مجلس انصاراللہ کینیا کی سالانہ تربیتی کلاس، نیشنل اجتماع اور مجلس شوریٰ
٭…تین روزہ تربیتی کلاس میں متفرق مضامین، مختصر احادیث اور فقہی و اختلافی مسائل کی تدریس
٭…سالانہ اجتماع کے موقع پر انصار کا جنرل اور آنکھوں کا چیک اپ نیز معلوماتی تقاریر اور ورزشی و علمی مقابلہ جات کا انعقاد
٭… مجلس شوریٰ میں صدر مجلس انصار اللہ اور نائب صدر صف دوم کا انتخاب
سالانہ مرکزی تربیتی کلاس انصارللہ کینیا
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصاراللہ کینیا کو ۱۶ تا ۱۸؍ اکتوبر ۲۰۲۳ء بروز سوموار تا بدھ تین روزہ مرکزی تربیتی کلاس نیروبی ہیڈ کوارٹرز میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔الحمدللہ علیٰ ذالک۔ اس تین روزہ کلاس میں ہر روز نماز تہجد سے دن کا آغاز ہوتااور نماز فجر و درس قرآن کریم کے بعد سیر کی تیاری اور ناشتہ کے لیے وقفہ ہوتا۔ اس کے بعد کلاس کا تدریسی پروگرام شروع ہوتا جو چائے کے ایک مختصر وقفے کے ساتھ نماز ظہر تک جاری رہتا۔نماز ظہر اور دوپہر کے کھانے کے بعد کلاس دوبارہ شروع ہوتی اور نماز عصر تک جاری رہتی۔نماز عصر کے بعد ایک لیکچر یا سوال و جواب کا اجلاس ہوتا اور پھر کھیل وغیرہ کا پروگرام ہوتا۔ نماز مغرب کے بعد کھانا پیش کیا جاتااور نماز عشاء کے بعد انصار ایم ٹی اے کے پروگرام دیکھتے۔کلاس میں انصار بھائیوں کو نماز سادہ اورباترجمہ،مختصر احادیث کے علاوہ فقہی و اختلافی مسائل پڑھائے جاتے رہے۔ کلاس کے آخر پر شرکائے کلاس کا امتحان لیا گیا جس میں نمایاں پوزیشن لینے والے انصار کو اجتماع کے اختتامی اجلاس میں انعامات اور جملہ شرکائے کلاس کو شرکت کی اسناد دی گئیں۔کلاس میں کُل ۱۹؍ انصار شامل ہوئے۔
مجلس انصاراللہ کینیا کا سولہواں سالانہ اجتماع
مجلس انصار اللہ کینیا کا سولہواں سالانہ اجتماع ۲۰ و ۲۱؍ اکتوبر بروز جمعہ و ہفتہ ہیڈ کوارٹرز نیروبی میں منعقد ہوا۔اجتماع میں شرکت کے لیے جمعرات سے ہی انصار بھائیوں کی آمد شروع ہو گئی تھی۔ جمعة المبارک کی صبح مجلس انصار اللہ کے زیر انتظام انصار کے جنرل میڈیکل چیک اپ اور آنکھوں کے چیک اپ کے لیے اجتماع کے مقام پر دو مختلف ٹیمیں موجود تھیں جنہوں نے نماز جمعہ تک انصار اور دیگر احباب کا معائنہ کیا اور ادویات دیں۔ ۱۶؍ احباب کو حسب ضرورت عینکیں مہیا کی گئیں اور چار انصار کے کیٹرکٹس کے آپریشن کیے گئے۔ نماز جمعہ سے پہلے اجتماع کے شرکاء کی رجسٹریشن کا کام مکمل ہو چکا تھا۔ نماز جمعہ کی ادائیگی اور دوپہر کے کھانے کے بعد تمام انصار نے ایم ٹی اے پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطبہ جمعہ سنا۔جس کے بعد پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔ مکرم ناصر محمود طاہر صاحب امیر و مشنری انچارج کینیا نے لوائے احمدیت لہرایا جبکہ عبد العزیز گاکوریا صاحب صدر مجلس انصاراللہ کینیا نے انصار کا جھنڈا لہرایا۔ مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی اور تمام انصار افتتاحی اجلاس کے لیے ناصر ہال میں تشریف لے گئے۔
