تحریکِ جدید کے نئے سال کا اجرا اور دفتر ششم کے آغاز کا تاریخی اعلان
حضرت امیر المومنین خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ ۳؍ نومبر۲۰۲۳ء بمقام مسجدمبارک اسلام آباد (ٹلفورڈ) یوکے میں تحریکِ جدید کے نئے سال یعنی ۹۰ ویں سال کے اجرا کے ساتھ تحریکِ جدید کے دفتر ششم کے اجرا کا تاریخی اعلان بھی فرمایا ہے۔
۲۰۰۴ء میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے دفتر پنجم کے اجرا کا اعلان فرمایا تھا۔ اب دفتر پنجم کے ۱۹ سال پورے ہونے پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:’’ آج پھر ۱۹ سال پورے ہونے پر میں دفتر ششم کے آغاز کا اعلان کرتا ہوں۔ اب نئے شامل ہونے والے نو مبائعین بھی اورنئے پیدا ہونے والے بچے بھی یا جو بھی پہلے کسی دفتر میں نہیں ہیں دفتر ششم میں شامل ہوں گے۔ پس جماعتی انتظامیہ اب اپنی اپنی جماعتوں میں اس کے مطابق عمل کریں۔‘‘
تمام امراء/مبلغین انچارج/صدران جماعت اور سیکرٹریان تحریکِ جدید کی خدمت میں درخواست ہے کہ جہاں تحریکِ جدید میں شامل ہونے والے احباب و خواتین سے نئے سال کے وعدہ جات لیں وہاں ایسے احباب و خواتین چھوٹے بڑے جو ابھی تک تحریکِ جدید کے مالی نظام کا حصہ نہیں ہیں انہیں اب دفتر ششم میں شامل کرکے اس الٰہی بابرکت تحریک کا حصہ بنائیں۔
حضرت مصلح موعودؓ نے فرمایا ہے کہ ’’پس مبارک ہیں وہ جو بڑھ بڑھ کر اس تحریک میں حصہ لیتے ہیں کیونکہ ان کا نام ادب و احترام سے اسلام کی تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہے گا اور خدا تعالیٰ کے دربار میں یہ لوگ خاص عزت کا مقام پائیں گے کیونکہ انہوں نے خود تکلیف اٹھا کر دین کی مضبوطی کیلئے کوشش کی اور ان کی اولادوں کا خدا تعالیٰ خود متکفل ہوگا اور آسمانی نور ان کے سینوں میں ابل کر نکلتا رہے گا اور دنیا کو روشن کرتا رہے گا۔‘‘
کوشش کریں کہ ہر فرد جماعت خواہ چھوٹا ہو یا بڑا اس بابرکت الٰہی تحریک کا حصہ بنے۔ اللہ تعالیٰ ہماری کوششوں میں برکت بخشے اور قبول فرمائے۔ جزاکم اللہ احسن الجزاء
(ایڈیشنل وکیل المال اسلام آباد (یوکے))