آئیوری کوسٹ میں تین نئی مساجد کا سنگ بنیاد
اللہ تعالیٰ کےفضل وکرم سے آئیوری کوسٹ، مغربی افریقہ میں دوران ماہ نومبر و دسمبر ۲۰۲۳ء تین نئی مساجد کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ یہ مساجد ریجن گراں لاؤو(Grand Lahou)، بواکے(Bouaké) اور سساندرا(Sassandra) میں تعمیر کی جارہی ہیں جو کہ اپنی تکمیل کے مراحل کی طرف رواں ہیں۔
٭… لقمان فرید احمد صاحب مبلغ سلسلہ گراں لاؤو (Grand Lahou) لکھتے ہیں کہ مورخہ ۱۴؍نومبر۲۰۲۳ء بروز منگل ریجن گراں لاؤو کی جماعت اروبو(Irobo) کو اپنی مسجد کی سنگ بنیاد کی تقریب منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس تقریب کے لیے عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مشنری انچارج، نیشنل عاملہ کے چند ممبران کے ساتھ اروبو شہر تشریف لائے۔ تلاوت قرآن پاک کے بعد مکرم امیر صاحب آئیوری کوسٹ نے چند نصائح کیں اور مسجد کا سنگ بنیاد رکھا جس کے بعد نیشنل عاملہ کے ممبران، اروبو شہر کے امام، ریجنل صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ اور دوسرے ممبران نے اینٹ رکھی۔ بعدازاں امیر صاحب نے مسجد کی زمین میں آم کا پودا لگایا اور دعا کروائی۔ اروبو شہر میں مسجد کے لیے زمین کے حصول کی کوشش کافی سالوں سے جاری تھی لیکن مناسب زمین نہیں مل رہی تھی۔اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے ایک دوست نے ایک پلاٹ مسجد کی تعمیر کے لیے جماعت کو تحفہ دیا جس پر الحمدللہ مسجد کی تعمیر کا آغاز اس تقریب سے شروع ہوگیا ہے۔ اس تقریب میں ۲۵؍ کے قریب افراد نے شرکت کی۔
٭… باسط احمد صاحب مبلغ سلسلہ بواکے(Bouaké) تحریر کرتے ہیں کہ مورخہ ۱۹؍ نومبر ۲۰۲۳ء بروز اتوار جماعت احمدیہ لاہورا (Lahora)کے لیے بڑی مسرت اور شادمانی کا دن تھا۔ اس دن ان کے گاؤں میں احمدیہ مسجد کا سنگ بنیاد رکھنے کی مبارک تقریب عمل میں آئی۔ یہ جماعت بواکے ریجنل ہیڈ کوارٹر سے ۱۶۶؍ کلومیٹر کی مسافت پر واقع ہے اور یہاں جماعت کا قیام ۲۰۱۲ء میں عمل میں آیا۔مسجد کی تعمیر کے لیے ۵۰۰؍ مربع میٹر کا پلاٹ صدر جماعت یوسف کالیبالی صاحب نے پیش کیا اور اس پر ۸۸؍مربع میٹر(۸x۱۱) کے احاطہ پر مشتمل مسجد تعمیر کی جائے گی اور دو مینار بھی بنائے جائیں گے۔ وقارعمل کے ذریعہ خدام و انصار نے اس مسجد کی بنیادیں کھودیں اور مورخہ ۱۹؍ نومبر بروز اتوارصبح ساڑھے آٹھ بجے سیلا ابراہیم صاحب معلم سلسلہ نے مسجد احمدیہ لاہورا کا سنگ بنیاد رکھا۔ صدر جماعت، انصار، خدام اور لجنہ ممبرات نے بھی باری باری اینٹیں رکھیں۔ گاؤں کے چیف بھی غیر احمدی اور غیر مسلم احباب کے ساتھ موجود تھے۔ گاؤں کے چیف صاحب نے بھی بنیاد کی اینٹ رکھنے کی سعادت پائی۔ بعد ازاں معلم صاحب نے دعا کروائی اور مسجد کی تعمیر کے کام کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔اس موقع پر مقامی جماعت نے ایک بکرا صدقہ بھی کیا۔
٭… مورخہ ۶؍ دسمبر۲۰۲۳ء کو خاکسار(مبلغ سلسلہ ساں پیدرو) کو اللہ کے فضل سے سساندرا شہر میں جماعت احمدیہ کی پہلی مسجد کے سنگ بنیادکے پروگرام کے انعقاد کی توفیق ملی۔ سساندرا(Sassandra) شہر آئیوری کوسٹ کے جنوب مغرب میں واقع ہے۔لے ییوں(légion) برادری کے ایک دوست ساوانے سومائلہ(Savane Soumaila) صاحب سب سے پہلے بیعت کر کے احمدیت میں داخل ہوئے۔ کئی سال تک سساندرا ریجن، ساں پیدرو ریجن سے ملحق رہا جس دوران کئی ایک مبلغین کرام کو یہاں خدمت کا موقع ملا۔تاہم ۲۰۱۹ء میں سساندرا ریجن میں باقاعدہ طور پر زالے سیدی محمد صاحب کا تقرر بطور مبلغ سلسلہ ہوا۔ ۲۰۱۷ء میں یہاں کے ایک محلہ batelen میں جماعتی جگہ خریدی جاچکی تھی جو کہ دو پلاٹس پر مشتمل تھی۔ دونوں پلاٹس کل ایک ہزار مربع میٹر کے احاطہ پر مشتمل ہیںجن پر مرکزی منظوری کے ساتھ ماہ نومبر کے آخر میں مسجد کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا۔
سنگ بنیاد کی تقریب کا باقاعدہ آغاز صبح دس بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد زالے محمد صاحب مبلغ سلسلہ نے حاضرین کو جماعت احمدیہ کا تعارف کروایا اورطورے صاحب صدر جماعت سساندرا نے سساندرا میں جماعت احمدیہ کی تاریخ بیان کی۔ بعد ازاں بدنی صاحب معلم سلسلہ نے تقریر کی جس کے بعد ریجنل صدر صاحبہ لجنہ نے تقریر کی اور اسلام اور احمدیت کی ترقی میں لجنہ کا کردار بیان کیا۔ بعد ازاں سومارو قاسم صاحب معلم سلسلہ نے ’’محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں‘‘ پر تقریر کی جس کے بعد شہر کے میئر کے نمائندہ نے اظہار خیال کیا اور میئر کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ بعد ازاںشاملین کو ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔ اس تقریب کے بعد سنگ بنیاد کے لیے تمام شاملین مسجد کی جگہ پر آئے اور زالے محمد صاحب نے سنگ بنیاد کے لیے پہلا بلاک رکھا۔ اس کے بعد خاکسار سمیت تمام شرکا نے آکر ایک ایک بلاک رکھا۔ دعا کے بعد تمام شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے ساتھ پروگرام کا باقاعدہ اختتام ہوا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ تمام مساجد احسن رنگ میں اپنی تکمیل کو پہنچیں اور احمدیت یعنی حقیقی اسلام کی اشاعت کا باعث بنیں۔آمین
(رپورٹ: عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)