خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…امام جماعت احمدیہ عالمگیر حضرت مرزا مسرور احمدایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے خطبہ جمعہ فرمودہ ۱۵؍دسمبر۲۰۲۳ء کے آخر پر ایک بار پھر مظلوم فلسطینیوں کے لیے دعا کی مکرّر تحریک کرتے ہوئے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ ظالموں کے پکڑ کے اب سامان کرے اور مظلوم فلسطینیوں کے لیے آسانیاں پیدا فرمائے۔(مزید تفصیل کے لیے ملاحظہ ہو اسی شمارہ کا صفحہ اوّل)
٭…غزہ میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں اسرائیلی مغویوں کی ہلاکت کے خلاف اسرائیل میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ واقعے کے خلاف اسرائیلی مغویوں کے اہلخانہ نے تل ابیب میں کریا کے فوجی اڈے کے سامنے احتجاج کیا۔ اسرائیلی فوج نے غزہ میں حماس کی قید میں موجود اپنے ہی تین ساتھیوں کو غلطی سے ہلاک کرنے کا اعتراف کیا تھا۔اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ غزہ کے علاقے شجاعیہ میں لڑائی کے دوران تین قیدیوں کو خطرہ سمجھ کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔
٭…اقوامِ متحدہ میں چینی مستقل مندوب نے غزہ میں جنگ بندی کی یو این قرارداد پر مکمل عمل درآمد کا مطالبہ کردیا۔چینی مستقل مندوب ژانگ جن نے کہا کہ چین شہریوں کے خلاف ہونے والے تمام حملوں کی سختی سے مخالفت اور مذمت کرتا ہے، فلسطین اسرائیل تنازع پر دہرا معیار اور منافقت ایک بار پھر دیکھی گئی ہے۔ چینی مندوب کا کہنا ہے کہ کچھ ممالک کو جنگ بندی جیسی بنیادی بات کڑوی گولی لگتی ہے۔ واضح رہے کہ یو این جنرل اسمبلی میں منگل کو غزہ میں انسانی بنیادوں پر فوری جنگ بندی کی قرارداد منظور ہوئی تھی۔
٭…ہیومن رائٹس واچ (ایچ آر ڈبلیو) نے امریکہ پر جنگی قوانین سے متعلق دہرے معیار پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کے مستقل رکن کو بڑے پیمانے پر مظالم روکنے کی قرار دادیں ویٹو نہیں کرنی چاہئیں۔ایچ آر ڈبلیو نے اسرائیل اور فلسطینی مسلح گروپوں پر شہریوں کے تحفظ کے لیے امریکہ پر زور ڈالنے کا مطالبہ کیا ہے۔ہیومن رائٹس واچ کا کہنا ہے کہ امریکہ غزہ میں شہریوں کے تحفظ کے لیے سلامتی کونسل میں اپنی نشست استعمال کرے۔ امریکہ کو غزہ میں شہریوں کے تحفظ کے لیے اقوامِ متحدہ کی کوششوں کی حمایت کرنی چاہیے۔ امریکہ کو غزہ میں جنگی قوانین کی خلاف ورزی پر سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی حمایت کرنی چاہیے۔
٭… کینیڈا نے لاکھوں غیر قانونی امیگرنٹس کو شہریت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ کینیڈا کے وفاقی وزیرِ امیگریشن مارک ملر نے اعلان کیا کہ کینیڈا میں مقیم قانونی دستاویزات کے بغیر رہنے والے افراد کو مستقل رہائشی کارڈ جاری کر دیے جائیں گے اور اس طرح انہیں قانونی حیثیت مل جائے گی۔ اس فیصلے سے لاکھوں رفیوجیز سمیت ان افراد کو بھی فائدہ ملے گا جن کے ورک پرمٹس یا انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس کے ویزا کی میعاد ختم ہو چکی ہے۔ وزیرِ امیگریشن کے مطابق یہ فیصلہ کینیڈا میں ۲۰۲۵ء تک پانچ لاکھ افراد کو امیگریشن دینے کے منصوبے کا حصہ ہے۔
٭…کویت کے امیر شیخ نواف الاحمد الصباح انتقال کر گئے۔کویتی میڈیا کے مطابق ۸۶؍سالہ امیر شیخ نواف الاحمد الصباح نومبر میں ہسپتال میں داخل ہوئے تھے۔کویتی کابینہ نے شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کی بطور امیر تقرری کا فیصلہ کیا۔ دوسری جانب کویتی کابینہ نے شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کی وفات پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے چالیس دن کے سوگ کا بھی اعلان کیا۔کابینہ نے کہا ہے کہ ملک کے تمام سرکاری ادارے تین دن تک بند رہیں گے، شیخ نواف نے ملک اور قوم کے لیے جلیل القدر خدمات انجام دی ہیں۔
٭…لیبیا میں غیرقانونی تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی، کشتی میں سوار ۸۶؍میں سے ۶۱؍تارکین وطن لاپتا ہوگئے۔ لاپتا افراد کو ہلاک قرار دے دیا گیا ہے، جبکہ ڈوبنے والے ۲۵؍افراد کو بچالیا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ بچائے گئے افراد کو حراستی مرکز منتقل کرکے طبی امداد دی گئی۔تارکین وطن سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے کا کہنا ہے کہ کشتی میں سوار افراد کا تعلق نائیجیریا، گیمبیا اور دیگر افریقی ملکوں سے تھا۔