ایک احمدی مسلمان کا اعزاز
خداتعالیٰ کے فضل اور حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کی راہنمائی میں ہمارے ایک واقف زندگی بھائی منصور احمد صاحب بنگالی کارکن الشرکۃالاسلامیہ کو سالہاسال سے مختلف حیثیتوں سے سماجی اور قومی خدمات کی توفیق عطا ہورہی ہے۔ اس حوالے سے انہیں متعدد ایوارڈز اور اعزازات سے بھی نوازا جاتا رہا ہے۔ حال ہی میں انہیں ہاؤس آف لارڈز کے ایک ایوارڈ برائے ’’Community Cohesion and Integration‘‘ سے بھی نوازا گیا تھا۔ یہ ایوارڈ اُن خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے جو انہوں نے معاشرے کے مختلف طبقات میں رواداری اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے سرانجام دی ہیں۔ چنانچہ اس حوالے سے ۲۰؍اکتوبر ۲۰۲۳ء کو ہاؤس آف لارڈز میں منعقد کی جانے والی خصوصی تقریب میں یہ بتایا گیا کہ منصور احمد صاحب نے مہنگائی کے بڑھتے ہوئے رجحان کے دوران اپنے معاشرے کے مظلوم طبقات کو زندگی گزارنے میں آسانی پیدا کرنے کے لیے غیرمعمولی محنت سے خدمت بجالانے کی توفیق پائی ہے۔ انہوں نے فوڈ بینک میں نمایاں خدمت کرنے کے علاوہ ضرورت مند افراد کو کھانا مہیا کرنے، ذرائع آمدورفت میں آسانی پیدا کرنے اور غرباء کے لیے عطایا اکٹھے کرنے کا بہت عمدہ کام سرانجام دیا ہے۔ انہوں نے شہریوں کو اُن کے حقوق سے روشناس کروانے، طلبہ کو تعلیمی سہولتیں بہم پہنچانے اور سکولوں کی ترقی کے پروگراموں کے لیے بھی خدمت کی نمایاں توفیق پائی ہے۔ اس سے قبل انہیں اعلیٰ برطانوی سول اعزاز ’’برٹش ایمپائر میڈل‘‘ (BEM)، اکتوبر ۲۰۱۹ء میں BCHA ایوارڈ، ۲۰۲۱ء میں برٹش سٹیزن ایوارڈ، دسمبر ۲۰۲۰ء میں ’’میئرآف لندن بارو آف مرٹن کووڈ۱۹‘‘ ایوارڈ، کمیونٹی ایوارڈز اور سکول گورنر ایوارڈز سے بھی نوازا جاچکا ہے۔
ہاؤس آف لارڈ ز میں منعقدہ حالیہ تقریب میں مذکورہ ایوارڈ دیے جانے کے بعد موصوف نے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور معاشرے کے مجبور طبقات کے لیے کی جانے والی اپنی خدمات کے دائرے کو وسیع کرنے کے لیے عملی جدوجہد کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ ماہ دسمبر کے آغاز میں ماسکو (روس) میں ہونے والی ایک کانفرنس میں موصوف کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کی جانے والی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ایک انٹرنیشنل ہیومینیٹیرین ایوارڈسے بھی نوازا گیا ہے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ: محمود احمد ملک۔ مدیر رسالہ ’’انصارالدین‘‘ لندن)