متفرق مضامین

ہومیو پیتھی یعنی علاج بالمثل (معدہ کے متعلق نمبر۶) (قسط ۴۹)

(ڈاکٹرحافظ کرامت اللہ ظفر)

(حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ کی کتاب ’’ہومیو پیتھی یعنی علاج بالمثل ‘‘کی ریپرٹری یعنی ادویہ کی ترتیب بلحاظ علامات تیار کردہ THHRI)

کاسٹیکم

Causticum

٭…کاسٹیکم کا مزاجی مریض وہمی نہیں ہوتا اور کاسٹیکم کے مریض کی بھوک بعض دفعہ کھانا دیکھتے ہی ختم ہوجاتی ہے۔(صفحہ۲۶۵)

٭…کاسٹیکم میں یہ علامت نمایاں ہے کہ اگر انتڑیوں میں خصوصاً بڑی آنت کے آخری حصہ (Rectum) میں فالج ہورہا ہو تو اجابت غیر شعوری طور پر ہوتی رہتی ہے کیونکہ وہاں فضلہ جمع ہوکر گٹھلیاں سی بن جاتی ہیں۔ اس لیے چلتے پھرتے وہی گٹھلیاں لاشعوری طور پر نکلتی رہتی ہیں۔گو ایسے مریض بہت کم ملتے ہیں مگر میرے مشاہدہ میں بھی دو تین ایسے مریض آئے ہیں۔ ایسے تمام مریض بوڑھے تھے۔(صفحہ۲۶۵-۲۶۶)

سیانوتھس

Ceanothus

٭…جگر اور تلی کے مریض کو قبض یا اسہال میں سے کوئی ایک عارضہ لگا رہتا ہے۔ سیانوتھس کے مریض کو زیادہ اسہال لگتے ہیں۔ (صفحہ۲۶۷)

کیمومیلا

Chamomilla

٭…کیمومیلا بچوں کی پیچش میں بہت اچھی دوا ہے۔ ایسی پیچش جو لیس دار ہو اور سبز رنگ کی ہو جیسے اس میں گھاس کتر کر ڈالا گیا ہو تو اس میں کیمومیلا کو اولیت حاصل ہے۔ اپی کاک بھی اس کی اچھی دوا ہے۔ اس میں اجابت کی علامتیں کیمومیلا سے ملتی ہیں لیکن مزاج میں بہت نمایاں فرق ہے۔(صفحہ۲۷۰)

٭…اگر گندے انڈوں کی بو والی گیس پیدا ہو اور ڈکار بھی ایسی ہی بو کے ہوں تو اس کے ازالہ کے لیے کیمومیلا اچھی دوا بتائی جاتی ہے۔ (صفحہ۲۷۲)

٭…دل کے دوروں میں درد کی شدت کو کم کرنے کے لیے مارفین بہت کثرت سے استعمال ہوتی ہے۔ اس کے استعمال کے بعد رد عمل کے طور پر بہت الٹیاں آتی ہیں۔ کیمومیلا ان الٹیوں کو بند کرنے میں بہت مفید دوا ہے۔ (صفحہ۲۷۲)

٭…کیمومیلا کے پیٹ درد میں مریض تکلیف کی شدت سے دوہرا ہوجاتا ہے۔ یہ علامت کولوسنتھ میں بھی پائی جاتی ہے، درد ناقابل برداشت ہوتے ہیں، ناف اور جگر کے مقام پر درد ہوتا ہے۔ شدید غصہ کے دورہ کے بعد پیٹ میں تشنجی کیفیت پیدا ہوتی ہے، بدبودار ڈکار آتے ہیں، گرم اشیاء سے نفرت ہوجاتی ہے، زبان کا رنگ زردی مائل اور منہ کا مزہ کڑوا ہوتا ہے۔ اگر قے آئے تو وہ بھی کڑوی ہوتی ہے، پیٹ میں بہت بوجھ محسوس ہوتا ہے۔یہ سب کیمومیلا کی علامات ہیں۔(صفحہ۲۷۲)

