کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء میں گلین میکسویل کی شاندار ڈبل سینچری کی بدولت آسٹریلیا کی افغانستان کے خلاف حیرت انگیز کامیابی
کرکٹ ورلڈ کپ
میچ نمبر39: منگل،7نومبر2023ء
افغانستان بمقابلہ آسٹریلیا
بمقام: ممبئی
منگل کے روز ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں آسٹریلیا اور افغانستان کے مابین نہ صرف ورلڈ کپ کی تاریخ بلکہ ایک روزہ انٹرنیشنل میچز کی تاریخ کا ایک یادگارترین مقابلہ دیکھنے کو ملا۔جس میں آسٹریلیا کےگلین میکسویل(Glenn Maxwell)نے لازوال بلے بازی کرتے ہوئے 201رنز ناٹ آؤٹ بنائے اوراپنی ٹیم کو ایک ناقابل یقین فتح سے ہمکنارکیا۔
292رنزکے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم 19ویں اوورمیں صرف 91 رنز پر سات وکٹیں کھو چکی تھی۔افغانستان کی جانب سے نوین الحق (Naveen-ul-Haq)اور عظمت اللہ عمرزئی (Azmatullah Omarzai)نے کنڈیشنزکا بھرپورفائدہ اٹھاتے ہوئے بہترین swingباؤلنگ کی اور 9اوورز میں 49کے مجموعی سکورپر چاربلے بازوں کو آؤٹ کرکے آسٹریلیا کو شدید مشکلات سے دوچارکردیا۔ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ بالترتیب 18 اور صفر رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔مچل مارش 24 اور جوش انگلس بھی صفر کے سکور پر واپس لوٹ گئے۔پھر مارنس لیبوشین 14رنز بنا کررن آؤٹ ہوئے۔جس کے بعد راشد خان نے یکے بعددیگرے مارکس اسٹوئنس اور مچل اسٹارک کی وکٹیں حاصل کیں تو 91کے سکورپر آسٹریلیا کے سات کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔اس موقع پر نہ صرف افغانستان کی جیت واضح نظر آرہی تھی بلکہ بڑے مارجن سے فتح انہیں یقینی طورپر ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں بھی پہنچا سکتی تھی۔لیکن اس صورتحال میں گلین میکسویل، جنہیں Big Showبھی کہاجاتاہے ،کے ارادے مختلف تھے۔آغازمیں قسمت نے بھی ان کا ساتھ دیا۔پہلے ایک انتہائی قریبی معاملہ میںLBW کا فیصلہ DRSکے ذریعہ میکسویل کے حق میں گیااورپھراسی اوور میں اسپنر نوراحمدکی گیند پر مجیب الرحمٰن نے ایک نہایت آسان کیچ چھوڑدیا۔اس کےبعدمیکسویل نےجوکیا اسے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف سے لکھا اور یادکیاجائے گا۔
Maxwellنےاپنےروایتی انداز میں حیرت انگیزاور ناقابل یقین بیٹنگ کی اوردیکھتے ہی دیکھتے وہ افغانستان کے باؤلرزپر حاوی ہوگئے۔دوسری جانب کپتان پیٹ کمنز(Pat Cummins) نے دفاعی انداز اپنا کر بھرپورساتھ دیا۔186کے مجموعی سکورپرگلین میکسویل نے 76گیندوں پر اس ورلڈ کپ میں اپنی دوسری سینچری مکمل کی۔
جیسےہی میکسویل کی سینچری مکمل ہوئی توشدید گرمی کی وجہ سے ان کی ٹانگ میںcrampsپڑنے شروع ہوئے اور وہ واضح تکلیف میں دکھائی دئیے۔ ہرگزرتے اوور کے بعد ان کی تکلیف میں اضافہ ہوتا چلا گیا اور پھر ایک ایسا موقع آیا کہ ان کے لئے دوڑناتو دورکی بات چلنا بھی مشکل ہوگیا۔آسٹریلوی فزیو کوباربارمیدان میں آ کرمیکسویل کو مدد فراہم کرنا پڑی۔لیکن انہوں نے اپنی جدوجہد جاری رکھی اور بظاہر ایک ٹانگ پرکھڑےہوکرایسی شاٹس کھیلیں کہ سب دیکھنے والےورطۂ حیرت میں مبتلا ہو گئے۔ میکسویل ہر اوورمیں چوکے چھکے لگاتے رہے اورہدف قریب سے قریب تر ہوتا گیا۔افغان کیپٹن ،فیلڈرزاورباؤلرزبے بس اور لاجواب نظر آنے لگے،افغانستان کے مداح اور شائقین جوبڑی تعداد میں اسٹیڈیم میں موجود تھے مایوس اور پریشان دکھائی دینے لگے،جبکہ دوسری جانب آسٹریلوی ڈریسنگ روم میں اُن کے کھلاڑیوں کی خوشی دیدنی تھی۔
