مجلس خدام الاحمدیہ و مجلس انصار اللہ بیلجیم کی طرف سے اولڈ ہومز اور گرجا گھروں میں تحائف کی تقسیم
مجلس خدام الاحمدیہ بیلجیم کی مساعی
مجلس خدام الاحمدیہ بیلجیم کو ماہ دسمبر ۲۰۲۳ء میں شعبہ خدمتِ خلق کے تحت ۲۷؍ اولڈ ہاؤسز کا دورہ کرنے کی توفیق ملی جہاں ۲۹۰۰؍ سے زائد بزرگ افراد سے مل کر انہیں چاکلیٹ، وافل(روایتی کیک)، گلاب کے پھول اور نئے سال کے کارڈ تحائف میں دیے گئے۔ اس موقع پر کئی ایسے بزرگ تھے جو خدام و اطفال سے مل کر آبدیدہ ہو گئے اور کہنے لگے کہ کبھی ہمارے اپنےبچے ہم سے ملنے نہیں آئے اور آپ کا ہم سے کوئی دنیاوی رشتہ بھی نہیں۔ پھر بھی آپ سب اس خوشی کے موقع پر ہم سے ملنے آئےہیں ۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ کاش! اس دنیا کے تمام نوجوان جماعت احمدیہ کے نوجوانوں کی طرح ہو جائیں تو یہ دنیا بہت خوبصورت ہو جائے گی۔ ایک بزرگ خاتون نے ایک طفل کو کہا کہ میں ہرسال آپ لوگوں کے آنے کا انتظار کرتی ہوں۔
ہیومینٹی فرسٹ بیلجیم کو دوران ماہ رفیوجی (Refugee) سنٹر اور ہسپتال کے دورہ کا موقع ملا جس میں بیمار بچوں میں گفٹ تقسیم کیے گئے اور رفیوجی سنٹر میں ۴۰؍ بچوں کو گفٹ اور ۱۰۰؍بےگھر افراد میں کھانا تقسیم کیا گیا۔
مجلس انصاراللہ بیلجیم کی مساعی
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ بیلجیم کو گذشتہ سال(۲۰۲۳ء) بھی ملک کے مختلف شہروں اور دیہات کےگرجا گھروں میں حقیقی اسلام کے پیغام کے ساتھ کرسمس اور سال نو کے موقع پر پھولوں اور چاکلیٹس کے تحائف پیش کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ۔ اس پروگرام کی تیاری کی غرض سے چند ہفتے پہلے بہت سے گرجا گھروں کی انتظامیہ سے رابطہ کیا گیا اوراس طرح ۳۴؍ گرجا گھروں کی انتظامیہ کی طرف سے اجازت مل سکی۔
اس پروگرام کا آغاز ۲۴؍ دسمبر بروز ہفتہ بعد دوپہر ہوا جس کا اختتام ۲۵؍ دسمبر کو ہوا۔ پہلے سے طے شدہ طریق کے مطابق مربیان سلسلہ اور انصار مقررہ گرجا گھروں میں تشریف لے گئے جہاں انتظامیہ کی طرف سے خوش آمدید کہا گیا۔ پادری صاحبان نے کرسمس کی مناسبت سے اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے بعد مربیان سلسلہ اور خدام کو حاضرین سے مخاطب ہونے کی دعوت دی۔ چنانچہ اس اہم موقع پرحاضرین کو مبارک باد پیش کرنےکے ساتھ اسلام کے مختلف مذاہب کے ساتھ بھائی چارہ اور امن کی تعلیم اور اسلام احمدیت کا تعارف پیش کرنے کا موقع ملا جس کے بعد پادری صاحبان کو خصوصی تحائف اور پھول پیش کیے گئے۔ اسی طرح تقریب میں شامل تمام حاضرین کو امن اور بھائی چارے کے پیغام پر مشتمل تیار کیے گئے سٹکرز کے ساتھ پھولوں اور چاکلیٹس کےتحائف پیش کیے گئے۔
اس موقع پر حاضرین نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس بات کی بے حد خوشی ہے کہ ہماری اس تقریب میں دوسرے مذاہب کے لوگ بھی شریک ہیں۔ بعدازاں خوبصورت تحائف پیش کیے گئے۔ الحمدللہ پروگرام کے بعد کئی غیرازجماعت احباب نے جماعت کی سرگرمیوں کے متعلق پوچھا اور اسی موقع پر جماعت کی سرگرمیوں کا مختصر تعارف بھی پیش کیا گیا۔
اس پروگرام میں چودہ مجالس کے ۱۱۷؍ ممبران جماعت کو خدمت کی سعادت ملی جن میں ۴۶؍ انصار کے علاوہ ۳۷؍ خدام، ۵؍ ممبرات لجنہ و ناصرات اور ۲۰؍ اطفال شامل تھے۔ انہیں ۲۸؍ گرجا گھروں میں ۲۹۰۰؍ پھول اور ۲۳۰۰؍چاکلیٹس بطور تحائف پیش کرنے کی توفیق ملی۔ فجزاہم اللہ تعالیٰ احسن الجزاء
اسی طرح اس پروگرام کے ذریعہ تقریباً ۵۵۰۰؍ غیراز جماعت احباب تک جماعت احمدیہ کا پیغام پہنچانے کی توفیق ملی، الحمدللہ۔ اس موقع پر پادری صاحبان نے ملاقاتوں کے دوران اظہار تشکر کے علاوہ اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ دوران سال بھی ان روابط کو قائم رکھا جائے۔
(رپورٹ: چودھری طاہراحمدگِل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)