متفرق مضامین

ہومیو پیتھی یعنی علاج بالمثل (معدہ کے متعلق نمبر۱۰) (قسط ۵۳)

(ڈاکٹرحافظ کرامت اللہ ظفر)

(حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ کی کتاب ’’ہومیو پیتھی یعنی علاج بالمثل ‘‘کی ریپرٹری یعنی ادویہ کی ترتیب بلحاظ علامات تیار کردہ THHRI)

آئرس ورسیکولر

Iris versicolor

آئرس ورسیکولر معدے کی کھٹاس کے لیے بہترین دوا ہے۔یہ انتڑیوں اور معدہ کی اندرونی جھلیوں پر بھی اثر انداز ہوتی ہے۔ اس میں درد شقیقہ کی تمام علامتیں پائی جاتی ہیں یعنی معدے کی کھٹاس، متلی کا رجحان، آدھے سر میں درد، جکڑن کا احساس وغیرہ وغیرہ۔ (صفحہ۴۸۳)

یہ بھی کان کے پردہ کی خرابی اور اس میں موجود مائع کا توازن بگڑنے کی وجہ سے آنے والے چکروں کے لیے بہترین دوا ہے۔ معدہ کی خرابی کی وجہ سے جو چکر آتے ہیں ان میں نکس وامیکا اور برائیونیا مفید ہے۔ (صفحہ۴۸۳)

پیٹ میں بہت ہوا بنتی ہے جس کی وجہ سے درد کا دورہ پڑجاتا ہے۔ کبھی قبض اور کبھی اسہال شروع ہوجاتے ہیں۔ ہرپیز (Herpes)میں بھی یہ مفید دواہے بشرطیکہ معدے کی خرابی سے اس کا تعلق ہو۔ اس میں ہر قسم کی جلدی امراض بھی پائی جاتی ہیں لیکن محض جلدی امراض کی علامتوں کے ذریعہ اس کی پہچان ممکن نہیں۔ اسے زیادہ تر معدے کی علامتوں سے پہچانا جاتا ہے۔ (صفحہ۴۸۳-۴۸۴)

کالی بائیکروم

Kali bichromicum

(Bichromate of potash)

معدہ میں تیزابیت زیادہ ہوجائے تو زخم بننے لگتے ہیں۔ انتڑیوں میں یا کہیں اور زخم یا ناسور پائے جائیں تو یہ معلوم کرنا چاہیے کہ مریض کی علامات کسی پوٹاشیم کے نمک سے تو نہیں ملتیں۔ (صفحہ۴۸۶)

کالی بائیکروم معدے کی تکلیفوں میں بھی مفید ہے۔ معدے میں ناسور اور کینسر کی بیماریاں بیک وقت کسی ایک مریض میں شاذ ہی ہوسکتی ہیں۔ یا وہ کینسر کا مریض ہوگا یا ناسوروں کا۔ کالی بائیکروم کا مریض معدے کے ناسوروں کا مریض ہوتا ہے۔معدے کی تکلیفوں میں کالی بائیکروم کی علامتیں ملتی ہوں تو فوراً اسے شروع کروا دینا چاہیے تاکہ بیماری سنگین صورت نہ اختیار کرسکے۔ (صفحہ۴۸۶۔۴۸۷)

متلی اور قے کا رجحان :قے میں غیر ہضم شدہ خوراک نکلتی ہے جس میں صفراء کے علاوہ خون کی آمیزش بھی ہوتی ہے۔بلغم بھی نکلتی ہے جو لیس دار دھاگے کی طرح ہوتی ہے۔ شراب کے رسیا لوگوں کی متلی کے لیے یہ چوٹی کی دوا بیان کی جاتی ہے۔کالی بائیکروم بڑی آنت کے زخموں یعنی Ulcerative Colitisمیں بھی فائدہ مند ہوسکتی ہے۔ یہ بہت ضدی بیماری ہے۔ ابھی تک اس کا نمایاں طور پر مؤثر علاج دریافت نہیں ہوسکا ہے۔ معدے کے نزلے میں بھی کالی بائیکروم مفید ہے۔ سردی لگنے سے معدہ میں کمزوری اور نقاہت کا احساس ہوتا ہے اور اخراجات میں بلغم پیدا ہونے لگتی ہے اور طبیعت بد مزہ ہوجاتی ہے۔ (صفحہ۴۹۰۔۴۹۱)

