آئیوری کوسٹ میں مبلغین و معلمین کرام کے ریفریشر کورس کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آئیوری کوسٹ کے تمام مبلغین و معلمین کرام کا سہ روزہ ریفریشر کورس مورخہ ۲۵تا ۲۷؍ نومبر ۲۰۲۳ء مہدی آباد، آبی جان (Abidjan) میں منعقد ہوا۔
امسال بھی ریفریشر کورس میں متنوّع لیکچرز اور دروس کا انتظام کیا گیا تھا۔ چنانچہ خطبات جمعہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سننے کی اہمیت و فوائد اور کتب حضرت مسیح موعودؑ کے مطالعہ کی اہمیت کے موضوع پر بعد از فجر دروس ہوئے۔ریفریشر کورس کا باقاعدہ آغاز ۲۵؍ نومبر بروز ہفتہ شام چار بجے عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ کی زیر صدارت ہوا۔حضرت خلیفۃالمسیح الثانیؓ کی کتاب ’’زریں ہدایات برائے مبلغین‘‘ سے لیکچر دیا گیا جو کہ تربیتی امور پر مشتمل تھا۔ اسی طرح تربیت اولاد پر بھی لیکچر ہوا۔
دوسرے اور تیسرے روز بھی زرّیں ہدایات پر مشتمل دوسرا لیکچر بابت تربیت ہوا۔ اسی طرح فقہ حضرت مسیح موعودؑ، نظام وصیت، پروگرام دعوت الی اللہ، فرقہ تجانیہ اور جواہر المعانی کتاب کا تعارف،فرقہ وہابیہ اور ان کی کتاب مختصر سیرت الرسولﷺ سے وفات مسیح کے حق میں دلائل نیز خلفائے احمدیت کا مختصر تعارف اور خدمات، نیز ردِّ عیسائیت کے موضوع پر بھی لیکچر ہوا۔
مجلس عاملہ کے بعض سیکرٹریان کی اپنے اپنے شعبہ جات کے بارے میں بریفنگ اور جلسہ سالانہ آئیوری کوسٹ ۲۰۲۳ء پر بریفنگ بھی ریفریشر کورس کاحصہ تھی۔IAAAEکی سرگرمیوں کے بارے میں بھی بریفنگ شامل پروگرام کی گئی۔ ویڈیو پروگرام کے تحت حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا ایک خطبہ جمعہ بابت دعوت الی اللہ بزبان فرنچ بھی دکھایا گیا۔
ریفریشر کورس کے دوران سپورٹس کا پروگرام بھی رکھا گیا۔ مبلغین و معلمین کرام نے فٹبال اور کرکٹ کے میچز میں حصہ لیا۔
مورخہ۲۷؍ نومبر کو پروگرام کی اختتامی تقریر مکرم امیر و مشنری انچارج صاحب نے کی۔ دوران ریفریشر کورس پوچھے گئے تمام سوالات کے جواب دیے نیزاپنی تقریر کے دوران حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی ہدایات کی روشنی میں تمام مبلغین و معلمین کرام کو خودنماز تہجد کی عادت اپنانے اور ممبران کو بھی اس کی طرف توجہ دلانے،نماز فجر و مغرب کے بعد تفسیر کبیر اور کشتی نوح کا درس دینے، خطبات حضور انور باقاعدگی سے سننے، دس سے پندرہ دن تبلیغی و تربیتی دورہ جات کے ساتھ ساتھ اپنے اور ممبران جماعت کےاندر ایک روحانی تبدیلی لانے کی طرف بھی توجہ دلائی جس کےبعد اختتامی دعا کروائی۔
ریفریشر کورس کے دوران باجماعت نماز تہجد اور پنجوقتہ نمازوں کا اہتمام کیا جاتا رہا۔ دعاؤں کے ماحول اور بھائی چارہ کی فضا میں ریفریشر کورس کا اختتام ہوا۔
(رپورٹ: باسط احمد۔ مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ)