مدرسۃ الحفظ سیرالیون کے پہلےخوش نصیب حافظِ قرآن کا اعزاز
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۲۲؍ نومبر ۲۰۲۳ء بروز بدھ مدرسۃ الحفظ سیرالیون کے طالب علم عزیزم اسماعیل ابراہیم بنگورا نے مدرسۃ الحفظ کے پہلے حافظ قرآن ہونے کا بابرکت اعزاز اپنے نام کیا۔ فالحمدللہ علی ذلک۔ اللہ تعالیٰ یہ اعزاز عزیزم، ان کے اہل خانہ اور جماعت کے لیے مبارک فرمائے۔آمین
عزیزم کا تعلق سیرالیون کے شمالی ریجن روکوپُر (Rokupr) سے ہے۔جون ۲۰۲۱ء میں مدرسۃ الحفظ میں داخل ہوئے اور دو سال چار ماہ اور بائیس دن میں خاکسار کی زیرِ نگرانی قرآن کریم کا حفظ مکمل کیا اور خاکسار نے ہی آخری سبق سنا۔ اس موقع پر طلبہ مدرسہ،قائمقام پرنسپل جامعۃ المبشرین و دیگر اساتذہ و طلبہ جامعۃ المبشرین نے عزیزم کو تکمیلِ حفظ پر مبارکباد پیش کی اور مٹھائی تقسیم کی گئی۔
عزیزم مکرم ابراہیم اسحاق بنگورا (Ibrahim Ishaq Bangura) مرحوم اور محترمہ رحمتو محمد طورے (Rahmatu Muhammad Turay) کی واحد نرینہ اولاد ہیں۔ دورانِ تعلیم ۲۰۲۲ء میں عزیزم کو اپنے والد کی وفات کا صدمہ بھی برداشت کرنا پڑا جس کے باوجود نہایت تندہی سے حفظ پر متوجہ رہے اور صبر کا مظاہرہ کیا۔عزیزم کو دورانِ تعلیم دو سال رمضان المبارک میں اپنے ریجن کے دو مقامات ٹومبووَلا (Tombo Wallah)اور مشیری (Maseri) میں نمازِ تراویح پڑھانے کی بھی توفیق ملی۔
اِس وقت زیرِ تعلیم طلبہ کی کُل تعداد ۱۶؍ ہے جن میں ۱۵؍ کا تعلق سیرالیون سے ہے جبکہ ایک پاکستانی طالب علم ہے۔ روزانہ کی تدریس اور رات کو مطالعہ کا انتظام جامعۃ المبشرین کی مسجد میں جاری ہے۔ فالحمدللہ
احباب کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام طلبہ مدرسۃ الحفظ سیرالیون کو قرآن کریم پختگی کے ساتھ حفظ کرنے، اسے ذہنوں میں مُستحضر رکھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین