مسجد ناصر Waiblingen، جرمنی کا مقامی اکیڈمی کے چند طلبہ کا دورہ
اللہ تعالیٰ کے فضل سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت مورخہ ۵؍ ستمبر ۲۰۲۳ء کو مسجد ناصر Waiblingen، جرمنی کا اپنے دست مبارک سے افتتاح فرمایاجس کا کافی ذکر ہمارے علاقے کے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں ہوا۔ اس کے نتیجہ میں غیر مسلم لوگوں میں مسجد اور اسلام کے بارے میں جاننے کے لیے دلچسپی بڑھی ہے۔اسی سلسلے میں Ludwig-Schlaich اکیڈمی کے ۵۴؍ طلبہ (جنہوں نے کورس مکمل کر کے جرمنی میں کنڈرگارٹن کے لیے اساتذہ بننا ہے) ایک لیکچرر اور ایک پادری ویرونیکا بوہنیٹ (جنہوں نے ۲۰۱۶ء میں مسجد ناصر کے سنگ بنیاد کے موقع پر پروٹسٹنٹ چرچ کے نمائندے کے طور پر ایک اینٹ بھی رکھی تھی) نے مسجد ناصر کا معلوماتی دورہ کیا۔یہ دو گروپس کی صورت میں آئے تھے۔ ہر گروپ کے ساتھ مکرم شارق افتخار صاحب مربی سلسلہ کی تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ ملاقات رہی جس میں ان کو مسجد دکھائی گئی اور اسلام احمدیت کا تعارف پیش کیا گیا۔ اسلام کے متعلق معلوماتی نمائش بھی دکھائی گئی۔ طلبہ کی طرف سے پوچھے گئے مختلف سوالات مثلاً اسلام میں عورتوں کا مقام، مسجد میں مرد اور عورتیں الگ نماز کیوں پڑھتے ہیں، مسجد میں بچوں کی تربیت کے لیے کیا کرتے ہیں،حج، جہاد، احمدی مسلمان دوسرے مسلمانو ں سے کیسے مختلف ہیں وغیرہ کے تفصیلی اور تسلی بخش جواب دیے گئے۔ آخر میں مہمانوں کی خدمت میں کیک اور کافی پیش کی گئی۔سب مہمانوں کو پین، رائٹنگ پیڈ اور جماعتی معلوماتی لٹریچر کا تحفہ دیا گیا۔
(رپورٹ:پرویز احمد۔ صدر جماعت Waiblingen جرمنی)