ریجنل لائبریری و معلم ہاؤس ساں پیدرو، آئیوری کوسٹ کا افتتاح
اللہ تعالیٰ کےفضل و کرم سے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کو امسال جن تعمیرات کی توفیق ملی ان میں ساں پیدرو شہر میں ریجنل لائبریری نیز معلم ہاؤس کی تعمیر بھی شامل ہیں۔ساں پیدرو ریجن میں جماعت کا قیام لمبا عرصہ قبل عمل میں آچکا تھا۔ تاہم ۲۰۰۸ء میں ۲۸۰؍مربع میٹر پر محیط مسجد بیت الرحیم کی تعمیر کی گئی جس کاافتتاح ۲۰۱۱ء میں عمل میں آیا۔ ۲۰۱۹ء میں مسجد کے سامنے واقع چار جماعتی پلاٹس میں سے ایک پلاٹ پر ریجنل مشن ہاؤس اور ہیومینٹی فرسٹ نے پرائمری سکول کی پہلی تین کلاسز، پرنسپل آفس نیز واش رومز کی تعمیر بھی مکمل کی۔
۲۰۱۹ء میں مشن ہاؤس اور پرائمری سکول کے وسط میں موجود جگہ پر ریجنل لائبریری کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔سال ۲۰۲۳ء کے شروع میں مرکزی منظوری کے ساتھ لائبریری کے بقیہ کام مکمل کروائے گئے اور ریجنل لائبریری تکمیل کو پہنچی۔یہ لائبریری ۸۰؍مربع میٹر احاطہ پر مشتمل ہے۔جبکہ لائبریری کے سامنے سڑک والی سائیڈ پر دو میٹر چوڑا اور چھ میٹر لمبا ٹیرس بھی تعمیر کیا گیا ہے جس کے ایک طرف ریجنل دفتر جماعت احمدیہ اور دوسری جانب ایک سٹور تعمیر کیا گیا۔ نیز لائبریری کے اندر ایک کمرہ بطور مہمان خانہ بھی تعمیر کیا گیا۔لائبریری کے اندر شمس الدین صاحب معلم سلسلہ نے خوبصورت انداز میں مختلف آیات و احادیث کے ساتھ عربی زبان میں کیلیگرافی بھی کی ہے جبکہ لائبریری کی بیرونی دیوار پر بھی فرنچ اور عربی زبان میں کیلیگرافی کروائی گئی ہے۔
مارچ ۲۰۲۳ء میں مرکزسے منظوری کے بعد مسجد بیت الرحیم سے ملحقہ پلاٹ پر ساں پیدرو شہر کے لیے معلم ہاؤس کی تعمیر کا آغاز کیا گیا۔ دابو سالف صاحب (Dabou Salif) (احمدی ٹھیکیدار)نے معلم ہاؤس کی تعمیر کی توفیق پائی۔ یہ معلم ہاؤس دو کمروں، ٹی وی لاوٴنج، کچن، دو واش رومز اور ٹیرس پر مشتمل ہے۔ اس کا احاطہ ۸۵؍مربع میٹر پر مشتمل ہے۔
مورخہ ۳۰؍ستمبر بروز ہفتہ مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مشنری انچارج مع نیشنل عاملہ کے ممبران ساں پیدرو جماعتی دورہ پر تشریف لائے۔ اس دورہ کے دوران مکرم امیر صاحب نے ریجنل لائبریری نیز معلم ہاؤس کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب کا انعقاد مورخہ ۳۰؍ستمبر دوپہر اڑھائی بجے عمل میں آیا۔ امیر صاحب و ممبران نیشنل عاملہ اور ممبران ریجن ساں پیدرو نے لائبریری کا افتتاح کیا۔ مکرم امیر و مشنری انچارج صاحب نے تختی کی نقاب کشائی کی اور دعا کروائی جس کے بعد فیتا کاٹا۔معاً بعد تمام حاضرین کو سومارو قاسم صاحب معلم سلسلہ ساں پیدرو شہر نیز خاکسار(ریجنل مبلغ سلسلہ) نے لائبریری و کتب نیز ریجنل دفتر کا تعارف کروایا۔اس کے اختتام پر امیر صاحب نے اس تقریب میں شریک دو عیسائی پادریوں کو قرآن کریم مع فرانسیسی ترجمہ، ’حضرت محمدﷺ بائبل کی رو سے‘، ’عالمی بحران اور امن کی راہ‘ نیز ’حضرت عیسیٰ کی وفات کہاں ہوئی؟‘ کے موضوعات پر شائع شدہ فرانسیسی کتب کا تحفہ بھی پیش کیااور دعا کروائی۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب اور تراؤرے اسمائیل صاحب(Traore Soumaila) صدر جماعت ساں پیدرو شہر نے لائبریری کے داخلی دروازہ کے ساتھ ہی ایک ایک پودا لگایا اور ممبران جماعت کے ساتھ لائبریری کے سامنے گروپ فوٹو بنائی۔ افتتاح لائبریری کےمعاً بعد امیر صاحب مع نیشنل عاملہ معلم ہاؤس تشریف لے گئے جہاں امیر صاحب نے فیتا کاٹ کر معلم ہاؤس کا افتتاح کیا اور دعا کروائی۔ ریجن ساں پیدرو کی مختلف جماعتوں سے آئے ہوئے عہدیداران کے ساتھ امیر صاحب و نیشنل عاملہ کے ممبران نے میٹنگ بھی کی جس کا سلسلہ نماز عشاء تک جاری رہا۔
(رپورٹ: عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)