لجنہ اماء اللہ برکینا فاسو کا چودھواں سالانہ اجتماع
٭…نماز تہجد، مختلف عناوین پر دروس، ایمان افروز تقاریر اور دلچسپ مقابلہ جات کا اہتمام
٭… اجتماع کے ساتھ مجلس شوریٰ کا انعقاد اور صدر لجنہ اماء اللہ برکینا فاسو کا انتخاب
مکرمہ صائمہ حنا صاحبہ سیکرٹری ناصرات الاحمدیہ برکینافاسو اطلاع دیتی ہیں:لجنہ اماء اللہ برکینافاسو کا چودھواں سالانہ اجتماع مورخہ ۲۲تا۲۴؍ستمبر۲۰۲۳ء نیشنل ہیڈکوارٹرز واگادوگو میں منعقد ہوا۔ سالانہ اجتماع سے قبل برکینافاسو کے تقریباً تمام ریجنز میں ریجنل اجتماعات منعقد ہوئے تاکہ بھر پور تیاری کے ساتھ لجنہ ممبرات سالانہ اجتماع میں شامل ہوسکیں۔
اجتماع کا پہلا روز: نماز تہجد اور نماز فجر کے بعد ’’نماز کی اہمیت‘‘ پر درس دیا گیا۔ بعدازاں ناشتہ ہوا اور شاملین نےنماز جمعہ کی تیاری کی۔ نماز جمعہ سے قبل سیدنا حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطبہ جمعہ ایم ٹی اے کے ذریعہ براہ راست سنا گیا۔مرکزی مسجد بیت المہدی میں نماز جمعہ ادا کرنے اور دوپہر کے کھانے کے بعد سہ پہرساڑھے تین بجےمکرمہ صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ برکینافاسو کی زیر صدارت پہلے اجلاس کاآغاز ہوا۔ تلاوت قرآن مجید، عہد اور نظم کے بعد مکرمہ صدر صاحبہ نےافتتاحی تقریر کی۔مکرم امیر صاحب جماعت برکینافاسو کے نمائندہ مکرم کونے داؤدا صاحب نےاپنی تقریر میں لجنہ کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ اس اجلاس میں ایک تقریر ’’حضرت محمدﷺ بطور عورتوں کے نجات دہندہ‘‘ کے عنوان پر ہوئی۔ اجلاس میں بعض مہمان بھی شامل ہوئے جنہوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔اجلاس کے اختتام پر علمی مقابلہ جات شروع ہوئے جبکہ مہمانوں نے نمائش اور اجتماع کے دیگر اسٹینڈز کا دورہ کیا۔ نماز مغرب و عشاء کے بعد ’’مالی قربانی کی اہمیت‘‘ پر درس ہوا۔ شام کے کھانے کے بعد علمی مقابلہ جات جاری رہے۔
اجتماع کا دوسرا روز: نماز تہجد اور نماز فجر کے بعد ’’خلافت‘‘ کے موضوع پردرس دیا گیا۔ اس کے فوراً بعد ورزشی مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔ دوپہر بارہ بجے FEEMABاحمدی طلبہ و طالبات کی تنظیم کا اجلاس ہوا۔ جس میں نوجوان لجنہ ممبرات، ناصرات و طالبات نے شرکت کی۔
ناصرات کا سیشن: شام ساڑھے تین بجے اجتماع گاہ میں ناصرات کا الگ سیشن منعقد ہوا۔ تلاوت و ترجمہ کے بعد ناصرات کا عہد خاکسار (نیشنل سیکرٹری ناصرات الاحمدیہ) نے دہرایا۔ پھر نظم ہوئی اور مہمانوں کوخوش آمدید کہا گیا۔ اس اجلاس میں ’’ناصرات الاحمدیہ کی قربانی‘‘ کے عنوان سے ایک تقریر ہوئی جس کا ترجمہ مختلف زبانوں میں کیا گیا۔ ناصرات نے ایک مکالمہ پیش کیا جسے بہت پسند کیا گیا۔ ناصرات کے اجلا س میں مکرمہ صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ برکینافاسو نے شرکت کی اوربچیوں میں انعامات تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی حوصلہ افزائی بھی کی۔
