکہ تیز ترین سینچری کا اعزاز آسٹریلیا کے گلین میکسویل کے نام ہے جنہوں نے نیدرلینڈزکے خلاف 40گیندوں پرسینچری سکور کی ۔

• ایک میچ میں بہترین باؤلنگ فگرز پاکستان کے شاہین آفریدی کے ہیں جنہوں نے آسٹریلیا کے خلاف54رنزکے عوض پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

• اب تک اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 17چھکے بھارت کےروہت شرما نے لگائے ہیں۔جبکہ مجموعی طورپر ورلڈ کپ 25میچز میں 321چھکے اور1183چوکے لگ چکے ہیں۔

(رپورٹ: ۔ن م طاہر)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button