سنٹرل ریور ریجن گیمبیا میں ایک نئی مسجد کا افتتاح
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مغربی افریقہ کے ملک گیمبیا کے سنٹرل ریور ریجن کو اپنی ایک جماعت سانڈا (Saanda) میں نئی مسجد کی تعمیر اور مورخہ ۱۲؍ جنوری ۲۰۲۴ء کو اس کے افتتاح کی توفیق ملی۔
مسجد کے افتتاح کی تقریب بروز جمعۃ المبارک ہوئی جس میں جماعت احمدیہ گیمبیا کے نائب امیر اول و مبلغ انچارج محمود احمد طاہر صاحب اور نائب امیر دوم ابراہیم جم جاؤ صاحب کے علاوہ مختلف ریجنز کے ایریا مشنریز بھی شامل ہوئے۔
تقریب کا آغاز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ سے ہوا اور تقریباً ۳۵۰؍ افراد بشمول غیر احمدیوں کے سب نے مسجد میں بیٹھ کر ایم ٹی اے پر خطبہ جمعہ سنا۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد افتتاح کی باقاعدہ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد حفاظت احمد نوید صاحب مبلغ سلسلہ و ایریا مشنری سنٹرل ریور ریجن نے مسجد کی تعمیر کے بارے میں مختصر رپورٹ پیش کی۔مسجد ایک سال سے بھی کم عرصے میں مکمل ہوئی اور اس مسجد کی تعمیر کے لیے ایک احمدی دوستنے رقم مہیا کی ہے۔اللہ تعالیٰ ان کے اموال ونفوس میں برکت عطا فرمائے۔آمین۔ مسجد کا رقبہ ۱۰۰؍ مربع میٹر ہے اور اس میں تقریباً ۲۰۰؍ کے قریب افراد نماز ادا کرسکتے ہیں۔
نائب امیر صاحب نے اپنی تقریر میں احباب کو مسجد کی اہمیت اور اس کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ بعد ازاں علاقہ کی معروف شخصیات نے اظہار خیال کیا اور جماعت احمدیہ کا اس عظیم خدمت پر شکریہ ادا کیا۔
اس پُروقار اور مبارک تقریب میں گورنر کے نمائندہ، علاقہ کے چیف، قریبی گاؤں کی مساجد کے ائمہ اور دیگر غیر از جماعت احباب نے شمولیت اختیار کی۔ پروگرام سے قبل ناشتہ اور نماز جمعہ کے بعد تمام حاضرین کی خدمت میں دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا۔
مکمل تقریب کوایم ٹی اے گیمبیا نے اور ملک کے معروف ریڈیو چینل لائٹ ایف ایم نے کوریج دی۔
(رپورٹ: مسعود احمدطاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)