کالی بائیکروم میں اسہال اور اجابت کے وقت درد ہوتا ہے یا حرکت سے درد ہوتا ہے۔ اجابت کے وقت انتڑیوں میں ہونے والی حرکت سے جگر میں ٹانکہ بھرنے کی طرح کا چبھنے والا درد ہوتا ہے۔ تلی میں بھی چبھن کا احساس ہوتا ہے۔ پیٹ میں بہت ہوا پیدا ہوتی ہے اور نفخ کی علامات ظاہر ہوجاتی ہے۔ جسم میں ہلکے ہلکے درد کا احساس رہتا ہے انتڑیوں میں دکھن ہوتی ہے۔اسہال سے قبل معدے میں کمزوری اور ڈوبنے کا احساس پیدا ہوتا ہے۔ متلی کے ساتھ قے ہونے لگتی ہے پھر اسہال شروع ہوجاتے ہیں۔ کالی بائیکروم میں اسی ترتیب سے یہ علامتیں پیدا ہوتی ہیں۔ سلفر کی طرح صبح کے وقت اسہال شروع ہوتے ہیں۔ ایسے اسہال میں جن کا رنگ مٹیالا ہو کالی بائیکروم بہت کام کرتی ہے۔ (صفحہ۴۹۲)

کالی بائیکروم کی نزلاتی تکلیفیں سردیوں کے نمدار موسم میں زیادہ ہوجاتی ہیں۔ گرمیوں میں برسات کے موسم میں اسہال لگ جاتے ہیں۔ بستر میں لیٹ کر آرام محسوس ہوتا ہے۔(صفحہ۴۹۳)

کالی کارب

Kali carbonicum

اگر انتڑیوں میں زخموں کے داغ ہوں تو بعض اوقات ان کی وجہ سے اجابت کے ساتھ خون آنے لگتا ہے۔ یہ علامت اینٹی مونیم کروڈ میں بھی پائی جاتی ہے لیکن فرق یہ ہے کہ اس میں کالی کارب کی طرح نرم اجابت نہیں بلکہ سخت اجابت ہوتی ہے۔ بعض اوقات کالی کارب میں بھی سخت قبض کی علامت پائی جاتی ہے جس کے ساتھ خون کی آمیزش بھی ہوتی ہے لیکن یہ عام دستور نہیں۔ (صفحہ۴۹۶)

کالی کارب میں پیٹ میں شدید درد، بے چینی اور تشنج کے علاوہ خون بھی آتا ہے۔ کالی کارب میں کئی قسم کے درد ملتے ہیں۔پیٹ میں شدید درد بے چینی اور تشنج کے ساتھ خون کا اخراج پیچش میں اکثر دواؤں میں پایا جاتا ہے۔لہٰذا ضروری ہے کہ ہر دوا کی خصوصی علامات سے اسے پہچانا جائے۔ کالی کارب بعض اوقات نکس وامیکا کے غلط استعمال کا علاج بن جاتی ہے خصوصا ً اگر نکس وامیکا کے زیادہ استعمال سے اسہال لگ جائیں یا سر درد شروع ہوجائے تو اسہال کے لیے کالی کارب اور سر درد کے لیے جلسیمیم بہترین دوائیں ہیں۔ اگر نکس وامیکا دیتے دیتے ایک دم اسہال شروع ہوجائیں تو کالی کارب کی ایک دو خوراکوں سے ہی خدا کے فضل سے مریض صحت یاب ہوجاتا ہے۔ لیکن اسے زیادہ دیر استعمال نہ کریں ورنہ قبض ہوجائے گی۔ اگر ایک دو خوراکوں سے فائدہ ہوجائے تو اسے بند کردیں۔ (صفحہ۴۹۶-۴۹۷)

