کینیا کے ویسٹرن ریجن میں تربیتی پروگرامز کا انعقاد
ملک بشارت احمد صاحب مربی سلسلہ انچارج ویسٹرن ریجن اے کینیا تحریر کرتے ہیں کہ خدا تعالیٰ کے فضل وکرم سے جماعت ہائے احمدیہ ویسٹرن ریجن کینیا کو مورخہ ۱۶ تا ۱۹؍ نومبر تربیتی پروگرامز منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ ان پروگرامز میں شامل ہونے کے لیے ناصر محمود صاحب امیر و مشنری انچارج کینیا نیروبی سے تشریف لائے۔
مورخہ ۱۶؍ نومبر کو شام چار بجے ایک نئی اور چھوٹی جماعت ایشیبمبینے اپنا تربیتی جلسہ رکھا ہوا تھا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد خاکسار نے وقف جدید کی اہمیت بیان کی اور احباب کو اپنے وعدہ جات بروقت ادا کرنے کی طرف توجہ دلائی نیز دسمبر میں ہونے والے جلسہ سالانہ کینیا میں شامل ہو کر اس کی برکات سے حصہ پانے کی تحریک کی۔ بعد ازاں مکرم امیرصاحب نے ایک احمدی کی خصوصیات اور ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی اور احباب جماعت کو شرائط بیعت کے مطابق زندگی بسر کرنے کی تلقین کی۔ اس پروگرام میں ایک غیر احمدی دوست بھی شامل ہوئے۔ یہ اس علاقہ کے چیف بھی رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام سے میری معلومات میں کافی اضافہ ہوا ہے۔ میں ان شا ءاللہ جماعت احمدیہ سے متعلق مزید تحقیق کروں گا۔ پروگرام کے آخر میں تمام مہمانوں کے لیے ریفریشمنٹ کا انتظام کیا گیا تھا۔ اس جلسہ کی حاضری ۴۶؍ رہی۔
مورخہ ۱۷؍ نومبر بروز جمعہ شیانڈا جماعت نے اپنا تربیتی پروگرام منعقد کیا۔ صبح کے وقت وقارِ عمل کر کے مسجد کے احاطہ کو صاف کیا گیا۔ مکرم امیر صاحب نے نماز جمعہ پڑھائی۔ نماز جمعہ کے بعد مختلف موضوعات پر گفتگو کرنے کے بعد جلسہ سالانہ میں شمولیت کے لیے جماعتی طور پر اجتماعی انتظام کے تحت احباب جماعت کو جلسہ کے لیے جانے سے متعلق ہدایات دی گئیں۔
مورخہ ۱۸؍ نومبر بروز ہفتہ شیبنگا جماعت میں تربیتی جلسہ منعقدکیا گیا۔ تلاوت و نظم کے بعد خاکسار نے احباب جماعت کو اسوہٴ رسول ﷺ پر عمل کرتے ہوئے اسلام احمدیت کا پیغام دوسروں تک پہنچانے کی طرف توجہ دلائی۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے حضرت مسیح موعودؑ کی آمد، جماعت کے قیام اور خلافت احمدیہ کی برکات بیان کرتے ہوئے احباب کو خلافت احمدیہ سے وابستہ رہنے اور خلافت کی کامل اطاعت پر زور دیا۔ پھر مختصر مجلس سوال و جواب ہوئی۔ نماز ظہر کے بعد شاملین جلسہ کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا۔ اس جلسہ کی حاضری ۹۲؍ رہی۔ اسی روز قاسم خطیب صاحب کے گھر جو جماعت کے نہایت مخلص دیرینہ خادم ہیں، نماز عشاء کے بعد بعض غیر از جماعت احباب کے ساتھ مجلس سوال و جواب ہوئی۔
مورخہ ۱۸؍ نومبر بروز اتوار جماعت احمدیہ مٹاوا نے تربیتی جلسہ کا انتظام کیا۔ تلاو ت و قصیدہ کے بعد مبلغ سلسلہ عدی ابواوو صاحب نے تقریر کی جس میں آنحضرت ﷺ کی بیان فرمودہ پیشگوئی چاند اور سورج گرہن کے حوالے سے حضرت مسیح موعودؑ کی صداقت کو بالتفصیل بیان کیا۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے توبہ کا مطلب اور اس کی اہمیت بیان کر کے احباب جماعت کو اصلاح نفس کی طرف توجہ دلائی۔ نماز ظہر و عصر کے بعد شاملین جلسہ کی خدمت میں دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا۔ اس جلسہ کی حاضری ۲۱۷؍ رہی۔
(مرسلہ: محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)