کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء میں نیدرلینڈز کی بنگلہ دیش کے خلاف شاندار جیت
کرکٹ ورلڈ کپ
میچ نمبر28: ہفتہ 28 اکتوبر2023ء
بنگلہ دیش بمقابلہ نیدرلینڈز
بمقام: کولکتہ (Kolkata)
نیدرلینڈز نے بنگلہ دیش کو کولکتہ کے میدان پر87رنز سے شکست دے کر اس ورلڈ کپ میں اپنی دوسری فتح حاصل کی۔230رنز کے تعاقب میں بنگلہ دیشی ٹیم محض 142کےسکورپر ڈھیرہوگئی۔نیدرلینڈز کے کپتان سکاٹ ایڈورڈز(Scott Edwards) نےبلے بازی اور پال وین میکرین(Paul van Meekeren)نے گیندبازی میں شاندارکارکردگی دکھائی۔
بھارت کی ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکتہ(Kolkata) جسے ماضی میں کلکتہ (Calcutta) کہا جاتا تھا،کے ایڈن گارڈنزکرکٹ اسٹیڈیم میں اس ورلڈ کپ کا پہلا میچ کھیلا گیا۔
نیدرلینڈز نے ٹاس جیت کربیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اس کے اوپنرز4کے مجموعی سکورپر واپس لوٹ گئے۔بنگلہ دیش کے فاسٹ باؤلرز نے اچھا آغاز کیا اور پہلے دس اوورز صرف 47رنز بن سکے ۔
نیدرلینڈز کی طرف سے 2011ء کے ورلڈ کپ میں نمائندگی کرنے والے ویسلے بریسی(Wesley Barresi) نے اس ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ کھیلتے ہوئے 41رنز کی اچھی اننگز کھیلی جس میں 8چوکے شامل تھے۔63کے مجموعی سکور پر ڈچ ٹیم کی تیسری اور چوتھی وکٹ بھی گر گئی جس کے بعدسکاٹ ایڈورڈز کےصفر کے سکور پریکے بعد دیگرے دوکیچ چھوٹ گئے جوبعدازاں بہت مہنگے ثابت ہوئے۔سکاٹ ایڈورڈزنے باس ڈی لیڈے کے ساتھ مل کر سکورکو 100تک پہنچایا لیکن 17کے انفرادی سکور پر Bas de Leedeبھی آؤٹ ہوگئے۔
چھٹی وکٹ کی شراکت میں Scott EdwardsاورSybrand Englebrechtنے اہم 78رنز جوڑے۔کپتان ایڈورڈز نے ایک مرتبہ پھر ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئےورلڈکپ میں اپنی دوسری نصف سینچری بنائی۔یہ دونوں بلے باز 185کے سکور پر آؤٹ ہوگئے ۔تاہم آخری 4اوورز میں ڈچ ٹیم 40رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب رہی ۔اوریوں مقررہ پچاس اوورز میں 229رنز بناکرآؤٹ ہوگئی ۔
بنگلہ دیش کی جانب سے مستفیض الرحمٰن ،تسکین احمد،شریف الاسلام اور مہدی حسن نے دو،دووکٹیں حاصل کیں۔
توقع کی جارہی تھی کہ 230کا ہدف بنگلہ دیشی ٹیم آسانی سے پورا کر لے گی لیکن نیدرلینڈز نے ایک بارپھر سب کو حیرا ن کردیا۔ڈچ باؤلرز نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کیا،پچ سے بھی انہیں مدد ملی اور بنگلہ دیش کے بلے بازوں نےبھی غیرذمہ دارانہ بیٹنگ کے ساتھ حریف ٹیم کو اپنے اوپرحاوی ہونے کا موقع دیا۔نتیجۃً بنگلہ دیش کی طرف سےکوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کاسلسلہ جاری رہا۔اور پوری ٹیم 42.2اوورز میں 142رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
مہدی حسن میراز35رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔نیدرلینڈز کی طرف سے تیز گیندباز پال وین میکرین (Paul van Meekeren)نے صرف 23رنز کے عوض چارکھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔باس ڈی لیڈے نے دو جبکہ آریان دت،کولن ایکرمن اور لوگن وَین بیک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
خلاصہ:
نیدرلینڈز 50اوورز میں 229رنز پر آل آؤٹ
سکاٹ ایڈورڈز68،ویسلے بریسی41،اینگل بریٹ35
مستفیض الرحمٰن 36/2،مہدی حسن 40/2
بنگلہ دیش42.2اوورز میں 142رنزپرآل آؤٹ
مہدی حسن میراز35،محموداللہ20،مستفیض 20
پال وین میکرین 23/4،باس ڈی لیڈے 25/2
نیدرلینڈز کے پال وین میکرین (Paul van Meekeren) میچ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔
اہم اعدادوشماروریکارڈز
• اس میچ میں پال وین میکرین کی 23رنز کے عوض چار وکٹین ورلڈکپ میچز میں کسی بھی ڈچ باؤلر کی بہترین کارکردگی ہے۔اس سے قبل 2003ء کے ورلڈ کپ میں ٹم ڈی لیڈے نے انڈیا کے خلاف 35رنز دے کرچارکھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
• نیدرلینڈز کی بنگلہ دیش کے خلاف 87رنز سے کامیابی ورلڈ کپ مقابلوں میں کسی ایسوسی ایٹ ٹیم کی ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیم کے خلاف سب سے بڑی فتح ہے۔
• ورلڈ کپ مقابلوں میں بنگلہ دیش کی ایسوسی ایٹ ٹیموں کے خلاف یہ چوتھی ہار ہے۔قبل ازیں 2003ء میں کینیا اور کینیڈا جبکہ 2007ء میں آئرلینڈ کے ہاتھوں بنگلہ دیش کو شکست کا سامنا کرنا پڑاتھا۔
(رپورٹ: ۔ن م طاہر)