کالی کارب میں بواسیر کے ٹیومر گو ل گول مسوں کی بجائے لمبی غدودوں کی شکل میں پائے جاتے ہیں جن میں شدید جلن ہوتی ہے۔ ٹھنڈے پانی سے وقتی طور پر آرام آتا ہے اور جلن کی شدت میں کمی آجاتی ہے۔کالی کارب کی پیٹ کی خرابیوں میں درد ضرور ہوتا ہے مثلاً پیچش ہوگی تو درد کے ساتھ ہوگی البتہ اسہال عموما ًبغیر درد کے ہوتے ہیں جو قبض سے ادلتے بدلتے رہتے ہیں۔(صفحہ۵۰۰)

بڑھی ہوئی غدودوں خصوصاً رحم کی بڑھی ہوئی غدودوں سے کالی کارب کا بھی تعلق ہے۔ اگر دیگر علامتیں بھی ملتی ہوں تو حمل کی قے میں بھی استعمال ہوتی ہے۔ (صفحہ۵۰۰)

شدید کھانسی میں جس میں الٹی بھی آتی ہو بہت مفید ہے۔ خسرہ کے بعد کھانسی کا حملہ ہوتو بھی کالی کارب مفید ثابت ہوتی ہے۔(صفحہ۵۰۰)

کالی میور

Kali muriaticum

(Chloride of potassium)

کالی میور میں پیٹ میں ہوا بھی ہوتی ہے۔ پیٹ کے کیڑے جو خارش پیدا کرتے ہیں ان میں مفید ہے۔ اگر قبض ہوتو جگر بھی متاثر ہوتا ہے اور اجابت مٹیالے رنگ کی ہوتی ہے یا بالکل ہلکی اور پھیکی رنگت کی ہوتی ہے۔ ان علامات میں کالی میور فراموش نہیں کرنا چاہیے۔ بواسیر کے مسے بھی بنتے ہیں جن سے خون بہتا ہے۔ (صفحہ۵۰۳-۵۰۴)

کالی فاسفوریکم

Kali phosphoricum

(Phosphate of potassium)

سر کو حرکت دینے سے چکروں کا احساس ہوتا ہے۔ اسی طرح جب پیٹ کی ہوا معدہ میں اچانک لرزہ پیدا کرتی ہے تو اس حرکت سے بھی توازن بگڑ جاتا ہے اور چکر آتے ہیں۔(صفحہ۵۰۹)

جگر اور انتڑیوں کی سوزش میں کالی فاس اچھی دوا ہے۔ مریض کے کسی بات پر چڑ جانے سے انتڑیوں میں جو تکلیفیں پیدا ہوتی ہیں انہیں کالی فاس ٹھیک کرتی ہے۔ بعض دفعہ اچانک پیچش ہوجاتی ہے اور پیٹ میں بل پڑنے لگتے ہیں۔ ایسی صورت میں کالی فاس کی ایک دو خوراکیں ہی بہت مؤثر ثابت ہوتی ہیں۔یاد رکھیں کہ اگر نظام ہضم اعصابی ہیجان کی وجہ سے خراب ہوتو کالی فاس ہی فائدہ دے گی۔ (صفحہ۵۱۱)

کالی فاس میں اگر کسی خوف اور دہشت کی وجہ سے اسہال شروع ہوں تو وہ پانی کی طرح پتلے اور سخت بدبو دار ہوتے ہیں اور کمزوری پیدا کردیتے ہیں۔ کالی فاس کی پیچش میں اکثر خون کے بغیر آؤں آتی ہے لیکن کبھی کبھی جب مرض بہت بڑھ جائے تو خالص خون آنے لگتا ہے۔ اعصاب کے اضطراب کی وجہ سے سخت بے چین کرنے والی حرکت ہوتی ہے اور انتڑیاں ایک دوسرے کے ساتھ رگڑتی ہیں تو سوزش کے نتیجہ میں ان سے جو لعاب نکلتا ہے وہ آؤں کہلاتا ہے۔ پھر خون جاری ہوجاتا ہے۔ (صفحہ۵۱۱-۵۱۲)