چیلی ڈونیم

Chelidonium

٭…چیلی ڈونیم کے مریض کے پیشاب کا رنگ زرد ہوتا ہے جس میں زہریلی سی تیزی پائی جاتی ہے۔ اگر قبض ہوتو اجابت سخت گولیوں کی شکل میں ہوتی ہے جیسے بکری کی مینگنیاں ہوں۔ اسہال شروع ہوجائیں تو ان کی رنگت بھوری مٹی کی طرح ہوتی ہے۔ قبض اور اسہال آپس میں ادلتے بدلتے رہتے ہیں۔ معدہ کا درد کمر تک پھیل جاتا ہے۔ کھانا کھانے سے وقتی طور پر معدہ کی تکلیفوں میں آرام محسوس ہوتا ہے۔گرم خوراک اور گرم پانی مرغوب ہوتا ہے۔ خصوصًا گرم دودھ پینے کی خواہش ہوتی ہے۔ (صفحہ۲۷۶)

چینینم آرس

Chininum ars

(Arsenite of quinine)

٭…ٹھنڈی ہوا سے چینینم آرس کی تکلیفیں بڑھ جاتی ہیں۔ جسم میں ہر وقت سردی کا ہلکا ہلکا احساس رہتا ہے۔ مزمن اسہال پانی کی طرح پتلے اور متعفن ہوتے ہیں۔ (صفحہ۲۸۳)

٭…چینینم آرس میں کبھی بھوک بالکل مٹ جاتی ہے اور طبیعت بد مزہ رہتی ہے لیکن بعض دفعہ شدید بھوک لگتی ہے جو ختم ہی نہیں ہوتی۔ کھانا کھاتے ہی پیٹ پھول جاتا ہے۔ جلن اور تیزابیت پیدا ہوجاتے ہیں اور کھانے کے تھوڑی دیر بعد ہی پھر بھوک لگ جاتی ہے۔ مچھلی اور انڈا ہضم نہیں ہوتے لیکن ان کے خلاف الرجی نہیں ہوتی۔ (صفحہ۲۸۶)

٭…چینینم آرس کے مریض کو متلی ہوتو نیند نہیں آتی۔ متلی ختم ہوتے ہی نیند آجاتی ہے۔ مگر سونے کے کچھ دیر کے بعد ایک دم قے ہوجاتی ہے جس کا مطلب ہے کہ متلی وقتی طور پر دب گئی تھی لیکن اصل وجہ موجود رہی۔ ملیریا کے بعد پیٹ میں جو بیماریاں پیدا ہوتی ہیں وہ سب چینینم آرس میں پائی جاتی ہیں۔ جگر اور تلی ابھرے ہوئے مگر باقی سارا پیٹ سکڑ کر کمر کے ساتھ لگ جاتا ہے۔ قبض میں سدے نکلتے ہیں۔ آرسینک کے مریضوں کو بھی بعض پھلوں سے اسہال لگ جاتے ہیں۔ (صفحہ۲۸۶)

سیکوٹا وروسا

Cicuta virosa

(Water hemlock)

٭…سیکوٹا کی ذہنی علامات نیٹرم میور سے مشابہ ہیں۔ اگر بوڑھےآدمیوں میں آرٹیریو سکلروسس (Arteriosclerosis) کی وجہ سے شریانیں تنگ ہوجائیں اور دماغ میں خون کا دوران پوری طرح نہ ہوتو ایسے مریضوں کا معدہ خراب ہونے پر برین فیگ (Brainfag)(یعنی وقتی طور پر یادداشت غائب ہوجانا) کے دورے پڑنے لگتے ہیں۔ اس میں نکس وامیکا مفید ہے۔ سیکوٹا وروسا کی بیماریاں اعصاب سے تعلق رکھتی ہیں۔ اگر معدے میں اعصابی تشنج ہوتو پھر یہ دوا ہوگی ورنہ نہیں۔ سیکوٹا وروسا کے مریض کی ایک ذہنی علامت یہ ہے کہ بعض اوقات مریض کھانے پینے کی چیزوں کے مزہ میں فرق نہیں کرسکتا۔ مزہ چکھنے کے غدود متاثر ہوتے ہیں، زود حسی کی بجائے بے حسی پائی جاتی ہے۔ کچی اور پکی ہوئی چیزوں میں فرق نہیں کرسکتا، دونوں شوق سے کھالے گا۔ بعض بچے کوئلہ، مٹی، چونا اور کاغذ وغیرہ کھاتے ہیں۔یہ کیلشیم کی کمی کی وجہ سے ہوتا ہے۔ اس کا دماغی بیماری سے تعلق نہیں ہے۔(صفحہ۲۹۲-۲۹۳)

