نائیجر میں نیشنل سطح پر معلمین اور لجنہ ممبرات کے ریفریشر کورسز کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ نائیجر کو مورخہ ۳۰ و ۳۱؍دسمبر ۲۰۲۳ء کو منتخب ممبرات لجنہ اماء اللہ اور تمام معلمین سلسلہ کے ریفریشر کورسز منعقد کرنے کی توفیق حاصل ہوئی جس میں ملک کے تمام ریجنز سے معلمین سلسلہ اور ان کی بیگمات کے علاوہ ریجنز کی طرف سے نمائندہ کے طور پر بعض ممبرات لجنہ کو مدعو کیا گیا۔
چنانچہ ۲۹؍ دسمبر کی رات تک تمام مہمانانِ کرام نیامے پہنچ گئے اور ۳۰ و ۳۱؍ دسمبر کو باقاعدہ انتظام کے تحت تمام پروگرامز منعقد ہوئے بعدازاں یکم جنوری ۲۰۲۴ء کو اجتماعی نماز تہجد اور وقار عمل کے بعد واپس روانگی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
معلمین کے لیے منعقدہ ریفریشر کورس میں تربیتی لیکچرزاورمجلس سوال و جواب منعقد ہوئی۔ چند دلائل قرآن و احادیث سکھائے گئے۔ نیز بعض ورزشی مقابلہ جات کا انعقاد بھی کیا گیا۔ اس پروگرام میں معلمین کی کُل تعداد بیس رہی۔ اختتامی تقریب کے موقع پر مکرم اسد مجیب صاحب امیر و مشنری انچارج نائیجر نے معلمین کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایات کی روشنی میں تبلیغ و تربیت کے امور بہتر رنگ میں انجام دینے کے حوالہ سے نصائح کیں۔
اسی طرح لجنہ کے پروگرام میں تربیتی لیکچرز اور مجالس سوال و جواب میں چند دلائل قرآن و احادیث سکھائےگئے۔ ایک ورکشاپ میں پرفیوم بنانے اور سلائی کی بھی ٹریننگ دی گئی۔ اسی طرح کوکنگ کلاسز بھی ہوئیں ۔ نیز علمی و ورزشی مقابلہ جات کا بھی انعقاد ہوا۔ صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ نائیجر نے آخر پر تمام شاملین کا شکریہ ادا کیا ۔ اس پروگرام میں لجنہ کی کُل تعداد ۵۰؍ سے زائد رہی۔ الحمد للہ علی ذالک
(رپورٹ: کوثر جمیل۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)