خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… امیرالمومنین حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ ۲۷؍اکتوبر ۲۰۲۳ء میں حماس-اسرائیل جنگ کی وجہ سے پیدا ہونے والی خطرناک صورتِ حال کا ذکر فرمایا اور متاثرین جنگ اور مظلومین کے لیے خصوصی دعاؤں کی تحریک فرمائی۔ مزید تفصیل کے لیے ملاحظہ کریں صفحہ اوّل۔
٭…اسرائیل نے غزہ پر تین اطرف سے حملہ کردیا، جس کے دوران طیاروں، بحری جنگی جہازوں سے بمباری اور ٹینکوں سے گولا باری کی گئی۔ اسرائیلی فوج کی بمباری میں اب تک جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد ۷۷۰۰؍سے زیادہ ہوگئی، جن میں ۳۶۰۰؍بچے بھی شامل ہیں۔جمعہ کی رات غزہ کی پٹی دھماکوں سے گونج اٹھی، ہر جانب دھویں کے بادل اٹھتے نظر آئے اسرائیلی فوج نے ٹینکوں کے ذریعے غزہ میں داخل ہونے کی ویڈیو بھی جاری کردی۔اسرائیلی فوج کی جانب سے شمالی غزہ میں ۱۵۰؍اہداف کو نشانہ بنانے اور حماس کے فضائی آپریشن کے سربراہ اور کئی کارکنوں کو شہید کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔دوسری جانب حماس کا کہنا ہے کہ غزہ پر اسرائیلی فوج کا تین طرفہ حملہ ناکام بنا دیا، بھاری نقصان پہنچایا، دشمن کئی محاذوں پر فلسطینی مزاحمت کے جال میں پھنس گیا۔فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملے پسپا کرنے کے لیے روسی ساختہ ٹینک شکن میزائل اور مقامی طور پر تیار یاسین میزائل استعمال کیے گئے۔
٭…فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے ۷؍ اکتوبر سے اب تک ۸۲۵؍فلسطینی خاندانوں کا اجتماعی قتل عام کیا۔۵۳؍ فلسطینی خاندانوں کو جمعہ کی شب کی گئی وحشیانہ بمباری کے دوران جاںبحق کیا گیا۔
٭…اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا اپنے خطاب میں کہنا ہے کہ غزہ کے شہری محفوظ علاقوں میں چلے جائیں، غزہ پٹی کے اندر جنگ مشکل اور طویل ہوگی۔ غزہ میں جاری زمینی کارروائیاں جنگ کا دوسرا مرحلہ ہے، دشمن شہریوں کو جنگ میں ایندھن کے لیے استعمال کر رہا ہے، ہم پر جنگی جرائم کا الزام لگانے والے منافق ہیں۔