بالآخرآسٹریلوی ریاست وکٹوریا سے تعلق رکھنے والے 35سالہ گلین جیمزمیکسویل(Glenn James Maxwell)نے اپنی ٹیم کوفتح دلا کرسیمی فائنل میں پہنچا دیا اور افغانستان کے تاریخ رقم کرنے کے خواب چکناچورکردئیے۔افغانستان کی طرف سے 47واں اوور پھینکنےمجیب الرحمٰن آئے تو آسٹریلیا کو جیت کے لئے 21رنز درکار تھے۔میکسویل نے تین چھکے اورایک چوکا لگا کر نہ صرف ہدف پورا کرلیا بلکہ 128گیندوں پر ون ڈے کرکٹ کی دوسری تیز ترین ڈبل سینچری بھی مکمل کی۔ان کی باری میں 10چھکے اور21 چوکے شامل تھے۔آسٹریلوی کپتان Pat Cummins نے 68گیندوں پر ناٹ آؤٹ 12رنز بنائے۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز اسکور کیے۔اوپنرابراہیم زدران (Ibrahim Zadran)افغانستان کی جانب سے ورلڈ کپ میں سنچری بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے۔وہ143گیندوں پرتین چھکوں اورآٹھ چوکوں کی مددسے129رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔21 سال اور 330دن کی عمر میں،ابراہیم زدران ورلڈ کپ کے چوتھے کم عمر ترین سنچری بنانے والے کھلاڑی ہیں۔
افغانستان کی اننگز کی ابتداء میں 38کے مجموعی سکورپر رحمان اللہ گرباز(Rahmanullah Gurbaz)21رنز بنا کرآؤٹ ہوئے ۔اس کے بعد ابراہیم زدران نے رحمت شاہ اور حشمت اللہ شاہدی کے ساتھ بالترتیب 83اور52رنز کی اہم پارٹنرشپ بنائیں لیکن شاید اننگز کا سب سے اہم حصہ راشد خان کے بلے سے آیا،جنہوں نے صرف 18 گیندوں پر ناقابل شکست 35 رنز بنائے ۔جس کی بدولت افغانستان نے آخری پانچ میں 64رنز کا اضافہ کیا اور آخری دس اوورز میں 96رنز بنے ۔یوں افغانستان نے ورلڈ کپ مقابلوں میں اپنا سب سے بڑا سکور 5وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز کا بنایا۔
افغانستان کی طرف سے رحمت شاہ 30،حشمت اللہ شاہدی 26،عظمت عمرزئی 22،اورمحمد نبی 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے 2 جبکہ مچل اسٹارک،ایڈم زمپا اور گلین میکسویل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
خلاصہ:
افغانستان 50اوورز میں 291/5رنز
ابراہیم زدران 129*،راشد خان 35*
ہیزل ووڈ2/39،گلین میکسویل 1/55
آسٹریلیا46.5اوورز میں 293/7رنز
گلین میکسویل201*،مچل مارش24،پیٹ کمنز12*
اہم ریکارڈز و اعدادوشمار
- گلین میکسویل 201رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ آسٹریلیا کی طرف سے ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سینچری بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔قبل ازیں آسٹریلیا کی طرف سے سب سے بڑی اننگز شین واٹسن نے بنگلہ دیش کے خلاف 2011ء میں 185رنز کی کھیلی تھی۔
- ون ڈے کرکٹ میں گلین میکسویل پہلے کھلاڑی ہیں جنہوں نے ہدف کے تعاقب میں ڈبل سینچری بنائی۔اسی طرح میکسویل کے 201رنز کسی بھی non-openerکی جانب سےایک روزہ کرکٹ میں سب سے بڑا انفرادی سکور ہے۔
- پیٹ کمنز اور گلین میکسویل کے درمیان 202*کی پارٹنرشپ ون ڈے کرکٹ میں ساتویں یا اس سے نچلے نمبرزکےبلے بازوں کی سب سے بڑی شراکت ہے۔اس تاریخ ساز شراکت میں 179رنز میکسویل اور 12کمنز نے بنائے ۔
- آسٹریلیا نے افغانستان کے خلاف 292رنز کا ہدف پورا کیا گیا جوکہ ایک روزہ عالمی ٹورنامنٹ میں ان کا سب سے بڑا ہدف ہے ۔
- ورلڈکپ کی تاریخ میں میکسویل ڈبل سینچری بنانے والے تیسرے بلے باز ہیں ۔ قبل ازیں 2015ء کے عالمی ٹورنامنٹ میں نیوزیلینڈکے مارٹن گپٹل اور ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے ڈبل سینچری بنائی تھی۔
(رپورٹ: ن م طاہر)