آئیوری کوسٹ میں قومی امن دن کے موقع پر تین ریجنل امن کانفرنسز کا انعقاد
آئیوری کوسٹ میں ہر سال ۱۵؍نومبر قومی امن دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ امسال اس موقع پر آئیوری کوسٹ کے تین ریجنز (سینفرا، بواکے،گراں لاؤو)میں جماعت احمدیہ کی جانب سے امن کانفرنسز کا اہتمام کیا گیا۔
٭… احتشام الحسن صاحب ریجنل مبلغ سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ سینفرا (Sinfra)میں یہ پروگرام میئرآفس سینفراکے ایک ہال میں منعقد ہوا۔ پروگرام صبح دس بجے شروع ہوا اور ساڑھے بارہ بجے اختتام پذیر ہوا۔پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور ترجمہ سےہوا ۔اس کے بعد صدر صاحب جماعت سینفرانے حاضرین کو خوش آمدید کہا۔ فوفانا ابراہیم صاحب نے’’حُسنِ معاشرت امن عامہ کی ضامن‘‘ کے موضوع پر تقریر کی اور بعد ازاں سوالات کے جواب بھی دیے جس کے بعد معزز مہمانان نے اس تقریب کے حوالے سے اپنے تاثرات کااظہارکیا۔ دوران تقریب مہمان خصوصی نائب گورنر سینفرا ریجن اور کمشنر پولیس سینفرا کے نمائندہ کو قرآن کریم مترجم بزبان فرنچ دیا گیا نیز تمام دیگر معزز مہمانان کو جماعتی لٹریچر بطور تحفہ دیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ تمام حاضرین میں پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے۔ تقریب کااختتام دعا سے ہوا۔ بعد ازاں مہمانان خصوصی کو حضرت مسیح موعودؑ اور خلفائے کرام کی تصاویر سے متعارف کروایا گیا جس کے بعد مہمانان کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ پروگرام میں کُل حاضری ۱۷۵؍ تھی۔
٭… باسط احمد صاحب تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے بواکے (Bouaké) ریجن کی جماعت Diembressedougou میں امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ۳۰۰؍ سے زائد افراد نے شرکت کی۔معلم سلسلہ اِنزاوتراصاحب نے اس پروگرام کی صدارت کی۔ اس پروگرام میں بساوا(Bassawa)علاقہ کے نائب گورنر نے بھی شرکت کی اور اپنی تقریر میں جماعت کی امن کی کوششوں کو سراہا۔
٭… لقمان فرید احمد صاحب ریجنل مبلغ سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ الحمد للہ جماعت احمدیہ گراں لاؤو (Grand Lahou) کواحمدیہ مسجد گراں لاؤو میں پیس کانفرنس منعقد کرنے کی توفیق ملی۔پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا۔ سورو الحسن صاحب مبلغ سلسلہ نے امن کے موضوع پر تقریر کی جس کے بعد حاضرین کو سوالات اور اپنی آرا پیش کرنے کا موقع دیا گیا۔ شاملین نے پروگرام کو سراہا اور مستقبل میں اس طرح کے مزید پروگرام منعقد کرنے کا کہا۔ اس کے بعد مہمانوں نے اپنے تاثرات پیش کیے۔ نوجوانوں کی تنظیم کے صدر نے جو کہ ایک عیسائی تھے، کہا کہ مجھے اس تقریب میں آکر بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔مجھے عیسائی ہونے کے باوجود اس پروگرام میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی جو کہ میرے لیے حیرت کا باعث ہے کیونکہ مساجد میں دیگر مسلمان ہمیں مدعو نہیں کرتے۔کمشنر پولیس کے نمائندہ نے جماعت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جماعت احمدیہ نے امن کانفرنس کا انعقاد کیا ہے۔ اس کے لیے میں ان کا شکر گزار ہوں ۔اس طرح کے پروگرام منعقد ہوتے رہیں اور لوگوں میں شعور آجائے تو اس سے پولیس کا کام آسان ہو جائے گا۔میئر کے نمائندہ نے کہا کہ جماعت احمدیہ نے ہمیشہ امن کی کوشش کی ہے۔اس کا ثبوت آج کا پروگرام ہے۔انہوں نے جماعت کا شکریہ ادا کیا اور آئندہ مزید بڑے پیمانے پر پروگرام منعقد کرنے کو کہا۔آخر پرخاکسار (ریجنل مبلغ سلسلہ) نے اختتامی تقریر کی اور دعا کروائی۔ اس کے بعد حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔اس تقریب میں میئر کے نمائندہ، کمشنر پولیس کے نمائندہ اور دوسری سیاسی وسماجی شخصیات سمیت ۱۰۰؍ افراد نے شرکت کی۔
(رپورٹ: عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)