سپورٹس بلیٹن
کرکٹ:بھارت اورآسٹریلیا کے مابین پانچ ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز چار۔ایک کے فرق سے میزبان بھارت نے اپنے نام کرلی۔پہلے دومیچز میں بھارت نے بآسانی کامیابی حاصل کی جبکہ گوہاٹی میں کھیلے گئے تیسرے میچ میں آسٹریلیا نے گلین میکسویل کی شاندار سینچری کی بدولت ۲۲۳؍رنز کا ہدف حاصل کرکے کامیابی سمیٹی۔سیریز کے آخری دو میچوں میں بھی نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل بھارتی ٹیم نے بہترین کھیل پیش کرکے فتح حاصل کی۔رائے پور میں ہونے والے چوتھے میچ میں بھارت کے ۱۷۴؍رنز کے جواب میں آسٹریلوی ٹیم ۱۵۴؍رنز بنا سکی ۔اسی طرح بنگلورو میں کھیلے گئے آخری میچ میں بھی بھارت چھ رنز سے کامیاب ہوا۔سیریز کے بہترین کھلاڑی میزبان ٹیم کے لیگ سپن باؤلرراوی بشنوئی قرار پائےجنہوں نےپانچ میچوں میں سب سے زیادہ ۹؍وکٹیں حاصل کیں۔
ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ کوالیفائر:۲۲تا۳۰؍نومبر۲۰۲۳ء نمیبیا میں ہونے والےافریقہ ریجن کوالیفائرٹورنامنٹ میں نمیبیا اور یوگنڈا کی ٹیموں نے بالترتیب پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرکے آئندہ برس ویسٹ انڈیزاور امریکہ میں ہونے والے ٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈکپ کےلئے کوالیفائی کرلیا۔یہ پہلا موقع ہے کہ ٹی ٹوینٹی کی عالمی رینکنگ میں۲۳ ویں نمبر پرموجودمشرقی افریقہ کے ملک یوگنڈانے کرکٹ کے عالمی ٹورنامنٹ میں جگہ بنائی۔اس ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا اپ سیٹ بھی یوگنڈانے زمبابوے کوپانچ وکٹوں سے شکست دے کرکیا۔اس میچ میں زمبابوے نے مقررہ ۲۰؍اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر۱۳۶؍رنز بنائے۔یوگنڈا نے ہدف آخری اوور کی پہلی گیند پرحاصل کرکے اپنی کرکٹ تاریخ کی بڑی فتح حاصل کی۔ریاضت علی شاہ میچ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے جنہوں نے ۴۲؍رنز بنانے کے علاوہ ایک وکٹ بھی حاصل کی ۔
بنگلہ دیش بمقابلہ نیوزی لینڈ:سلہٹ کےمیدان پربنگلہ دیش اور نیوزی لینڈکی کرکٹ ٹیموں کے مابین ۲۸؍نومبر تا ۲؍دسمبرتک کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش نے ۱۵۰؍رنز سے فتح حاصل کرکے دو میچوں کی سیریز میں ایک صفرکی برتری حاصل کر لی۔بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کرپہلے بلےبازی کرتے ہوئے پہلی اننگز میں ۳۱۰؍رنز بنائے جس کے جواب میں کیوی ٹیم کین ولیمسن کی سینچری کی بدولت ۳۱۷؍رنز بنانےمیں کامیاب ہوئی۔بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز میں۳۳۸؍رنز بنائے جس میں کپتان نجم الحسین شانتوکی شاندار سینچری شامل تھی۔۳۳۲؍رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم میچ کےآخری روز۱۸۱؍رنز پر ڈھیر ہو گئی۔بنگلہ دیش کی جانب سے بائیں ہاتھ کے اسپنرتیج الاسلام نے پہلی اننگزمیں چارجبکہ دوسری اننگزمیں چھ کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔ اپنی سرزمین پر بنگلہ دیش کی نیوزی لینڈ کے خلاف کسی ٹیسٹ میچ میں یہ پہلی فتح ہے ۔
انگلینڈبمقابلہ ویسٹ انڈیز: انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے مابین تین ایک روزہ انٹرنیشنل میچزکی سیریزکاپہلا مقابلہ ۳؍ دسمبر کو نارتھ ساؤنڈ انٹیگا کے سَروِیوین رچرڈز کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں میزبان ویسٹ انڈیز نے چاروکٹوں سے شاندار کامیابی حاصل کی۔ انگلش ٹیم نےپہلےبلےبازی کرتےہوئےمقررہ پچاس اوورز میں ۳۲۵؍رنز بنائے، ہیری بروک ۷۱؍ رنزبناکرنمایاں رہے۔ جواب میں ویسٹ انڈیزنے کپتان شے ہوپ(Shai Hope)کے ناقابل شکست ۱۰۹؍ رنزاورآل راؤنڈر روماریو شیفرڈ (Romario Shepherd) کے۲۸؍گیندوں پر۴۹؍ رنز کی بدولت ہدف۴۸.۵؍اوورزمیں پوراکرلیا۔
فٹ بال: انگلش پریمیئر لیگ میں گذشتہ ہفتہ کھیلے گئے میچزمیں آرسنل نے Wolvesکو۲۔۱،برینٹفورڈنے لوٹن کو۳۔۱،چیلسی نے برائٹن کو۳۔۲،نیوکاسل نے مانچسٹریونائیٹڈکو۱۔صفراور لیورپول نے فلہم کو۴۔۳سے شکست دے دی۔ دیگرمقابلوں میں ایورٹن نےٹونگھم فوریسٹ کو۱۔صفراوربرنلی نےشیفیلڈ یونائیٹڈ کو۵۔صفرسےہرایا جبکہ ویسٹ ہیم اورکرسٹل پیلس کا مقابلہ ایک ایک گول،برنمتھ اورآسٹن ولا کا دو،دواورمانچسٹرسٹی کاٹوٹن ہیم کے ساتھ میچ تین،تین گول کی برابری پرختم ہوا۔
(رپورٹ: ۔ن م طاہر)