کینیا کے TANDAO TV پر فلسطین، اسرائیل جنگ کے متعلق مبلغ سلسلہ کا انٹرویو
۲۹؍ نومبر کو کینیا کے TANDAO T.V سٹیشن پر مکرم عدی ابواؤ صاحب مبلغ انچارج ویسٹرن ریجن بی کی قیادت میں پا نچ افراد پر مشتمل ایک وفد نے انٹرویو دیا۔ اس انٹرویو میں امیر المومنین حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبات و ارشادات کی روشنی میں جماعت احمدیہ کا فلسطین،اسرائیل کی جنگ کے متعلق مؤ قف بیان کیا گیا۔ اس ایک گھنٹہ کے انٹرویو میں اراکین وفد نے بتایا کہ جماعت احمدیہ عالمگیر ایک پُر امن جماعت ہے اور ہمیشہ امن کے قیام کے لیے کوشاں ہے۔ ایک دہائی سے زائد عرصہ سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ عالمی امن کے قیام کی طرف دنیا کو توجہ دلارہے ہیں۔ آپ نے اس سلسلہ میں مختلف ممالک کے سربراہوں بشمول وزیراعظم اسرائیل اور مذہبی لیڈروں کو خط لکھ کر اور مختلف ممالک کے اہم ترین پلیٹ فارمز پر تقاریر کے ذریعہ مقتدر قوتوں کی توجہ بگڑتے ہوئے عالمی حالات کی طرف مبذول کی اور عدل و انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے مستقل اور پائیدار حل پر زور دیا۔ گذشتہ کئی سالوں سے آپ تسلسل کے ساتھ یوکرائن اور روس نیز اسرائیل اور فلسطین کے تنازعات کے حل پر زور دے رہے ہیں اور پوری دنیا اور خصوصاً یو این او کو متنبہ کر رہے ہیں کہ اگر ان مسائل کے منصفانہ حل کی طرف فوری اور بھر پور توجہ نہ دی گئی تو پوری دنیا کا امن خطرے میں پڑجائے گا۔ موجودہ اسرائیل ،فلسطین جنگ کے سلسلہ میں بھی آپ کا یہی مؤ قف ہے کہ قتل وغارت کو چھوڑ کر مذاکرات کے ذریعہ اس مسئلہ کو حل کیا جائے اور ساری دنیا قیام امن کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ آپ نے اسرائیل کی طرف سے نہتے فلسطینی شہریوں پر وحشیانہ بمباری اور ان کے بےدریغ قتل عام کی بھی مذمت کی ہے اور فوری جنگ بندی پر زور دیا ہے۔ اس وفد نے یہ واضح کیا کہ پوری جماعت احمدیہ عالمگیر اپنے خلیفہ کی اقتدا میں امن کے لیے اپنی آواز بلند کررہی ہے اور VoicesforPeace#کی مہم کا حصہ ہے اور ہم کینین احمدی ملک کے وفادار اور پُر امن شہری ہونے کی حیثیت سے اپنی گورنمنٹ سے اقوام متحدہ میں قیام امن کے لیے آواز بلندکرنے اور عدل و انصاف پر مبنی فیصلوں کی تائید کرنے کی درخواست کرتے ہیں۔
یہ ریکارڈ شدہ پروگرام مذکورہ ٹی وی سٹیشن سے ۲۹؍ نومبر کی شام کو سواحیلی زبان میں اور ۳۰؍ نومبر کی شام کو انگریزی میں نشر ہوا۔ ویسٹرن کینیا کے علاوہ یوگنڈا کے کچھ علاقوں میں تقریباً ایک ملین افراد نے اسے سنا۔ اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے مظلوم فلسطینیوں کی مدد فرمائے اورساری دنیا کو امن و سلامتی عطا ہو۔ آمین
(رپورٹ: محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)