کالی سلفیوریکم

Kali sulphuricum

(Sulphate of potash)

کھانے پینے کے بعد معدےمیں درد، جلن اور تشنج، کھانسنے پر قے جس میں غیر ہضم شدہ غذا کے علاوہ بلغم ہوتی ہے۔ کھانے کے بعد پیٹ میں ہوا بھر جاتی ہے،تناؤ کا احساس بڑھ جاتا ہے اور ہوا باہر نہیں نکلتی۔ پھلپھلی ورمیں جو جگر کی خرابی سے پیدا ہوتی ہیں مختلف اعضاء یا چہرے پر دکھائی دیتی ہیں۔ رات کو پیٹ میں درد اور دکھن کا احساس ہوتا ہے۔ سخت قبض اسہال اور ادلتی بدلتی رہتی ہے۔بواسیر کے مسے بیرونی سطح کے علاوہ اندر بھی ہوتے ہیں جن میں خون بہنے کا رجحان ہوتا ہے۔ (صفحہ۵۱۸)

کالی سلف میں اجابت کے بعد پیٹ میں مروڑ اٹھتے ہیں۔ مرک کار میں بھی یہ علامت ہے۔ اس میں اجابت کے دوران درد ہوتا ہے جو بعد میں بھی جاری رہتا ہے۔ اسہال پتلے سیاہی مائل، چھیلنے والے اور بدبو دار ہوتے ہیں۔(صفحہ۵۱۸)

کرئیو زوٹم

Kreosotum

معدے میں بھی تیزابیت، قے اور متلی کا رجحان ملتا ہے۔ قے کا مواد گلے میں جلن اور خراش پیدا کرتا ہے۔ منہ کا ذائقہ خصوصاً پانی پینے کے بعد کڑوا معلوم ہوتا ہے۔ معدے میں درد جسے کچھ کھانے سے آرام ہو مگر کھانے کے بعد قے ہوجاتی ہو۔گرم غذا کھانے سے مریض بہتر محسوس کرتا ہے جبکہ ٹھنڈی غذا سے بیماریوں میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ معدے میں کھچاؤ اور ٹھنڈک محسوس ہوتی ہے۔ (صفحہ۵۲۲)

کینسر کے رجحان والے مریض میں بھی کرئیو زوٹ مفید ہے خصوصا ًمعدے کے کینسر کے آغاز میں کونیم کے ساتھ ملا کر دی جائے تو فائدہ ضرور پہنچاتی ہے۔بیماری کی پوری علامتیں ظاہر ہونے سے پہلے ہی اگر کرئیوزوٹ کی علامتیں نظر آئیں تو فوراً شروع کروا دینی چاہیے ورنہ اگر یہ کینسر ایک دفعہ شروع ہوجائے تو اسے سنبھالنا ناممکن ہوتا ہے۔(صفحہ۵۲۲)

کرئیوزوٹ گرمیوں کے اسہال میں بھی کام آتی ہے کیونکہ سخت گرم موسم میں جو اسہال شروع ہوجائیں ان میں بسااوقات کرئیوزوٹ کی علامتیں پائی جاتی ہیں۔ اسی طرح یہ دوا ذیابیطس کے مریض کو بھی مکمل شفا بخشنے کی طاقت رکھتی ہے۔(صفحہ۵۲۳)

کرئیوزوٹ میں زبان پر سفیدی مائل تہ جم جاتی ہے۔ کھلی ہوا، سردی کے موسم، ٹھنڈے پانی اور نہانے سے اور لیٹنے سے تکلیفیں بڑھتی ہیں جبکہ گرمی سے عموماً تکلیف کم ہوجاتی ہے سوائے اس کے کہ سخت گرمی کے اثر سے اسہال شروع ہوجائیں۔ (صفحہ۵۲۳)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button