اجتماع کا تیسرا روز: اجتماع کے تیسرے اور آخری روز کا آغاز نماز تہجد، نماز فجر اور درس سے ہوا۔ جبکہ ناشتہ کے بعد آٹھ بجے اختتامی اجلاس کا آغاز ہوا۔ اجلاس کی صدارت مکرمہ صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ برکینافاسو نے کی۔ تلاوت، عہد اور نظم کے بعد اجتماع کی رپورٹ پیش کی گئی۔ مکرمہ صدر صاحبہ نے متفرق مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشن لینے والی لجنہ ممبرات و ناصرات میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر بعض مہمانوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ کیتھولک چرچ کی نمائندہ خواتین اجتماع کے تینوں روز شامل ہوتی رہیں۔ انہوں نے اپنے تاثرات کا ظہا رکرتے ہوئے کہا کہ پہلی دفعہ وہ اس طرح کی سرگرمی میں شامل ہوئی ہیں اور وہ احمدی مسلمان خواتین کی سنجیدگی، محنت اور معاشرے کے لیے خدمات سے بہت متاثر ہوئی ہیں۔ تمام مہمانوں نے لجنہ اماء اللہ برکینا فاسو کی ترقی اور کوششوں کو سراہا۔ آخر پر صدر صاحبہ لجنہ نے اختتامی تقریر کی جس میں آپ نے بچیوں کی تربیت کے حوالے سے درپیش مشکلات سے نبرد آزما ہو نے کے لیے دعا اور محنت اور عملی نمونے کی طرف توجہ دلائی۔
بیرونی مہمانان کرام: امسال اس اجتماع میں بیرون ملک سے بھی مہمانان گرامی نے شرکت کی۔ چنانچہ مکرمہ صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ گھانا، صدر صاحبہ لجنہ اماءا للہ بینن اور صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ مراکش اپنے وفود کے ساتھ اجتماع میں شامل ہوئیں۔ ان معزز مہمانوں نے اجتماع کے پروگراموں میں شرکت کے علاوہ واگادوگو میں جماعتی ادارہ جات کا بھی دورہ کیا اور برکینافاسو جماعت پر اللہ تعالیٰ کے افضال اور خلافت کی برکات مشاہدہ کیں۔
مجلس شوریٰ
اجتماع کے دوسرے روز ہفتہ ۲۳؍ستمبر کولجنہ اماء اللہ برکینافاسو کی مجلس شوریٰ کا اجلاس خاکسار (سیکرٹری ناصرات الاحمدیہ برکینا فاسو) کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ برکینافاسو کا انتخاب ہوا۔ انتخاب کی اس کارروائی کی رپورٹ سیدنا حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں منظوری کی غرض سے بھجوائی گئی تو حضور انور نے از راہ شفقت نئی مدت کے لیے مکرمہ Barry Oumouصاحبہ اہلیہ مکرم Bapinaصاحب کا نام بطور صدر لجنہ اماء اللہ برکینافاسو منظور فرمایا۔
نمائش: اجتماع کے موقع پر ایک نمائش کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں جماعتی کتب اور لٹریچر کے علاوہ لجنہ و ناصرات کی طرف سے بنائے گئے آرٹ کے نمونے بھی آویزاں کیے گئے۔ لجنہ اماء اللہ کی مختصر تاریخ ایک بورڈ پر لکھ کر لگائی گئی تھی۔ نمائش کو پانچ صد کے قریب لوگوں نے وزٹ کیا۔
بازار: اجتماع کے موقع پر بازار کا انتظام کیاگیا تھا۔ اس بازار میں لجنہ وناصرات کی ہینڈ ی کرافٹ بھی رکھی گئیں اس طرح ضرورت کی دوسری چیزیں بھی میسر تھیں۔
میڈیا کوریج: آن لائن اخبارات اور مقامی ٹی وی نے اجتماع کو کوریج دی اور معاشرے میں احمدی خواتین کی قربانیوں اور کوششوں کو سراہا۔ اجتماع کی کل حاضری چھ صد سے زائد رہی۔
(رپورٹ: چودھری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)