٭…نگلنے میں سخت دقت ہوتی ہے۔ گلا خشک، غذا کی نالی میں تشنج، سخت پیاس، جلن، ہچکی، ریاح، پیٹ میں اپھارہ بھی سیکوٹا وروسا کی علامات ہیں۔ صبح کے وقت اسہال اور پیشا ب کی نہ ختم ہونے والی خواہش بھی موجود ہوتی ہے۔ (صفحہ۲۹۴)

سائنا

Cina

٭…سائنا بچوں کی دوا ہے اور پیٹ کے کیڑوں کے لیے مشہور ہے۔ اس کے مزاج کی خصوصیت بد مزاجی ہے۔ اس کے مریض چھوٹی چھوٹی بات پر ناراض ہوجاتے ہیں کوئی چیز انہیں خوش نہیں کرسکتی، بہت حساس ہوتے ہیں۔(صفحہ ۲۹۵)

٭…سائنا کے مریض کی تکلیفیں کھانا کھانے سے بڑھ جاتی ہیں۔مریض بہت بھوک محسوس کرتا ہے۔ بچہ کھٹا دودھ نکالتا ہے۔ اس کا مزاج کسی حد تک ایتھوزا (Aethusa) سے بھی ملتا ہے۔ گرمی کا اثر دماغ کے علاوہ معدے اور انتڑیوں پر بھی ہوتا ہے لیکن ان علامات کا اظہار ایتھوزا سے قدرے مختلف ہوتا ہے۔ ایتھوزا میں بچہ دودھ پیتے ہی الٹ دیتا ہے اور قبض کا رجحان رکھتا ہے جبکہ سائنا میں اسہال لگ جاتے ہیں یا پیچش ہوجاتی ہے جس میں سفیدی مائل آؤں آتی ہے۔ اگر انفیکشن بہت گہری ہوجائے تو سبز رنگ کے اسہال آتے ہیں۔(صفحہ۲۹۶)

٭…بعض عورتوں کو اگر حمل کے دوران غیر متوقع خوشی یاغم کی خبر پہنچے تو بعض تکلیفیں مثلاً سر درد یا پیٹ درد شروع ہوجاتی ہے اور ایسی خبر کے بعد بھی عرصہ تک جاری رہتی ہیں ایسی تکلیفوں میں سائنا بہت مفید ہے۔ اس کی تکلیفیں کھانا کھانے کے بعد، رات کو اور موسم گرما میں بڑھ جاتی ہیں۔(صفحہ۲۹۶۔۲۹۷)

سنکونا آفیشی نیلس

(چائنا)

Cinchona officinalis

(China)

٭…نظام ہضم سست پڑ جاتا ہے۔ پھل اور کھٹی چیزیں کھانے سے معدہ میں درد ہوتا ہے۔ کھانا ہضم نہیں ہوتا، پیٹ پھول جاتا ہے۔ (صفحہ۳۰۰)

٭…دودھ پینے سے بھی معدہ خراب ہوجاتا ہے۔مزمن اسہال رات کو بڑھ جاتے ہیں۔ اس کے برعکس پیٹرولیم میں اسہال دن کے وقت شروع ہوتے ہیں اور رات سے پہلے ختم ہوجاتے ہیں۔چائنا میں عموما ًپیٹ کی ہوا میں بدبو نہیں ہوتی اور سارا پیٹ ہوا سے تن جاتا ہے۔(صفحہ۳۰۱)

سسٹس کیناڈینسس

Cistus canadensis

(Rock rose)

٭…انتڑیوں کی بیماریوں میں بہت مفید ہے۔ اگر کسی کو اسہال لگ جائیں اور کسی دوا سے آرام نہ آئے، غدودوں میں بھی سوزش ہوتو سسٹس کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ (صفحہ۳۰۳)

٭…کھانا کھانے سے قبل اور بعد میں معدہ اور تمام پیٹ میں ٹھنڈک کا احساس ہوتا ہے۔ پنیر کھانے کی بہت خواہش ہوتی ہے۔ پتلے اور زوردار دست لگ جاتے ہیں جو عموما ًصبح کے وقت زیادہ ہوتے ہیں۔ (صفحہ۳۰۴۔۳۰۵)

