قومی کمیشن برائے شہری تعلیم گھانا (NCCE) کی چیئرمین کا احمدیہ مسلم مشن ہیڈکوارٹرز گھانا کا دورہ
NCCE یعنی قومی کمیشن برائے شہری تعلیم جمہوریہ گھانا ایک آزاد، غیرجانبدارانہ حکومتی ادارہ ہے جس کا مقصد جمہوریت کو فروغ دینے اور اسے برقرار رکھنے کے لیے کام کرنا ہےنیز یہ کمیشن گھانا کے شہریوں میں شہری تعلیم کے ذریعہ ان کے حقوق اور ذمہ داریوں کے بارے میں آگاہی پیدا کرتا ہے۔
یہ کمیشن جماعت احمدیہ گھانا سے بھی بھرپور تعاون حاصل کرتا رہتا ہے جیساکہ گذشتہ دو سالوں سے ایک چیئرپرسن احمدیہ مسلم مشن گھانا کا دورہ کرکے تعاون کی اپیل کرتی ہیں۔ چنانچہ NCCE یعنی نیشنل کمیشن فار سوک ایجوکیشن گھانا کی چیئرپرسن مس کیتھلین ایڈی (Ms. Kathleen Addy) نے مورخہ ۱۸؍ دسمبر۲۰۲۳ء بروز پیر احمدیہ مسلم مشن گھانا کا دورہ کیا۔
یہ میٹنگ صبح دس بجے تلاوت قرآن کریم اور دعا سے شروع ہوئی اور قریبا ًڈیڑھ گھنٹہ جاری رہی۔ حاضرین مجلس کے بعض اراکین نے اس ادارہ کو بعض مفید تجاویز بھی دیں جنہیں سراہا گیا۔ امسال کی میٹنگ میں مکرم الحاج مولوی نور محمد بن صالح صاحب امیرو مشنری انچارج گھانا، نیشنل مجلس عاملہ کے منتخب ممبران، بعض مرکزی مبلغین اور خاکسار میٹنگ میں شامل ہوئے۔
سیکرٹری امور خارجہ وجنرل سیکرٹری نے ان کی آمد کا مقصد بیان کیا۔ نیزاس تقریب میں موجود نائب امرائے جماعت گھانا،مرکزی عاملہ و مرکزی مبلغین کا مختصر تعارف کروایا۔ بعدہ مکرم امیر صاحب گھانا نے انہیں خوش آمدید کہا۔ اس کے بعد NCCE گھانا کی نیشنل چیئرپرسن نے اپنی آمد کا مقصد بتایا کہ جس طرح ماضی میں جماعت احمدیہ اس ادارہ کے ساتھ شہریت و سماجی مسائل کی اصلاح میں تعاون کرتی ہے اسی طرح امسال ۲۰۲۴ءملکی انتخابات کے دوران عوام میں آگاہی مہم کے سلسلہ میں تعاون کریں کہ دوران الیکشن کسی قسم کا کوئی پُر تشدد واقعہ نہ ہو، نہ ہی ایک دوسرے کی حق تلفی ہو اور ایک مفید شہری ہونے کی حیثیت سے تمام گھانین اپنے فرائض ادا کریں۔ یہ تقریب اجتماعی دعا کے ساتھ صبح ساڑھےگیارہ بجے اختتام پذیر ہوئی۔ معزز مہمان نے اس تقریب کے آخر میں احمدیہ وزیٹر بک گھانا پر اپنے تاثرات بھی درج کیے اور جماعت احمدیہ گھانا کے تعاون کی یقین دہانی کا شکریہ ادا کیا۔
(رپورٹ: احمد طاہر مرزا۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)