مجلس انصاراللہ ناروے کے زیر اہتمام قرآن سیمینار کا انعقاد
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۵؍ نومبر ۲۰۲۳ء بروز اتوار مجلس انصار اللہ ناروے کو مسجد بیت النصر،اوسلو میں قرآن سیمینارمنعقدکرنے کی توفیق ملی۔ ڈاکٹر احمد رضوان صادق صاحب صدرمجلس انصاراللہ ناروے کی زیر صدارت پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم، ترجمہ اور نظم سے ہوا۔
اجلاس کی پہلی تقریر چودھری شاہد محمود کاہلوں صاحب مربی سلسلہ و مشنری انچارج نے ’’سورۃ الفاتحہ کی تفسیر‘‘ کے عنوان سے پیش کی۔بعد ازاں چودھری وحید الدین صاحب نے قرآن مجید کو بہتر طور پر سمجھنے کے لیے عربی گرائمر کے چند اصول وائٹ بورڈ کی مدد سے سمجھائے۔ اس کے بعد بشارت احمدصابر صاحب استاد قرآن کلاس نے قرآن کریم پڑھنے کے چند آسان تجویدی قواعد کے بارے میں بتایا اور حاضرین سے کلاس میں شامل ہونے کی تلقین کی۔یہ قرآن کلا س آن لائن ہفتہ میں دو دن ہوتی ہے جس میں قرآن کو ترتیل کے ساتھ پڑھنا اور اس کا ترجمہ سیکھایا جاتا ہے۔
اگلی تقریر ڈاکٹر سیف الرحمٰن صاحب قائدتعلیم القرآن نے ’’حفظ قرآن کی برکات‘‘ کے موضوع پر کی۔ صدر صاحب مجلس انصاراللہ ناروے نے یاددہانی کے طور پر بتایا کہ مجلس انصار اللہ ناروے گذشتہ تقریباً دو سال سے انصار اللہ کو قرآن پڑھنے، سمجھنے اور اسے حفظ کرنے کی طرف خاص توجہ دلارہی ہے۔ جب ساٹھ انصار اپنے مختص کردہ نصف پارہ کو حفظ کرلیں گے تو ہم کہہ سکتے ہیں کہ مجلس انصار اللہ ناروے اللہ کے فضل سے(مل کر) حافظ قرآن ہے۔ ۳۱؍ ممبران اس تحریک میں شامل ہوچکے ہیں۔ موصوف نے مزید ممبران کو اس تحریک میں شامل ہونے کی تلقین کی۔ آخر میں آپ نے مسئلہ فلسطین کا ذکر کیا اور بتایا کہ جماعت اور خلفائے کرام اس سلسلہ میں شروع سے ہی توجہ دلاتے رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں آپ نے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ کی دعائیہ تحریک کے الفاظ دہرائے۔
آخر میں مکرم چودھری ظہوراحمدصاحب نیشنل امیر ناروے نے مختصر تقریر میں کہا کہ قرآن تمام انسانیت کے لیے ایک چارٹر ہے۔ آ ج کی دنیا کو درپیش تمام مسائل کا حل قرآن میں موجود ہے۔
دعا کے بعد شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔اس سیمینار میں کُل حاضری ۳۶؍ رہی۔
( رپورٹ: عامرمحمود۔ قائد اشاعت مجلس انصاراللہ ناروے)