جماعت احمدیہ کیپ ٹاؤن ساؤتھ افریقہ کا بیت الاول میں پیس سمپوزیم کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کیپ ٹاؤن کو وائسس فار پیس (Voices for Peace)مہم کے تحت فلسطین کی مظلوم عوام کے حق میں مختلف طبقہ ہائے فکر اور مذاہب کے لوگوں کو مدعو کرکے پروگرام کرنے کا موقع ملا۔
یہ پروگرام مورخہ ۲۰؍ دسمبر ۲۰۲۳ء کی شام کو احمدیہ مسجد بیت الاول ایتھلون کیپ ٹاؤن میں منعقد کیا گیا جس میں ۷۰؍ سے زائد مرد و زن اور بچے شامل ہوئے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
پروگرام کا آغاز مکرم توفیق ھرگے صاحب (نیشنل جنرل سیکرٹری)کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ خاکسار نے اللہ تعالیٰ کی صفت سلام کے بارے میں چند کلمات کہے اور دنیا میں امن اور سلامتی اور مظلوم فلسطینیوں کے لیے دعا کروائی۔
پروگرام کے مدعووین میں مختلف طبقہ ہائے فکر کے لوگ شامل ہوئے اور ان سب نے قیام امن کے لیے اپنے اپنے نقطہ ہائے نظر پیش کیے۔ ان میں سے کچھ مقررین نے فلسطین کی صورتحال کو ساؤتھ افریقہ میں ہونے والے مظالم کے ساتھ تشبیہ دی اور یہاں پر ہونے والے نسلی فسادات کے ساتھ جوڑا، کچھ مقررین نے اپنے بیان کے آخر پر اپنے طرز کے مطابق دعائیہ کلمات بھی کہے اور فلسطین اور دنیا میں امن کے خواہاں ہوئے۔
جماعت کی طرف سے ریان ایلم صاحب نے تقریر کی اور جماعت کا موقف بیان کیا۔ علاقے کے کونسلر نے بھی شرکت کی اور جماعت کی اس کوشش کو بہت سراہا۔ کرسچن کونسل آف چرچز ویسٹرن کیپ کے چیئرمین فادر روڈنی وائٹمین نے بھی اپنے خیالات اظہارکیا اور امن کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
پروگرام میں ایک ریفارم یہودی بھی شامل ہوئے جو کہ فلسطین کی آزادی کے لیے کام کرنے والی تنظیم کے ممبر ہیں۔
پروگرام کے آخر پر مقررین کی خدمت میں چند جماعتی کتب بطور تحفہ پیش کی گئیں اور تمام حاضرین کی خدمت میں ریفریشمنٹ پیش کی گئیں۔
(رپورٹ:منصور احمد زاہد۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)