افتتاحی اجلاس کی کارروائی کا آغاز صدر صاحب مجلس انصار اللہ کینیا کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم، ترجمہ، عہد اور نظم سے ہوا۔ بعد ازاں شیخ سمیر احمد صاحب قائد تربیت نے افتتاحی تقریر کی جبکہ عقیل احمد شاہ صاحب نے خلافت کی برکات پر انگریزی میں تقریر کی۔آخر میں نعیم احمد شاہ صاحب نائب صدر مجلس انصاراللہ نے دعا کروائی اور افتتاحی اجلاس ختم ہوا۔
اس کے بعد صف دوم کے علمی مقابلہ جات ہوئے اور نماز مغرب اور عشاء کی ادائیگی کے بعد تمام انصار نے سیدنا حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت میں دعائیہ خطوط لکھے۔ شام کےکھانے کے بعد مختلف ریجنز کے درمیان والی بال کے مقابلے ہوئے۔
دوسرے دن کے پروگرام کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر اور درس قرآن پاک کے بعد ورزش اور تیاری اور ناشتے کے لیے وقفہ ہوا۔نماز ظہر تک ریجنز کے درمیان مختلف ورزشی مقابلہ جات جاری رہے۔نماز ظہر و عصر کے بعد اجتماع کا دوسرا اجلاس شروع ہوا جس میں تلاوت،عہد اور نظم کے بعد انصار صف اول کے علمی مقابلہ جات اور تمام انصار کے درمیان مقابلہ کوئز ہوا۔ ایک مختصر وقفہ کے بعد اجتماع کا اختتامی اجلاس زیر صدارت مکرم امیر و مشنری انچارج صاحب شروع ہوا۔تلاوت قرآن پاک،عہد و نظم کے بعد برکات خلافت کے موضوع پر سواحیلی زبان میں ایک تقریر ہوئی ۔سمیر احمد شیخ صاحب ناظم اعلیٰ اجتماع نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی پھر صدر صاحب مجلس انصار اللہ نے سالانہ رپورٹ پیش کی۔ مکرم امیر صاحب نے کلاس اور اجتماع میں نمایاں پوزیشن لینے والے انصار نیز دوران سال بہترین کارکردگی دکھانے والی مجالس میں انعامات تقسیم کیے اور مختصر تقریر کے بعد دعا کروائی۔ اس اجتماع میں کُل ۱۰۴؍ انصار شامل ہوئے۔
نیشنل شوریٰ مجلس انصاراللہ کینیا
مجلس انصار اللہ کینیا کی سالانہ مجلس شوریٰ مورخہ ۲۲؍ اکتوبر بروز اتوار ناصر ہال نیروبی ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوئی۔نماز تہجد اور نماز فجر کے بعد درس قرآن کریم ہوا۔ناشتے کے بعد ٹھیک آٹھ بجے شوریٰ کا پہلا اجلاس صدر مجلس انصاراللہ کی زیر صدارت شروع ہوا۔تلاوت قرآن کریم کے بعد امسال ایجنڈا میں شامل تبلیغ،تربیت اور مال سے متعلق تین تجاویز کے لیے سب کمیٹیوں کی تشکیل ہونے کے بعد ان کے اجلاسات کے لیے وقفہ ہوا۔ گیارہ بجے شوریٰ کا آخری اجلاس شروع ہوا جس میں سب کمیٹیوں نے اپنی اپنی رپورٹس پیش کیں جن پر بحث کے بعد اراکین شوریٰ نے بالاتفاق ان کی تجاویز کی منظوری کی سفارش کی۔اس کے ساتھ سالانہ بجٹ بھی پیش کیا گیا، اس کی بھی برائے منظوری سفارش کی گئی۔ اس کے بعد گذشتہ سال شوریٰ میں منظور کردہ تجاویز پر عمل درآمد کی رپورٹس متعلقہ سیکرٹریان نے پیش کیں اور صدر مجلس نے ایک مختصر تقریر کی۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت اگلے دو سال کے لیے صدر مجلس انصار اللہ اور نائب صدر صف دوم کا انتخاب عمل میں آیا۔آخر میں مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی اور یہ اجلاس بخیروعافیت اختتام پذیر ہوا۔الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ: محمد افضل ظفر۔ مربی سلسلہ و نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)