کلیمٹس ایریکٹا

Clematis erecta

(Virgin‘s bower)

٭…کلیمٹس کی ایک خاص علامت یہ ہے کہ کھانا کھانے کے بعد سارے جسم میں کمزوری کا احساس ہوتا ہے اور شریانوں میں تپکن اور دھڑکن پائی جاتی ہے۔کھانا کھاتے ہی سیری کا احساس ہوتا ہے۔ سینہ سے لے کر پیٹ تک چبھنے والا درد ہوتا ہے جو سانس لیتے ہوئے بڑھ جاتا ہے۔(صفحہ۳۰۸)

کاکولس

Cocculus

(Indian cockle)

٭…ہر وقت فکر اور پریشانی لاحق رہتی ہے جس کی وجہ سے سر درد ہوجاتا ہے۔ چکر، متلی اور قے کا رجحان ہوتا ہے۔ حرکت سے تکلیف بڑھتی ہے۔چلتے ہوئے جھٹکا لگ جائے تو حالت ابتر ہوجاتی ہے۔ایسے مریض کی علامات میں سفر کے دوران اضافہ ہوجاتا ہے۔ اچانک حرکت سے توازن بگڑ جائے تو کاکولس اول طور پر ذہن میں آنی چاہیے۔ (صفحہ۳۰۹-۳۱۰)

٭…کاکولس میں پیٹ درد کا دورہ شدیدہوتا ہے۔ معدہ میں اینٹھن اور مروڑ اُٹھتے ہیں۔ درد سے بعض اوقات سانس لینے میں دقت ہوتی ہے۔ کئی عورتیں تکلیف کی شدت سے بے ہوش ہوجاتی ہیں۔ کھانے سے نفرت ہوجاتی ہے اور بھوک کا احساس ختم ہوجاتا ہے۔ (صفحہ۳۱۰)

٭…کاکولس میں منہ کا ذائقہ دھات کی طرح ہوجاتا ہے جس میں ہلکی سی تیزابیت پائی جاتی ہے۔ معدہ میں کھٹاس، متلی اور قے کا رجحان پایا جاتا ہے۔ اس میں ملیریا کی سی علامتیں بھی ہیں مگر سارے جسم میں دردوں کی بجائے صرف ٹانگوں میں درد ہوتا ہے۔ اس علامت کے ساتھ چکر اور متلی کے ساتھ جو بخار شروع ہو اس میں کاکولس مفید دوا بتائی جاتی ہے۔(صفحہ۳۱۱)

٭…اگر کسی غدود میں سوزش ہو تو اس کے لیے کرئیو زوٹم (Kreosotum)اور بعض دوائیں اہم ہیں لیکن کاکولس میں یہ تکلیف فالجی کیفیت کی وجہ سے ہوتی ہے۔ اسی طرح انتڑیوں اور پیٹ کے عضلات کی فالجی کمزوری کی وجہ سے قبض ہوجاتی ہے اور فضلہ مشکل سے خارج ہوتا ہے۔(صفحہ۳۱۱)

کوکس کیکٹائی

Coccus cacti

(Cochineal)

٭…بہنے والا نزلہ ختم ہونے کے بعد زرد رنگ کی چپکنے والی رطوبت ناک میں جم جاتی ہے۔ ناک صاف کرنے کے بعد سطح پر جلن کا احساس ہوتا ہے۔ اس میں بہت پیاس پائی جاتی ہے۔ ذہنی پژمردگی، خاموشی، اداسی یا بہت باتیں کرنے کی علامات لیکیسس سے ملتی ہیں۔ کوکس میں نزلہ کا اثر معدہ، انتڑیوں یا اندورنی جھلیوں پر بھی ہوتا ہے۔ (صفحہ۳۱۴)

کافیا کروڈا

Coffea cruda

(Unroasted Coffee)

٭…کافیا کے بعض مریضوں کو ہسٹیریا ہوجاتا ہے۔ جذبات کے غلبہ کے نتیجہ میں بے ہوشی طاری ہوتی ہے۔ جذبات کی تحریک سے دندل پڑ جانا (بتیسی بند ہوجاتا )، شدید سر درد، چہرے کے اعصابی درد اور اسہال جاری ہوجانا بھی کافیا کی علامتیں ہیں۔ (صفحہ۳۱۶)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button