جرمنی کی لوکل امارات میں جلسہ سیرت النبیﷺ کا انعقاد
لوکل امارت Darmstadt
جلسہ سیرت النبی ﷺیکم اکتوبر بروز اتوار بعد نماز ظہرو عصر مسجد نورالدین میں لوکل امیر اسامہ انور قریشی صاحب کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں ۳۱۲؍ مرد و خواتین شامل ہوئے۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد پہلی تقریر نعمان احمد خالد مربی سلسلہ نے جرمن زبان میں کی۔آپ نے کئی پہلوؤں سے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ بیان کی۔ اس کے بعد قصیدہ پیش کیا گیا۔ اجلاس کے دوسرے مقرر عمران احمد بشارت صاحب مربی سلسلہ نے سیرت رسول اللہ ﷺکی روشنی میں ان امور کی طرف توجہ دلائی جو روز مرہ کی انسانی زندگی میں اصلاح نفس اور اصلاح معاشرہ اور عبادات کی طرف متوجہ کرتے ہیں۔ آپ نے کثرت کے ساتھ درود شریف پڑھنے کی تلقین کی۔ چند اعلانات کے بعد دعا کے ساتھ جلسہ کا اختتام ہوا۔ بعد ازاں حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔
لوکل امارت Riedstadt
یکم اکتوبر کو جلسہ سیرت النبیﷺ مسجد عزیز میں منعقد ہوا۔ رفیع احمد کامران لوکل امیر صاحب نے صدارت کی۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد دو تقاریر جرمن زبان اور ایک اردو میں کی گئی۔ حماد عبدالرزاق صاحب نے عشق رسولؐ کی اہمیت اور اسامہ احمد صاحب نے آنحضرتؐ کی سادہ زندگی کے موضوع پر جرمن زبان میں تقریر کی۔ انتصار احمد صاحب مربی سلسلہ و استاد جامعہ احمدیہ نے آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاق فاضلہ اردو زبان میں بیان کرتے ہوئے حاضرین سے حضورؐ کے اخلاق اپنا کر اپنی عملی زندگیوں کو اور زیادہ بہتر بنانے کی تلقین کی۔ دعا کے بعد حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ جلسہ میں ستّر انصار ، نوّے خدام ، ساٹھ اطفال، ایک سو لجنہ ممبرات ، نوّے ناصرات اور تیس بچے شامل ہوئے۔ یاد رہے کہ مسجد عزیز جامعہ احمدیہ جرمنی کے پہلو میں واقع ہے۔
(رپورٹ: عرفان احمد خان۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)